Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سرسید احمد نے اپنے دور میں تعلیم کو اولین ترجیح دی اور قوم کو بیدار کیا ‘‘

Updated: April 14, 2026, 12:39 PM IST | Inquilab News Network | Amravati

امراوتی میں ’سرسید ایوارڈ فنکشن ‘ کا انعقاد ، مقررین نے سرسید احمد خان کی نامساعد حالات میں تعلیم کیلئے کی گئی جدوجہد کو اپنانے پر زور دیا۔

A View Of The Stage During The Award Function.Photo:INN
ایوارڈ فنکشن کے دوران اسٹیج کا ایک منظر۔تصویر:آئی این این
سرسید احمد خان ایجوکیشن سوسائٹی اور پریم کشور سکچی ٹرسٹ کی جانب سے سکچی ریزارٹ ول گاؤں میںاتوار کے روز سرسید ایوارڈ فنکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو سرسید ایوارڈسے نوازا گیا۔معروف صحافی اور روزنامہ منڈل کے مدیر انل اگروال کی صدارت  اور ڈاکٹر بشیر پٹیل اور یحییٰ خان پٹھان کی قیادت میں منعقد اس تقریب میں ناگپور سے ایڈوکیٹ فردوس مرزا، امراوتی کارپوریشن کے میئر تیجوانی ،معروف ادیب و دانشور ڈاکٹر ناصر الدین انصار، امراوتی کے ایس ڈی ایم انل بھاٹکر کے علاوہ شہر کی دیگر معروف شخصیات موجود تھیں۔
 
 
  پروگرام کے منتظم یحییٰ خان پٹھان نے افتتاحی کلمات میں سر سید ایوارڈ فنکشن کی غرض و غایت پیش  کی۔  اس موقع پر ڈاکٹر ناصر الدین انصار نے اپنے خطاب میں سر سید کے افکار و نظریات کےمسلم سماج پر مثبت اثرات کا نہایت خوبصورتی سے جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سر سید نے اپنے وقت میں مسلم امہ کو تعلیم و ترقی کی جو راہیں سجھائی تھیں وہ آج بھی قابل عمل ہیں اور ان کے اثرات صدیوں تک مسلم سماج پر قائم رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سرسید اور مہاتما جیوتی با پھلے نے ایک ہی وقت میں ہندوستان کی دو مختلف قوموں میں اصلاحی و تعلیمی ترقی کا کارنامہ انجام دیا  ہے۔مقررِ خصوصی  ایڈوکیٹ فردوس مرزا نے کہا کہ معاشرے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا متوازن استعمال ناگزیر ہے۔ یڈوکیٹ مرزا نے کہا کہ سر سید نے اپنے عہد میں تعلیم کو اولین ترجیح دیتے ہوئے قوم کو بیداری کا پیغام دیا اور جدید (انگریزی) تعلیم کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے سوال کیا کہ جب ماضی میں محدود وسائل کے باوجود مثبت تبدیلی ممکن تھی، تو آج کے ترقی یافتہ دور میں ہم اپنی تعلیمی پالیسیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیوں نہیں کر پا رہے ہیں ؟ 
 
 
امراوتی کے میئر شری چند تیجوانی نے کہا کہ وہ سماجی خدمت کے میدان میں جدوجہد کرتے ہوئے آج اس مقام تک پہنچے ہیں۔  یہی جذبہ انہیں آج بھی عوامی خدمت کیلئے متحرک رکھے ہوئے ہے۔ اس دوران مختلف شعبہ زندگی سے رکھنے والی درجنوں شخصیات کو  سر سید سمان سے نواز کر معاصر سماج کیلئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ۔ تقریب کے صدر انل اگروال نے نہایت ولولہ انگیز صدارتی خطاب پیش کیا۔ انھوں نےانہوں نے کامیابی کیلئے  چار بنیادی اصولوں پر زور دیا: لگن، محنت، قربانی اور خود اعتمادی۔ ان کے مطابق یہی اوصاف انسان کو اس کی منزل تک پہنچاتے ہیں۔اپنی گفتگو کا اختتام انہوں نے ان حوصلہ افزا اردو  اشعار پر کیا  اس موقع پر ایس ڈی او انل بھاٹکر نے تقریب میں منعقدہ تعلیمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد دی اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  اس پر وقار تقریب میں شہر امراوتی سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے شرکت کی  سوسائٹی کے صدرڈاکٹر بشیر خان پٹیل نے رسم شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے متعدد اراکین اور معزز مہمانوں نے شرکت کر کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK