Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرنویس کو دن رات راہل گاندھی کا ہی خوف ہے: سپکال

Updated: August 26, 2025, 12:19 PM IST | Agency | Mumbai

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے کہا کہ اصل ’جھوٹا‘ دہلی میں بیٹھا ہے اور مہاراشٹر میں ’چور وزیر‘ ہے۔

Harsh Vardhan Sapkal. Photo: INN
ہرش وردھن سپکال۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو راہل گاندھی کے خلاف نفرت کی عادت ہو گئی ہے۔ وہ آئے دن صرف راہل گاندھی پر ہی حملے کرتے رہتے ہیں اور انہیں دن رات انہی کا خوف ستاتا ہے۔ اصل ’جھوٹا‘ دہلی میں بیٹھا ہے اور مہاراشٹر میں ’چور وزیر‘ ہے۔ اورنگ آباد میں مراٹھواڑہ کے ۵؍ اضلاع کی کانگریس کا جائزہ اجلاس منعقد کیاگیا جس میں ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے سینئر رکن بالاصاحب تھورات، سابق وزیر مدھوکر چوہان، رکن اسمبلی امیت دیشمکھ، ڈاکٹر وشو جیت کدم، اے آئی سی سی کے سیکریٹری کنال چودھری، رکن پارلیمنٹ کلیان کالے، سیوا دل کے ریاستی صدر ولّاس اوتاڑے، رکن اسمبلی راجیش راٹھوڑ، کانگریس ضلع صدر کرن پاٹل ڈونگاوں کر، شہر صدر یوسف شیخ سمیت کئی ذمہ داران موجود تھے۔ 
 میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ۴؍ ماہ کے اندر انتخابات کرانے کے احکامات دئیے تھے لیکن ابھی تک الیکشن پروگرام کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی ریزرویشن کے بارے میں فیصلہ ہوا ہے۔ مگر کانگریس پارٹی نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ریاستی سطح پر اتحاد پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے، بلکہ مقامی سطح پر اتحادی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کر کے فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں کانگریس آج بھی عوامی حمایت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور پارٹی کارکنان پوری جانفشانی کے ساتھ متحرک ہیں۔ مراٹھا ریزرویشن کے سوال پر سپکال نے کہا کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن ملنا چاہئے اور یہ کانگریس کی واضح پالیسی ہے۔ ریاست میں مراٹھا برادری کو ریزرویشن کانگریس اتحاد حکومت نے ہی دیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری ہونی چاہئے جیسا کہ کانگریس کی ریاستوں تلنگانہ اور کرناٹک میں ہو چکا ہے اور۵۰؍فیصد کی حد بھی ختم کی جانی چاہئے۔ 
 ریاست میں شراب کے لائسنس کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ ایکسائز وزیر اجیت پوار کے بیٹے کا کاروبار براہِ راست شراب کے شعبے سے منسلک ہے جبکہ اسی شعبے کی نگرانی اور تمام لائسنس جاری کرنے کا محکمہ خود اجیت پوار کے پاس ہے۔ اس صورت میں یہ صاف طور پر مفادات کا ٹکراؤ ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ وزیر کے عہدے کا ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں اجیت پوار کا استعفیٰ لیا جانا چاہئے۔ بالاصاحب تھورات نے کہا کہ بی جے پی نے الیکشن کمیشن کی مدد سے جو گھوٹالے کیے تھے ان کا انکشاف راہل گاندھی نے ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK