• Fri, 30 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرونال پانڈیا نے پاکستان کے عباس آفریدی سے ہاتھ نہیں ملایا

Updated: October 30, 2026, 9:04 PM IST | Hong Kong

ہانگ کانگ سکسز ۲۰۲۶ء میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ میدان میں دلچسپ کرکٹ کے بجائے ایک غیر معمولی واقعے اور پاکستانی کپتان عباس آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث موضوعِ بحث بن گیا۔

Abbas And Krunal.Photo:INN
عباس اور کرونال۔ تصویر:آئی این این

ہانگ کانگ سکسز  ۲۰۲۶ء میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ میدان میں دلچسپ کرکٹ کے بجائے ایک غیر معمولی واقعے اور پاکستانی کپتان عباس آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث موضوعِ بحث بن گیا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان کرونال پانڈیا نے ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان عباس آفریدی سے روایتی مصافحہ نہیں کیا، لیکن میچ کے دوران عباس آفریدی نے کرونال پانڈیا کی بولنگ پر مسلسل پانچ چھکے لگا کر ہندوستانی ٹیم کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ پاکستان نے یہ گروپ سی مقابلہ چار وکٹوں سے جیت لیا اور ہندوستان کی جانب سے دیا گیا ۸۹؍ رنز کا ہدف صرف ۵ء۳؍ اوورز میں حاصل کرلیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:لکشیا سین، پی وی سندھو، انمول کھرَب اور انّتی ہڈا کوارٹر فائنل میں

 ہانگ کانگ کے مونگ کوک میں واقع مشن روڈ گراؤنڈ پر جمعہ کو ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ ٹاس کے لیے ہندوستانی کپتان کرونال پانڈیا اور پاکستانی کپتان عباس آفریدی میدان میں آئے، تاہم دونوں کے درمیان روایتی مصافحہ نہیں ہوا۔ اس واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بن گئیں۔ یہ منظر حالیہ ہندوستان پاکستان کرکٹ مقابلوں میں مصافحہ نہ کرنے کے سلسلے کی ایک اور مثال قرار دیا جارہا ہے۔ 
پاکستان کو جیت کے لیے ۸۹؍ رنز کا ہدف ملا تو اس نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ کرونال پانڈیا نے خود گیند سنبھالی، لیکن پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے ان کے پہلے ہی اوور میں لگاتار پانچ گیندوں پر پانچ چھکے جڑ دیے۔ اوور کی آخری گیند پر ایک رن بنا اور اس طرح کرونال کے اس اوور میں مجموعی طور پر ۳۱؍ رنز بنے۔ عباس کی اس جارحانہ بیٹنگ نے مقابلے کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا اور ہندوستانی بولنگ پر دباؤ بڑھا دیا۔
عباس آفریدی نے صرف آٹھ گیندوں پر ۳۵؍ رنز بنائے، جس میں پانچ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ ان کی دھواں دار اننگز نے پاکستان کے لیے ہدف کا تعاقب انتہائی آسان بنا دیا۔ اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے مقررہ چھ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ۸۸؍ رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے ششانک سنگھ نے سب سے زیادہ جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض ۱۱؍گیندوں پر ۴۰؍ رنز اسکور کیے، جس میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ نتیش رانا نے۱۴؍ گیندوں پر  ۱۹؍ رنز بنائے، جبکہ راہل ترپاٹھی نے نو رنز کا تعاون دیا۔ کرونال پانڈیا اور راہل تیوتیا کھاتہ کھولنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے اور صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے:شردھا کپور کی فلم ’’ایٹھا‘‘ کا ٹریلر جاری، رندیپ ہڈا بھی نظر آئیں گے

پاکستان کی جانب سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے عباس آفریدی اور خواجہ نفے نے پہلی وکٹ کے لیے صرف ۱۳؍ گیندوں میں ۵۹؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ عباس آفریدی کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی خواجہ نفے نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور۱۲؍ گیندوں پر ۴۱؍ رنز بنائے، جس میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ اس طرح پاکستان نے ۵ء۳؍ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ۹۲؍ رنز بناکر چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ عباس آفریدی کو ان کی شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔  
اس شکست کے بعد ہانگ کانگ سکسز کے گروپ سی میں ہندوستان کی پوزیشن مشکل ہوگئی ہے، جبکہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ گروپ میں اپنی پوزیشن بہتر بنالی۔ ہندوستان کو اگلے مقابلے میں متحدہ عرب امارات (UAE) کا سامنا کرنا ہے، جہاں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اسے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔کرونال پانڈیا اور عباس آفریدی کے درمیان ٹاس کے موقع پر مصافحہ نہ ہونے کا واقعہ اور اس کے بعد پاکستانی کپتان کے پانچ مسلسل چھکوں نے اس مقابلے کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ دلائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK