ملاڈ میں نورانی مسجد کمیٹی، ممبرا میں کیئراینڈ یونیٹی فاؤنڈیشن جبکہ میراروڈ میں جمعیۃ علماء، دارالعلوم سلیمانیہ، بلال مسجد اور جماعت اسلامی نے یہ کارِ خیرکیا۔
EPAPER
Updated: June 09, 2025, 4:57 PM IST | Iqbal Ansari | Malad
ملاڈ میں نورانی مسجد کمیٹی، ممبرا میں کیئراینڈ یونیٹی فاؤنڈیشن جبکہ میراروڈ میں جمعیۃ علماء، دارالعلوم سلیمانیہ، بلال مسجد اور جماعت اسلامی نے یہ کارِ خیرکیا۔
عید الاضحی پر مساجد انتظامیہ، دینی اور سماجی تنظیموں نے قربانی کے گوشت کو غرباء و مساکین میں تقسیم کرنے کیلئے اجتماعی نظم قائم کیا جس کے تحت سیکڑوں خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔
پٹھان واڑی کی نورانی مسجد کی جانب سے نظم
ملاڈمشرق کے پٹھان واڑی علاقے میں نورانی مسجد کمیٹی کی جانب سے گوشت تقسیم کرنے کا نظم کیا جاتا ہے۔ مسجدکمیٹی کے رکن عبدالرشید ماہی نے بتایاکہ ’’ غریبوں میں گوشت کی تقسیم کے گزشتہ ۱۲؍ تا ۱۳؍ سال سے جاری اس نظم کے تحت عید سے ۸؍ تا ۱۰؍ دن قبل اہلِ خیر حضرات سے بکرے کا گوشت عطیہ کرنے کی اپیل کی جاتی ہے جس پر گزشتہ برس ۵۳؍ اور امسال ۶۰؍ بکروں کے گوشت موصول ہوئے۔ کسی اہل خیر نے ایک بکرا تو کسی نے ۲؍ بکروں کا گوشت دیا ۔ ایک ایک کلو کے پیکٹ بنا کر عید کے دن ضرورت مندوں میں تقسیم کیاجاتا ہے۔ گوشت کے خواہشمند افراد کی کمیٹی کے رضاکاروں کی جانب سے تصدیق کی جاتی ہے ۔
ممبرا میں غیرسرکاری تنظیم کا کاؤنٹر
اسی طرح ممبرا میں ’کیئر اینڈ یونیٹی فاؤنڈیشن‘ کے کاؤنٹر پر موجود رکن اسجد قریشی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ’’گزشتہ ۳؍ برس سے یہ نظم کیا جارہا ہے۔ ۲۰۲۳ء میں ۱۸۰۰؍ اور ۲۰۲۴ء میں ۳۲۰۰؍ سے زائد گھروں تک قربانی کا گوشت تقسیم کیاگیا تھا۔ امسال ۵؍ ہزار گھروں تک گوشت پہنچانے کی کوشش ہے۔ ‘‘ طریقہ کار کےتعلق سے پوچھنے پر انہو ں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ۴؍ موبائل نمبرات جاری کئے گئے ہیں جن پر اہلِ خیرحضرات جو قربانی کے جانور کا گوشت دینا چاہتے ہیں وہ اور جنہیں گوشت نہیں مل سکا ہے، وہ بھی رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی گوشت نہیں لا سکتا تو ہمارے رضاکار ان کے یہاں جاکر گوشت لے کر بھی آتے ہیں۔ جو لوگ قربانی کے گوشت سے محروم ہیں، وہ ہمیں فون کر کے یا کاؤنٹر پر آکر اپنا نمبر لکھوا دیتے ہیں، ہمارے رضاکار ان کے گھر جاکر گوشت کا پیکٹ جو سوا کلو کا ہوتا ہے، تقسیم کرتے ہیں۔ ‘‘
مذکورہ غیرسرکاری تنظیم کی جانب سے عید کے پہلے روز ۲؍ ہزار ۱۶۸؍ پیکٹ اور دوسرے دن ۱۴۰۰؍ سے زیادہ پیکٹ تقسیم کئے گئے ہیں۔ ممبرا کے گاؤں دیوی، دتوواڑی، آزاد نگر، شاسو نگر، شیل پھاٹا(آدیواسی علاقہ)، کلیان پھاٹا ( دیوا روڈ) اور ٹھاکر پاڑہ( دہیسر موری) کے علاوہ کلوا میں بھاسکر نگر، پونڈ پاڑہ، شانتی نگر، ڈومبیولی، ٹٹوالا، امبرناتھ اور وسئی میں بھی گوشت تقسیم کیا گیا ہے۔
میراروڈ میں بھی غریبوں میں گوشت کی تقسیم
مولانا انظارالحق نے بتایاکہ جمعیۃ العلماء (محمود مدنی) میرابھائندر کی طرف سے ۴۳؍غرباء میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ نعیم انصاری نے بتایا کہ میراروڈ کے شانتی نگر سیکٹر۱۱؍ میں واقع بلال مسجد میں قربانی کے بکرے کا۱۲۵؍ کلو گوشت تقسیم کیا گیا۔ دارالعلوم سلیمانیہ کے ناظم مفتی حماد نعمانی نے انقلاب کو بتایا مدرسہ دارالعلوم سلیمانیہ کی جانب سے ۲۰۰؍غریب، یتیم، مسکین اور نادار افرادکو قربانی کا گوشت دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مدرسہ کی اس کاوش کو مقامی افراد نے سراہا۔
جماعت اسلامی میراروڈ کے سیکریٹری سیّد انیس حسین نے انقلاب کو بتایا کہ جماعت اسلامی نے کل ۱۸۸؍ خاندانوں میں فی خاندان ۷۵۰؍ گرام گوشت تقسیم کیا۔ اس استفسار پر کہ ان خاندانوں کی شناخت کیسے کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی میراروڈ خدمت خلق کے شعبہ میں بہت منظم طریقے سے کام کر رہی ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں فطرہ کی رقم تقسیم کرنے کیلئے اجتماعی نظم قائم ہے اور اس کے تحت باقاعدہ گھر گھر جا کر سروے کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ہر مہینے ضرورت مند افرادکو تعلیمی، طبی اور معاشی طور پر خودکفیل بنانے کیلئے امداد دی جاتی ہے اسی لئے ہمارے پاس ضرورت مند افراد کی بڑی فہرست ہے۔ انہی لوگوں کو عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔