Inquilab Logo

راجستھان : کانگریس میں مفاہمت کی اُمید

Updated: August 05, 2020, 9:09 AM IST | Inquilab News Network | Jaipur

اسمبلی اجلاس سے قبل ہی کوئی نتیجہ برآمد ہونے کا امکان، باغیوں کے سامنے پارٹی کی صرف ایک شرط، بی جےپی کے’’ سرکشا چکر‘‘ سے باہر نکلیں

Ashok Gehlot - Pic :PTI
اشوک گہلوت ۔ تصویر : پی ٹی آئی

راجستھان اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہی کانگریس کے دونوں خیموں کے درمیان مفاہمت کاامکان نظر آنے لگا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں ہی خیموں   کے  موقف میں نرمی آتی دکھائی دے رہی ہے جبکہ سچن پائلٹ کے خیمے کے اراکین اسمبلی   اجلاس میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔اس بیچ منگل کو کانگریس نے ان کے سامنے صرف ایک شرط رکھی ہے کہ وہ بی جےپی کے ’’سرکشا چکر‘‘ سے باہر نکلیں تاکہ بات چیت ہوسکے۔ 
 واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اشوک گہلوت جو سچن پائلٹ کے خلاف انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کرچکے ہیں، نے گزشتہ دنوں کہا ہے کہ اگر پارٹی ہائی کمان ۱۹؍ باغی اراکین اسمبلی کو معاف کردیتا ہے تو وہ بھی انہیں کھلے دل سے گلے لگانے  کو تیار ہیں۔  معروف انگریزی اخبار دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق سچن پائلٹ کے خیمے سے حالیہ دنوں میں ملنے والے اشاروں کے مطابق کانگریس کے دونوں خیموں  کے درمیان     مفاہمت کے امکانات کافی بڑھ گئے ہیں۔  بہرحال گہلوت اس بات پر قائم ہیں کہ بی جےپی  نے اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی۔ 
 حال ہی  سچن پائلٹ نے اپنی جگہ پر راجستھان کانگریس کے صدر بنائے گئے گووند سنگھ دوتاسرا کو مبارکباد پیش کی۔اس کے علاوہ انہوں  نے اسمبلی اسپیکر کو بھی یوم پیدائش کی مبارکباد دی جنہوں نے ان کے خلاف نااہلی کا نوٹس جاری کیا ہے۔  سچن پائلٹ کے حامیوں  میں   شمار ہونے والے رکن اسمبلی گجیندر سنکھ شیخاوت نے  نامعلوم مقام سے ’دی ہندو ‘ اخبار سے فون پر کی گئی گفتگو میں  بتایا ہے کہ باغی اراکین جے پور آئیں گے اور اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوںگے۔ان کے مطابق’’ہم نے کبھی نہیں کہا  کہ ہم کانگریس  سے علاحدہ ہیں۔ ہم ایوان کی کارروائی میں  کانگریس کے ایم ایل اے  طور پر شریک ہوں گے۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK