Inquilab Logo

ایم این ایس کا زعفرانی رنگ: راج ٹھاکرے نے گھس پیٹھیوں کے معاملے میں مودی حکومت کی حمایت کی

Updated: January 23, 2020, 9:17 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر نونرمان سینا کے چیف راج ٹھاکرے نے اپنے چچا بال ٹھاکرے کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے آج ایم این ایس کے نئے جھنڈے کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر کہا کہ وہ ملک سے پاکستانی اور بنگلہ دیشی مسلمان گھس پیٹھیوں کو نکالنے کی مودی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔ راج ٹھاکرے شیو سینا کے سابق سربراہ بال ٹھاکرے کے یوم ولادت کے موقع پر گوریگاؤں میں پارٹی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران ایم این ایس کا نیا جھنڈا بھی لانچ کیا گیا۔

راج ٹھاکرے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
راج ٹھاکرے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی: مہاراشٹر نونرمان سینا کے چیف راج ٹھاکرے نے اپنے چچا بال ٹھاکرے کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے آج ایم این ایس کے نئے جھنڈے کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر کہا کہ وہ ملک سے پاکستانی اور بنگلہ دیشی مسلمان گھس پیٹھیوں کو نکالنے کی مودی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔ راج ٹھاکرے شیو سینا کے سابق سربراہ بال ٹھاکرے کے یوم ولادت کے موقع پر گوریگاؤں میں پارٹی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران ایم این ایس کا نیا جھنڈا بھی لانچ کیا گیا۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’شہریت ترمیمی قانون پر بحث کی جاسکتی ہے مگر ہندوستان غیر قانونی طور پر آنے والے لوگوں کو سایہ کیوں دے؟‘‘اپنے چچیرے بھائی ادھو ٹھاکرے پر، جنہوں نے گزشتہ سال نومبر میں کانگریس اور این سی پی کی مدد سے مہاراشٹر میں حکومت بنائی ہے، طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں حکومت بنانے کیلئے رنگ نہیں بدلتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ میں کچھ امور پر وزیر داخلہ یا ریاست کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات بھی کروں گا۔ راج ٹھاکرے زہر فشانی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کے مسلمان مولوی دوسرے ممالک میں جاتے ہیں ، کوئی نہیں جانتا ہے کہ وہ وہاں جاکر کیا کرتے ہیں ، یہاں تک کہ ان ممالک میں پولیس بھی نہیں جاسکتی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور بنگلہ دیش کے غیر قانونی دراندازوں کو ہندوستان سے نکالنے کیلئے ۹؍ فروری کو ایک بڑی ریلی نکالیں گے۔ کہا جارہا ہے کہ ایم این ایس مہاراشٹر میں بی جے پی سے ہاتھ ملا سکتی ہے۔ گزشتہ سال راج ٹھاکرے نے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیش کے لیڈر دیویندر فرنویس سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے پارٹی کی ازسر نو تشکیل اور اپنے بیٹے امیت ٹھاکرے کو سیاست کے میدان میں اتارنے کی باتیں کی تھیں۔ 

 خیال رہے کہ شیو سینا کے چیف ادھو ٹھاکرے نے اپنے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو چند برس پہلے ہی سیاست کے میدان میں لانچ کردیا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ امیت ٹھاکرے ایم این ایس میں نئی نسل کی نمائندگی کریں گے اور راج ٹھاکرے کی وراثت کو سنبھالیں گے۔ راج ٹھاکرے کے اس عمل سے بی جے پی وہ خلا پر کرنے کی کوشش کرے گی جو شیوسینا کے الگ ہوجانے کے بعد پیدا ہوگیا ہے۔ ایم این ایس کے ہندوتوا کے ایجنڈے کو صبح اس وقت تقویت مل گئی جب راج ٹھاکرے کو نئے ’سمراٹ‘ کا خطاب دیا گیا۔ یاد رہے کہ بال ٹھاکرے کو ’ہندو ہردے سمراٹ‘ (ہندو دلوں کا حکمراں) کہا جاتا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK