Inquilab Logo Happiest Places to Work

رانچی : طلبہ کے احتجاج کا۲۰؍ واں دن، وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے راستے پر سخت سیکوریٹی

Updated: August 14, 2026, 12:24 PM IST | Agency | Ranchi

ٹریفک روٹس میں بھی تبدیلیاں، اس دوران طلبہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کئے جانےسے متعلق خبریں سنائی دیں مگرطلبہ نے انہیں مسترد کردیا۔

Police arrangements on the road leading to the Chief Minister`s residence in Ranchi. Picture: PTI
رانچی میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے راستے پر پولیس بندوبست۔ تصویر: پی ٹی آئی

جھارکھنڈ میں جے پی ایس سی سمیت مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف رانچی کے جے پال سنگھ منڈا اسٹیڈیم میں طلبہ کا احتجاج جمعرات کو۲۰؍ویں دن بھی جاری رہا۔ احتجاج کرنے والے طلبہ اپنے مطالبات پر قائم ہیں اور پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ طلبہ کے ممکنہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کے اندیشے کے پیش نظر کانکے روڈ اور وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے اطراف سیکوریٹی کے سخت انتظا مات کئے گئے ہیں جب کہ طلبہ نے یہ واضح کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کی خبر گمراہ کن ہے۔ طلبہ کی جانب سے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دینی مدارس میں جشن آزادی کی تیاری، طلباء پرچم بنانے میں مصروف

طلبہ کے غصے کے پیش نظر کانکے روڈ سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے راستے کو وَن وے کر دیا گیا ہے جبکہ سُوچنا بھون کی طرف سے آنے جانے والے راستے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ سیکوریٹی کیلئے مختلف مقامات پر بیری کیڈنگ کی گئی ہے اور حساس علاقوں میں اضافی سیکوریٹی فورسیز تعینات کی گئی ہیں۔ کانکے روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔ واضح رہے کہ رانچی میں جے پی ایس سی اور جے ایس ایس سی کے مسابقتی امتحانات میں مبینہ دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ مسلسل احتجاج کر رہے ہیں ۔ طلبہ کے اہم مطالبات میں متنازع امتحانات کو منسوخ کرنا، پورے معاملے کی سی بی آئی انکوائری کرانا، امتحانی عمل میں شفافیت یقینی بنانا نیز او ایم آر شیٹ اور کٹ آف مارکس کو عام کرنا شامل ہے۔ گزشتہ دنوں طلبہ اور حکومت کے درمیان مطالبات کے سلسلے میں کئی دور کی بات چیت بھی ہوئی لیکن احتجاج مکمل طور پر ختم نہ ہو سکا۔ اسمبلی کے گھیراؤ کے دوران پولیس کارروائی کے بعد طلبہ کا غصہ مزید بڑھ گیا تھا اور اب تحریک کے۲۰؍ویں دن وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے ممکنہ گھیراؤ کے اندیشے نے انتظامیہ اور پولیس کے چیلنجز کو بڑھا دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK