۴۰؍ سال پرانے نظام کو پوری طرح تبدیل اور اے آئی سے لیس کیا جارہاہے، آن لائن پر خصوصی توجہ ، ۸۸؍ فیصد ٹکٹ آن لائن بک ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 09, 2026, 1:13 PM IST | New Delhi
۴۰؍ سال پرانے نظام کو پوری طرح تبدیل اور اے آئی سے لیس کیا جارہاہے، آن لائن پر خصوصی توجہ ، ۸۸؍ فیصد ٹکٹ آن لائن بک ہوتے ہیں۔
ہندوستانی ریلوے اپنے۴۰؍سال پرانے پیسنجر ریزرویشن سسٹم کو مکمل طور پر تبدیل کرنے جار ہاہے۔ نیا سسٹم اے آئی کی مدد سے یہ ٹکٹ بک کرتے وقت ہی یہ بتائے گا کہ ویٹنگ ٹکٹ کنفرم ہوگا یا نہیں۔ ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے افسران کے ساتھ میٹنگ میں اگست سے ٹرینوں کو نئے سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
موجودہ ریزرویشن سسٹم ۱۹۸۶ءمیں شروع کیا گیا تھا۔ گزشتہ ۴۰؍ برسوں میں اس میں کئی چھوٹی تبدیلیاں کی گئیں لیکن اب جدید تکنالوجی کی مدد سے اسے مکمل طور پر نیا بنایا گیا ہے تاکہ اس کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔ ریلوے کے مطابق ’اَپ گریڈ‘ کا مقصد بکنگ کی صلاحیت بڑھانا اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہے۔ : ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ سسٹم اپ گریڈ کرتے وقت مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے منتقلی کے عمل کو ہموار اور شفاف بنانے پر زور دیا۔
ریلوے بکنگ میں زیادہ توجہ آن لائن بکنگ پر مبذول کی گئی ہے کیوں کہ ملک میں مجموعی ٹکٹنگ ڈیمانڈ کا تقریباً۸۸؍فیصد حصہ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے پورا ہو رہا ہے۔ ۲۰۰۲ء میں انٹرنیٹ ٹکٹنگ کی شروعات ایک بڑا سنگ میل تھی، جس کے بعد اب زیادہ تر لوگ کاؤنٹر کے بجائے موبائل سے ٹکٹ بک کرنا پسند کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سویگی کا خسارہ ۳۳؍ فیصد بڑھ کر۴۱۵۴؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا
اس کیلئے ’ریل ون ‘ ایپ متعارف کرایاگیاہے۔ گزشتہ سال جولائی میں لانچ کئے گئے اس ایپ کو ایک سال سے بھی کم عرصے میں ۳ء۵؍ کروڑ سے زیادہ افراد ڈاؤن لوڈکر چکے ہیں۔
گوگل پلے اسٹور سے اسے۳ء۱۶؍کروڑ اور ایپل کے آئی او ایس سے۳۳ء۱۷؍لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے۔ پہلے ویٹنگ ٹکٹ کنفرم ہونے کے امکانات بتانے کی درستگی۵۳؍ فیصد تھی جو اَب اے آئی پر مبنی ’’پیش گوئی ‘‘کی مدد سے بڑھ کر۹۴؍فیصد ہو گئی ہے۔ اب مسافر وں کو ٹکٹ بک کرتے وقت ہی معلوم ہو جائے گا کہ اس کی سیٹ کنفرم ہوگی یا نہیں۔ ’ریل ون ‘کے ذریعے روزانہ ملک بھر میں ۹ء۲۹؍لاکھ ٹکٹ بک کئےجا رہے ہیں۔ ان میں ۷ء۲؍ لاکھ ان ریزروڈ یعنی جنرل اور پلیٹ فارم ٹکٹ ہوتے ہیں جبکہ۲ء۰۹؍ لاکھ ریزروڈ ٹکٹ شامل ہیں۔