محکمہ تعلیم نے نیاشیڈول جاری کرنے کااعلان کیا۔ تعلیمی تنظیموں نے۱۰۰؍روپے رجسٹریشن فیس کی مخالفت کی
EPAPER
Updated: May 22, 2025, 10:12 PM IST | Mumbai
محکمہ تعلیم نے نیاشیڈول جاری کرنے کااعلان کیا۔ تعلیمی تنظیموں نے۱۰۰؍روپے رجسٹریشن فیس کی مخالفت کی
گیارہویں کے آن لائن داخلے کی کارروائی سے متعلق جمعرا ت کوبھی شہر ومضافات کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں طلبہ اور سرپرستوں میں تذبذب برقراررہا۔محکمہ تعلیم نےبدھ ۲۱؍ مئی سے داخلہ کیلئے رجسٹریشن کاعمل باقاعدہ شروع کرنےکااعلان کیاتھا لیکن پہلے ہی دن ویب سائٹ میں خرابی کے سبب طلبہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایڈمیشن ، رجسٹریشن کی متعلقہ ویب سائٹ شروع نہ ہونے سے طلبہ اور سرپرستوں کوسخت پریشانی ہوئی۔ بعدازیں محکمہ تعلیم نےجمعرات کی دوپہر ۳؍بجے ایڈمیشن ،رجسٹریشن کا نیا شیڈول جاری کرنے کا اعلان کیا۔ جمعرات کو ایڈمیشن کی متعلقہ ویب سائٹ پرپیر ۲۶؍مئی ،صبح ۱۱؍بجے سے رجسٹریشن شروع کرنے کی اطلاع جاری کی گئی ۔
واضح رہےکہ گیارہویں کے ایڈمیشن کےبارےمیں محکمہ تعلیم کی جانب سے داخلہ کی کارروائی سے متعلق واضح معلومات نہ دیئے جانے سے طلبہ اور والدین کو دقت پیش آرہی ہے،ایسےمیںمتعلقہ ویب سائٹ میں خرابی سے ان کی بےچینی میں اضافہ ہوگیاہے۔ تکنیکی دشواری سے گیارہویں کے آن لائن داخلہ کی کارروائی تعطل کا شکار ہےجس پر تعلیمی تنظیموں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہےکہ آن لائن سے بہتر آف لائن طریقہ کار تھا۔ آن لائن طریقہ کار میں آنےوالی دشواریوں سے داخلہ کی کارروائی طویل ہوگی ۔ انہوں نے امسال کارروائی پوری ہونے میں مزید تاخیر کا اندیشہ ظاہر کیا۔
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نےبتایاکہ ’’جن ڈویژن میں پہلی مرتبہ آن لائن طریقہ کار سےگیارہویں میں داخلے کاعمل پورا کیاجاناہے ،وہاں کے طلبہ اورسرپرست داخلہ کی کارروائی میں آنے والی تکنیکی دشواریوں سے سخت پریشان ہیں۔ ان تمام ڈویژن سےمجھے شکایتی فون موصول ہورہےہیں۔ طلبہ اوروالدین کہہ رہےہیں کے ہمارا ایڈمیشن کیسے ہوگا، رہنمائی کریں۔ ‘‘انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’طلبہ اور والدین کی متعدد شکایتوںکی وجہ سے میں نے ایجوکیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش پالکر کو فون کرکے طلبہ اور سرپرستوںکی پریشانی سے آگاہ کیا ساتھ ہی یہ دریافت کیاکہ اب دوبارہ گیارہویں ایڈمیشن کیلئے رجسٹریشن کا عمل کب سے شروع ہوگا جس کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اب پریشانی نہیں ہو گی، جو خامیاں تھیں ،وہ دور ہوگئی ہیں۔ پیر ۲۶؍مئی سے رجسٹریشن کا عمل شروع کیاجائے گا۔ ‘‘
مہاراشٹر اسٹیٹ پرنسپلز اسوسی ایشن کے سابق صدرمہندر گنپولے نے کہاکہ ’’ا مسال ریاست میں تمام طلبہ کے داخلے آن لائن ہوں گے۔ اس کیلئے ہر طالب علم سے رجسٹریشن فیس کے طور پر ۱۰۰؍ روپے وصول کئے جا رہے ہیں۔ حکومت کروڑوں روپے کمانے کیلئے غریب اور خواہشمند طلبہ کے ساتھ ناانصافی نہ کرے۔ نئی آن لائن پالیسیاں نافذ کر کے خلل نہ ڈالا جائے ۔ ‘‘