Updated: October 30, 2026, 4:15 PM IST
| Mumbai
جنوبی ہندوستانی سنیما کے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ’’جیلر ۲‘‘ نے ریلیز کے۱۵؍ویں روز بھی باکس آفس پر اپنی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ فلم نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر تقریباً ۱۵ء۷۶۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرلیا ہے۔
جیلر۲۔ تصویر:آئی این این
جنوبی ہندوستانی سنیما کے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ’’جیلر ۲‘‘ نے ریلیز کے۱۵؍ویں روز بھی باکس آفس پر اپنی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ فلم نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر تقریباً ۱۵ء۷۶۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرلیا ہے، جبکہ ہندوستان میں اس کی مجموعی گراس کمائی۶۵ء۵۰۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ فلم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آن لائن ٹکٹ بکنگ پلیٹ فارم بک مائی شو پر اس کے ایک کروڑ ٹکٹ فروخت ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ تاہم، ۱۵؍ویں روز فلم کی روزانہ کمائی میں کچھ کمی ضرور دیکھی گئی، اس کے باوجود شائقین میں رجنی کانت کے اس ایکشن ڈرامے کا جوش برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اسرائیل: حکومت بنانے کیلئے اپوزیشن لیڈر یائر گولان کی منصورعباس سے ملاقات
’’جیلر ۲‘‘ نے ٹکٹوں کی فروخت کے معاملے میں بھی نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فلم نے ریلیز کے ۱۲؍ویں دن آن لائن ٹکٹ بکنگ پلیٹ فارم بک مائی شو پر ایک کروڑ ٹکٹ فروخت کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔ اس طرح یہ پلیٹ فارم پر ایک کروڑ ٹکٹ فروخت کرنے والی پہلی تمل فلم بن گئی ہے۔تجارتی اعداد و شمار کے مطابق ۲۵؍ اکتوبر تک فلم کے تقریباً ۹۹؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے، جس کے بعد ۲۶؍ اکتوبر کو مزید بکنگ کے ساتھ فروخت کا مجموعی ہندسہ ایک کروڑ سے تجاوز کرگیا۔ اس کامیابی نے رجنی کانت کی مقبولیت اور فلم کے لیے شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کو ظاہر کیا ہے۔
باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق فلم نے ریلیز کے ۱۵؍ویں دن ہندوستان میں ۹۰ء۵؍ کروڑ روپے کا نیٹ کاروبار کیا۔ یہ گزشتہ روز کی ۲۰ء۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کے مقابلے میں تقریباً ۱ء۱۸؍ فیصد کم ہے۔ اس کے باوجود فلم ہندوستان میں ۵۰۰؍ کروڑ روپے کی گراس کمائی کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔ فلم نے ہندوستان میں اب تک۵۵ء۴۲۹؍ کروڑ روپے نیٹ اور۶۵ء۵۰۲؍ کروڑ روپے گراس کمائے ہیں، جبکہ بیرون ملک اس کی مجموعی کمائی تقریباً۵۰ء۲۶۲؍ کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ اس طرح دنیا بھر میں اس کا کاروبار تقریباً۱۵ء۷۶۵؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ مختلف تجارتی ذرائع کے تخمینوں میں معمولی فرق بھی سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:نادرہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں، مگر گھر کے معاشی حالات نے انہیں اداکارہ بنا دیا
ہدایت کار نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’جیلر ۲‘‘ ۲۰۲۳ء کی کامیاب فلم ’’جیلر‘‘ کا سیکوئل ہے۔ فلم میں رجنی کانت ایک مرتبہ پھر ریٹائرڈ پولیس افسر متھوویل پانڈیئن کے کردار میں نظر آرہے ہیں۔ فلم میں رجنی کانت کے ساتھ رمیا کرشنن، یوگی بابو، ایس جے سوریہ، متھن چکرورتی، ودیا بالن اور سورج وینجاراموڈو سمیت کئی معروف اداکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ موہن لال، شیوراج کمار، جیکی شروف اور رتیک روشن کی خصوصی جھلکیاں بھی فلم کی توجہ کا مرکز ہیں۔ فلم کی موسیقی کی ذمہ داری انیرودھ روی چندر نے سنبھالی ہے، جبکہ اسے سن پکچرز کے بینر تلے کلانیتھی مارن نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم ۱۵؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو تمل، تیلگو، ہندی اور کنڑ زبانوں میں سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔