Inquilab Logo

بیٹیوں کو تکنیکی تعلیم کےشعبے میں بھی پیش پیش رہنے کی ترغیب دی جائے

Updated: November 26, 2021, 12:48 PM IST | Agency | Kanpur

’ایچ بی ٹی یو‘ کے قیام کی صد سالہ تقریب سے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا :’’ٹیکنیکل تعلیم کے میدان میں طالبات کی شرکت تسلی بخش نہیں ہے۔‘‘ یونیورسٹی کی خدمات کا احاطہ کیا ، درجہ بندی میںبہتری کے خواہشمند

President Ram Nath Kavand and Uttar Pradesh Governor Anandi Ben Patel.Picture:INN
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اوراتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل ۔ تصویر: پی ٹی آئی

صدر جمہوریہ رام ناتھ کوونڈ نے جمعرات کو کانپور میں اپنے دوروزہ دورے کے آخری دن’ ہرکورٹ بٹلر ٹیکنیکل یونیورسٹی‘( ایچ بی ٹی یو) کے قیام کی صد سالہ تقریب سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے لڑکیوں کو تکنیکی تعلیم کے شعبے میں بھی آگے بڑھانے اور ان کی حوصلہ افزائی پر زور دیا ۔  صدر جمہوریہ نے مشعل روشن کر  کے ادارے کی صدسالہ تقریب کا آغاز کیا۔ اس دوران انہوں نے ایک ڈاک ٹکٹ، اور ۱۰۰؍ روپے کے یادگاری سکے کا اجراء بھی کیا۔  صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نےتکنیکی تعلیم میں طالبات کی کم شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے  کہا :’’ میں نے ملک بھر کے کئی تعلیمی اداروں کے  پروگراموںمیں شرکت کی ہے جہاں میں نے دیکھا کہ لڑکیوں کی کارکردگی بے حد متاثر کن ہے لیکن ٹیکنیکل تعلیم کے میدان میں طالبات کی شرکت تسلی بخش نہیں ہے۔ آج کی  وقت ضرورت ہے کہ بیٹیوں کو تکنیکی تعلیم کے شعبے میں بھی  پیش پیش رہنے کی ترغیب دی جائے ، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔  اس سے خواتین کو خود کفیل  بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘  ایچ بی ٹی یو سے متعلق صدر جمہوریہ نے کہا:’’ ایچ بی ٹی یو کو تیل، پینٹ، پلاسٹک اور فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کے نمایاں کاموں کیلئے تسلیم کیا گیا ہے۔ اس ادارے کی شاندار تاریخ۲۰؍ویں صدی کے آغاز سے ہندوستان میں ہونے والی صنعتی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ ’مانچسٹر آف دی ایسٹ‘’، لیدر سٹی آف دی ورلڈ‘ اور’انڈسٹریل ہب‘ کے طور پر کانپور  کی  شہرت کے پیچھے ایچ بی ٹی یو کے ذریعہ فراہم کردہ ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کا اہم کردار رہا ہے۔‘‘ صدر جمہوریہ نے   مزیدکہا:’’ جب  ایچ  بی ٹی یو  اپنا  صد سالہ جشن منا رہا ہے، ملک آزادی کے۷۵؍ سال کی یاد میں آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے اور ۲۰۴۷ء میں جب ملک آزادی کا صد سالہ جشن منائے گا ، تب ایچ بی ٹی یو  اپنے۱۲۵؍ سال مکمل کر رہا ہوگا۔‘‘  اداروں کی درجہ بندی  کے’این آئی آر ایف‘ میں ایچ بی ٹی یو کی موجودہ رینکنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ  نےیہ خواہش بھی ظاہر  کی:’’ ایچ بی ٹی یو کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ۲۰۴۷ء تک اس یونیورسٹی کو ٹاپ۲۵؍ میں شامل کیا جائے۔ ‘‘ واضح رہے کہ   اداروں کی درجہ بندی  میں۱۶۶؍ ویں ایچ بی ٹی یومقام  پر ہے۔ صدر جمہوریہ نے  کانپور کو ملک کے ۵؍ سب سے زیادہ صاف  ستھرے شہروں میں  شامل کرانے کی خواہش بھی ظاہر کی ۔ یادرہے کہ کووند نے کانپور  دورے کے پہلے دن بدھ کو مہربان سنگھ کا پوروا میں واقع میں چودھری ہرموہن سنگھ  پیرامیڈیکل سائنس اینڈ نرسنگ ادارے میں منعقدہ چودھری ہرموہن سنگھ یادو کی صد سالہ سالگرہ تقریب میں شرکت کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK