• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راج ٹھاکرے کی دیویندر فرنویس سے ملاقات ، چہ میگوئیاں، ایم این ایس سربراہ نے کہا شہری مسائل پر گفتگو

Updated: August 21, 2025, 10:57 PM IST | Mumbai

ایک روز قبل ہی بیسٹ الیکشن میں شیوسینا(ادھو) اور ایم این ایس کے امیدواروں کو شکست فاش ہوئی۔ اس کے اگلے ہی دن یعنی جمعرات کو ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی جس کے بعد سیاسی حلقوںمیں ایک بار پھر چہ میگوئیاں ہونے لگیں۔

Raj Thackeray and Farnborough have met several times.
راج ٹھاکرے اور فرنویس کئی بار مل چکے ہیں

ایک روز قبل ہی بیسٹ الیکشن میں شیوسینا(ادھو) اور  ایم این ایس کے امیدواروں کو شکست فاش ہوئی۔ اس کے اگلے ہی دن یعنی جمعرات کو ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی جس کے بعد سیاسی حلقوںمیں ایک بار پھر چہ میگوئیاں ہونے لگیں۔ یاد رہے کہ فرنویس اور راج ٹھاکرے کی کئی بار ملاقات ہو چکی ہے لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے راج ٹھاکرے مراٹھی اور غیر مراٹھی معاملے پر مسلسل وزیر اعلیٰ کے خلاف بیان دے رہے ہیں ۔ ایسی صورت میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔
شہری مسائل پر گفتگو: راج ٹھاکرے
 البتہ ملاقات کے بعد راج ٹھاکرے نے ایک پریس کانفرنس   منعقد کرکے وضاحت کی کہ ان کے اور وزیر اعلیٰ کے درمیان شہری مسائل پر گفتگو ہوئی۔ ایم این ایس سربراہ نے کہا ’’ کچھ اہم مسائل سے متعلق گفتگو کیلئے میں نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔ شہری منصوبہ بندی میرا پسندیدہ موضوع ہے۔ شہر کے کچھ علاقوں میں ری ڈیولپمنٹ کا کام جاری ہے۔ جہاں پہلے ۵۰؍ افراد رہتے تھے وہاں اب ۵۰۰؍ لوگ رہ رہے ہیں ۔ ایسی صورت میں  ان کی گاڑیاں بڑھ گئی ہیں، کچرا بڑھ گیا ہے،  یہ سب اب راستے پر آنے لگا ہے اور راستے پر افراتفری مچی ہوئی ہے۔ ‘‘
  انہوں نے کہا ’’ ہم یہاں کبوتر اور ہاتھی کی بحث میں الجھے ہوئے ہیں ۔ اس کی وجہ سے شہر کے اہم مسائل کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ آج شہر میں ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے۔ اسے انظر انداز کرنے سے کام نہیں چلے گا۔  اسی پر گفتگو کرنے کیلئے آج میں نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ ‘‘ راج ٹھاکرے کے مطابق ’’ میں نے وزیر اعلیٰ کو تجویز پیش کی کہ کھیل کے میدانوں پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے میدان بھی محفوظ رہیں گے۔  پارکنگ اور نو پارکنگ  والے علاقوں کا تعین کیا جائے ، نیز ٹریفک کے اصولوں کی  خلاف ورزی کرنے والوں پر لگنے والے جرمانے میں اضافہ کیا جائے۔‘‘ 
وزیر اعلیٰ نے کیا کہا؟
 راج ٹھاکرے نے بتایا کہ یوں تو اس وقت گزشتہ ۲؍ دنوں کی بارش کے دوران  شہر کی بدصورتحال  پر گفتگو ہونی چاہئے تھی لیکن آج کی ملاقات میں ٹریفک کے مسائل پر بات ہوئی۔ اس پر بعدمیں بات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام معاملات کو غور سے سنا اور مثبت جواب دیا۔ انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا۔ 
ایسی ملاقات میں کوئی قباحت نہیں ہے: سنجے رائوت
  یاد رہے کہ ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے آئندہ میونسپل الیکشن ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔  میونسپل الیکشن سے قبل بیسٹ کے الیکشن ہوئے کہاں کئی سال سے شیوسینا (ادھو) کا قبضہ تھا لیکن اس بار ان کے تمام امیدوار ہار گئے۔ ایم این ایس کے امیدوار بھی جیت نہیں پائے۔ ایسی صورت میں راج ٹھاکرے اور فرنویس کی ملاقات معنی رکھتی ہے۔ اس سوال پر شیوسینا (ادھو) کے ترجمان) سنجے رائوت نے کہا ’’ اگر ان دونوں لیڈران کی ملاقات ہوتی ہے تو ہنے دیجئے ۔ اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ یہ دونوں پہلے بھی کئی بار مل چکے ہیں۔‘‘ سیاسی گفتگو کے تعلق سے پوچھنے پر رائوت نے کہا’’ اگر دونوں کے درمیان اگر کوئی سیاسی گفتگو بھی ہوئی ہو تو اس میں بھی کوئی برائی نہیں ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK