• Wed, 18 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان کی دستک: چارمینار کے سائے تلے خریداری کا سیلاب

Updated: February 18, 2026, 12:42 PM IST | Hyderabad

ماہ مقدس رمضان کے پیش نظر حیدرآباد کی قدیم تہذیب کے مرکز اور شہر کی شناخت چارمینار کے گرد و نواح میں خریداروں کا ہجوم دیکھاجارہا ہے۔رمضان کی آمد سے قبل ہی اس تاریخی علاقہ کی تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

Charminar.Photo:INN
چارمینار۔ تصویر: آئی این این

ماہ مقدس رمضان کے پیش نظر حیدرآباد کی قدیم تہذیب کے مرکز اور شہر کی شناخت چارمینار کے گرد و نواح میں خریداروں کا ہجوم دیکھاجارہا ہے۔رمضان کی آمد سے قبل ہی اس تاریخی علاقہ کی تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں جو حیدرآباد کی منفرد ثقافت اور معاشی زندگی کی بھرپور عکاسی کر رہی ہیں۔ چارمینار کے دامن میں واقع بازاروں میں جاری رہنے والی چہل پہل نے ایک عجیب سحر انگیز ماحول پیدا کر دیا ہے۔ یہاں آنے والے خریداروں کے لئے چارمینار صرف ایک یادگار نہیں بلکہ ایک ایسا مرکز ہے جہاں سے پورے شہر کی رمضان کی رونق نظرآتی ہیں۔ 
 چارمینار سے متصل لاڈ بازار اپنی روایتی چوڑیوں اور زیورات کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے۔  دکانداروں نے اس بار رمضان کی مناسبت سے چوڑیوں کے نئے دیدہ زیب ڈیزائن، زری کے کام والے دوپٹے اور نفیس ملبوسات کی وسیع رینج متعارف کرائی ہے۔ پتھر گٹی کی قدیم محرابوں اور چارمینار کے سائے تلے واقع دکانوں پرگہماگہمی بڑھ گئی ہے۔ 
 چارمینار کے آس پاس عطر، ٹوپیاں، جائے نماز اور تسبیح فروخت کرنے والے اسٹالس پر بھی غیر معمولی ہجوم ہے۔ تاجر برادری کے مطابق اس سال رمضان سے قبل ہی کاروبار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بڑے شاپنگ مالس کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ پر لگے وہ روایتی اسٹالس بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں جہاں سستی اور معیاری اشیاء دستیاب ہیں۔ افطار کے لئے کچے مسالوں، خشک میوہ جات اور دسترخوان کی دیگر ضروریات کی خریداری کے مناظر قابل دید ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’دو دیوانے شہر میں‘‘کی روشنی مجھ سے کافی ملتی جلتی ہے: مرونال ٹھاکُر


ان گنجان ترین علاقوں میں خصوصاً چارمینار کے اطراف، ٹریفک کو بہتربنانا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے اضافی ملازمین تعینات کئے ہیں اور کئی مقامات کو پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص قرار دیا گیا ہے تاکہ خریداروں کو دشواری نہ ہو۔ رات کے وقت جب پورا علاقہ روشنیوں میں نہا جاتا ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پورا حیدرآباد چارمینار کے آنچل میں سمٹ آیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:اسمرتی مندھانا ’انڈین اسپورٹس وومن آف دی ایئر‘ قرار دی گئیں


 شہریوں کا کہنا ہے کہ چارمینار کے سایہ میں رمضان کی خریداری ایک ایسا تجربہ ہے جو صدیوں سے حیدرآبادیوں کی زندگی کا حصہ رہا ہے۔ یہاں کی رونق، خوشبو اور تاریخی پس منظر اس مقدس مہینے کے استقبال کے جذبہ کو مزید جلا بخش دیتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK