Inquilab Logo Happiest Places to Work

۸؍وزراء کی ریاستی کابینہ سے’چھٹی‘ ہوگی!سامنا کا دعویٰ

Updated: July 26, 2025, 8:41 AM IST | Mumbai

شیوسینا یوبی ٹی کے ترجمان سنجےراؤت نے دعویٰ کیا کہ ’’وزیراعلیٰ فرنویس دہلی جاکر سیاسی بحران سے نکلنے کی راہیں تلاش کررہے ہیں‘‘

File photo of Deputy Chief Minister Ajit Pawar, Chief Minister Devendra Fadnavis and Deputy Chief Minister Shinde.
نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار، وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیراعلیٰ شندے کی فائل فوٹو

مہاوکاس اگھاڑی کی اہم پارٹی شیوسینا(یوبی ٹی )  نے  مہایوتی حکومت  کے خلاف نیا محاذ کھول دیا ہے ۔   شیوسینا (یوبی ٹی ) کے ترجمان  ’سامنا‘  نے دعویٰ کیا  ہے کہ مہاراشٹرحکومت کے ۸؍ وزراء جلد ہی تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔اس سے ریاست کے سیاسی ماحول میں ہلچل مچ گئی  ہے۔  ’سامنا‘ نے مہایوتی حکومت میں بڑے ردوبدل کی پیشگوئی کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ فرنویس حکومت کے۸؍ وزراء کو جلد ہٹایا جا سکتا ہے۔ یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے۱۰۰؍ دن کے کام کاج کی جائزہ رپورٹ تیار ہو رہی ہے، اور کئی وزراء کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش سمجھا جا رہا ہے۔
 ’سامنا‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق، کچھ وزراء پر پرانے تنازعات کا سایہ ہے، جبکہ کچھ کے کام کرنے کے انداز پر مسلسل سوال اٹھتے رہے ہیں۔ وزیروں کی غیر فعالی اور کمزور کارکردگی کی وجہ سے پارٹی اور اتحاد کی شبیہ متاثر ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ کی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلی ممکن بتائی جا رہی ہے۔سامنا کی جاری کردہ ’ہِٹ لسٹ‘ میں جن ۸؍ وزراء کے نام شامل ہیں ، ان میں : مانک راؤ کوکاٹے، سنجے شِرساٹ، یوگیش کدم، نرہری جروال، نتیش رانے، جے کمار گورے، بھارت گوگاولے، اور دادا بھسے کے نام شامل ہیں۔ان میں سے کچھ لیڈروں پر ذاتی تنازعات، زمین گھوٹالوں، اور انتظامی لاپروائی کے الزامات ہیں، جب کہ کچھ کا عوام سے رابطہ اور اپنے علاقے میں کارکردگی کافی کمزور رہی ہے۔
 اسی دوران یہ قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں کہ سدھیر منگنٹی وار کو دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ وہ پہلے جنگلات کے وزیر رہ چکے ہیں اور ان کے پاس انتظامی تجربہ اور تنظیمی گرفت دونوں موجود ہیں۔شیوسینا (یو بی ٹی) نے یہ معاملہ ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب مراٹھی-ہندی زبان کے مسئلے پر تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ اس پس منظر میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا سامنا کی یہ رپورٹ واقعی حکومت میں کسی بڑے رد و بدل کا پیش خیمہ ہے یا پھر محض ایک سیاسی دباؤ بنانے کی حکمت عملی ہے؟
بدنظمی اور انتشار فرنویس کے قابو سے باہر :سنجے راؤت
 شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے بھی دعویٰ  کیا ہے کہ مہاراشٹر کی حکومت میں جلد ہی بڑی تبدیلی آنے والی ہے، جس کے تحت دیویندر فرنویس کابینہ کے چار وزراء کو وزارت سے برطرف کیا جائے گا۔ راوت نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ  وزیر اعلیٰ فرنویس دہلی میں ایک پروگرام میں شرکت کے لئے  گئے تھے، لیکن دراصل ان کا دورہ موجودہ کابینہ میں پھیلی بدنظمی اور انتشار کے باعث تھا، جو اب ان کے قابو سے باہر ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، دہلی میں وہ اسی سیاسی بحران سے نکلنے کی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔ راؤت نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ سنجے شیرساٹ، مانک راؤ کوکاٹے، یوگیش کدم اور سنجے راٹھوڑ کو وزارت سے ہٹایا جائے گا۔  نئے چہروں کو لانے کیلئے  کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کیلئے دہلی میں مشاورت جاری ہے۔راوت نے حکومت پر بدعنوانی، کسان مخالف رویے، باربزنس میں وزراء کی شمولیت، مالی گھوٹالوں اور نقدی سے بھرے بیگوں میں نظر آنے جیسے الزامات بھی عائد کیے۔  ان عوامل نے حکومت کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK