Inquilab Logo Happiest Places to Work

زندگی بچانے والی دوائیں مزید مہنگی، خام تیل کی بڑھتی لاگت اور رکاوٹیں وجہ

Updated: June 13, 2026, 10:42 AM IST | New Delhi

کینسر کی ادویات، ٹیٹنس انجکشن اور بچوں کے ٹیکوں کی قیمتوں میں ۵۰؍ فیصد تک اضافے کو ’این پی پی اے‘ نے منظوری دی ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھاریٹی (این پی پی اے) نے ’لائف سیونگ ڈرگز‘ کی قیمتوں  میں  اضافے کی تجویز کو منظور کرلیا ہے۔ جس کے تحت کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم ادویات، اینٹی ٹیٹنس امیونوگلوبیولن انجکشن اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کی بعض ضروری ویکسینوں کی قیمتوں میں ۵۰؍ فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ ادارے کے مطابق یہ فیصلہ خام مال کی بڑھتی ہوئی لاگت اور ادویات و ویکسین کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ 
این پی پی اے نے ڈرگ پرائس کنٹرول آرڈر(ڈی پی سی او)۲۰۱۳ کے پیرا۱۹؍کے تحت حاصل خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دو اہم ادویات، کاربو پلاٹن او ر’سِس پلاٹن ‘کی زیادہ سے زیادہ قیمتوں میں ایک مرتبہ۵۰؍ فیصد اضافہ کیا ہے۔ این پی پی اے کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں ان ادویات کے ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزاء (اے پی آئی) کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ان کی تیاری اور سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ اسپتالوں، ماہرینِ سرطان اور دوا ساز کمپنیوں نے ان ادویات کی قلت اور سپلائی میں رکاوٹوں کی شکایت بھی کی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: پُراسرار آگ، ۴؍ ہزار ای وی ایم جل کر خاک

این پی پی اے نے اینٹی ٹیٹنس امیونوگلوبیولن انجیکشن کی قیمتوں میں بھی۵۰؍ فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔ یہ دوا اس وقت صرف’بھارت سیرمس اینڈ ویکسنس لمیٹیڈ‘تیار کرتی ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق:۲۵۰؍ آئی وائل کی قیمت۱۹۱۲ء۰۲؍ روپے ہوگی۔ ۵۰۰؍آئی وائل کی قیمت ۲؍ہزار ۸۸۱ء۱۹؍ روپےہوگی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ درآمد شدہ خام مال کی بڑھتی قیمت، کرنسی کے تبادلے کی شرح میں اتار چڑھاؤ اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث اس دوا کی تیاری معاشی طور پر مشکل ہوتی جا رہی تھی۔ 
بچوں کی ویکسین بھی مہنگی
این پی پی اے نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی تیار کردہ تین اہم ویکسین کی قیمتوں میں بھی ترمیم کی ہے۔ اس کے تحت پہلے لاگو۱۷ء۱۰؍ فیصد ’مونوپولی ریڈکشن‘ ختم کرتے ہوئے نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔ نئی قیمتیں درج ذیل ہیں :
بی سی جی ویکسین ۸ء۲۰؍ روپے سے بڑھ کر ۹ء۸۹؍ روپے فی ڈوز 
خسرہ (میسلس )روبیلا ویکسین:۷۲ء۹۰؍روپےسے بڑھ کر  ۸۷ء۹۳؍ روپے فی وائل۔ 
میسلس ویکسین:۵۱ء۴۰؍روپے سے بڑھ کر ۶۲؍ روپے فی وائل
این پی پی اے نے واضح کیا ہے کہ کینسر کی ادویات کی نئی قیمتوں کا چھ ماہ بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ اگر اس دوران خام مال کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی آتی ہے تو اس سے پہلے بھی نظرثانی کی جا سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK