مشاورت آخری مرحلے میں، مئی میں نئی ورکنگ کمیٹی کی تشکیل اور مختلف اداروں میں تقرریاں کی جائیں گی، جبکہ یوگی کابینہ میں توسیع بھی جلد متوقع ہے۔
یوگی آئندہ انتخابات کے حوالے سے پریشان ہیں۔ تصویر:آئی این این
اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بی جے پی کافی فکر مند ہے۔ اسے اندازہ ہے کہ موجودہ ٹیم کی کشتی سے وہ انتخابی دریا کو پار نہیں کرسکتی۔اس تعلق سے اس کی نئی تنظیمی ٹیم کی تشکیل آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلد ہی کابینہ میں توسیع کا بھی امکان ہے۔ ان اہم معاملات پر غور و خوض کیلئے بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ونود تاوڑے نے لکھنؤ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈروں اور عہدیداروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ذرائع کے مطابق، تاوڑےکی وزیر اعلیٰ یوگی سے ملاقات کے بعد نئی ریاستی ٹیم اور کابینہ میں توسیع کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی مختلف کارپوریشنز، بورڈز اور کمیشنز میں خالی عہدوں پر تقرریوں پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔پارٹی کے تنظیمی انتخابی عمل کو ڈیڑھ سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور تمام ضلعی اکائیاں تشکیل پا چکی ہیں، تاہم علاقائی صدور اور ریاستی ورکنگ کمیٹی کا اعلان ابھی باقی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ٹیم تقریباً تیار ہے اور اس پر آخری مرحلے کی مشاورت جاری ہے۔
لکھنؤ آمد پر تاوڑے نے ریاستی صدر پنکج چودھری، تنظیمی جنرل سکریٹری دھرمپال سنگھ، نائب وزرائے اعلیٰ برجیش پاٹھک اور کیشو موریہ سمیت کئی لیڈران سے ملاقات کی ہے۔ادھر ،ریاستی صدر پنکج چودھری فوری طور پر دہلی روانہ ہوئے جہاں انہوں نے امیت شاہ سے ملاقات کی۔ اس دوران نئی ٹیم کی تشکیل، کابینہ میں توسیع اور تنظیمی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور۲۰۲۷ء کے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، سب سے پہلے علاقائی صدور کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا، جو ممکنہ طور پر اسی ماہ کے آخر تک سامنے آ سکتے ہیں۔ اس کے بعد مئی میں نئی ورکنگ کمیٹی کی تشکیل اور مختلف اداروں میں تقرریاں کی جائیں گی، جبکہ کابینہ میں توسیع بھی جلد متوقع ہے۔