• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یاد ہے ممبرا کی وہ ڈبل سرنگ جو ۲۰۲۳ ءمیں شروع ہونے والی تھیں لیکن اب بھی نامکمل ہے !

Updated: November 25, 2025, 11:55 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبرا کی پہاڑی میں بنائی جانے والی ۲؍سرنگ جو ممبرا کو ایرولی سےجوڑیں گی،جس کے بارے میں حکومت نے ۲۰۲۳ء میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا مگر صرف ایک سرنگ کا کام مکمل ہوا جبکہ دوسری سرنگ کا کام اب بھی نامکمل ہے

Current state of the tunnel
 سرنگ کی موجودہ حالت

 ممبرا کی پہاڑی میں بنائی جانے والی ۲؍سرنگ جو ممبرا کو ایرولی سےجوڑیں گی،جس کے بارے میں حکومت نے ۲۰۲۳ء میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا مگر صرف ایک سرنگ کا کام مکمل ہوا جبکہ دوسری سرنگ کا کام اب بھی  نامکمل ہے۔ ان سرنگوں کے شروع ہونے سے ممبراکوسہ کے شہریوں کو بھی کافی راحت ملے گی۔ فی الحال انہیں ایرولی سے ممبرا آنے میں شیل پھاٹا اور مہاپے روڈ سے جاناپڑتا ہے جہاں اکثر زبردست ٹریفک جام رہتا ہے۔ اس روٹ سے ایرولی سے ممبرا آمدورفت میں تقریباً ۴۰؍ منٹ لگتے ہیں ۔ سرنگ شروع ہونے سے یہی سفر محض ۱۰؍منٹ میں طے کیا جاسکے گا۔ اس سے    گاڑیوں کا وقت اور ایندھن بچے اور انہیں فضائی آلودگی اورٹریفک جام سے بھی نجات ملے گی۔
 فی الحال مسافروں کو مہاپے یا تھانے سے ہو کر  ایرولی ، نوی ممبئی جانا پڑتا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے شیل پھاٹا  روڈ پر بھی مال بردارگاڑیوں کا ٹریفک کم ہو جائے گا اور کٹائی ناکہ اور ایرولی کے درمیان سفر کا وقت۳۰؍ منٹ کم ہو جائے گا جس سے ممبئی سے کلیان، امبرناتھ اور بدلاپور جانے والے مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ 
 یہ بھی بتایا گیاتھاکہ مذکورہ سرنگیں  ۴، ۴؍ لین کی ہیں۔مذکورہ سرنگوں کی تعمیر میں نیو آسٹرین ٹنلنگ میتھڈ ( این اے ٹی ایم )کنٹرولڈ بلاسٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ 
 ۲۰۲۳ء میں سرنگیں شروع کرنے کا  اعلان اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سرنگ بنانے کیلئے آخری بلاسٹ کرنے کے بعدکیا تھا  لیکن  ۲؍سال  گزر جانے کے باوجود سرنگ کی ایک بھی لین مکمل نہیں ہو سکی ہے ۔یہ سرنگ ایرولی- کٹائی  ناکہ پروجیکٹ کا ایک اہم حصہ ہے۔
 کالسیکر کالج کے پیچھے پہاڑی میں ۲؍ سرنگیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ ایک ممبرا سے ایرولی کی طرف جانے والی جبکہ دوسری ایرولی سے ممبرا آنے والی گاڑیوں کیلئے۔ نمائندۂ  انقلاب  نے جب یہاں کا دورہ کیا تو دیکھا کہ ایرولی سےممبرا والی سرنگ کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور سرنگ سے منسلک روڈ بھی سیمنٹ کنکریٹ سے تعمیر کیا جا چکا ہے جبکہ دوسری سمت کی سرنگ کاکافی کام ابھی باقی ہے۔ سرنگ میں اوپرکی سمت کی سرفیسنگ سے لے کر اس سے جڑے  روڈ کا بھی کافی کام ابھی  باقی   ہے ۔اسی روڈ پر ایک پل بھی تعمیر کیاجارہا ہے جو کلیان کی طرف جانے والی گاڑیوں کو سرنگ سے جوڑے گا۔ اس بریج کا بھی ستون اور دیگر تعمیراتی کام باقی ہے۔
 ممبرا سرنگ میں کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ بارش کے دنوں میں کام کافی بڑھ گیا تھا ۔ کبھی سرنگ کے اطراف کی مٹی کھسک کر روڈ پر گر جاتی تو کبھی زیر تعمیر سرنگ کے درمیان میں کوئی مسئلہ پیش آ جاتا ۔ مٹی نہ کھسکے اس کیلئے نیٹ  لگا دیا گیا ہے۔ گویا جیسے جیسے وقت گزرتا جا رہا ہے، ویسے ویسے کام بڑھتا جا رہا ہے اسی لئے اب تک سرنگ مکمل نہیں ہو سکی ہے۔
 جب تک یہ نمائندہ سرنگ کے پاس تھا ،چند موٹر سائیکلیں ،جیپ اور کار سرنگ میں داخل ہوتیں اور باہر آتی نظر آئیں ۔ ان کے تعلق سے پوچھنے پر مذکورہ ملازم نے بتایاکہ یہ ملازمین   ہیں۔
  جو سرنگ مکمل ہو چکی ہے اسے ٹریفک کیلئے کھولنے سے متعلق پوچھنے پر مذکورہ ملازم نے بتایا کہ اگر اسے کھول دیا گیا تو دوسری جانب کی سرنگ کا کام کرنے میں دقت پیش آئے گی ۔ البتہ اس کا یہ اندازہ ہے کہ تقریباً ایک سال میں یہ سرنگیں ٹریفک کیلئے کھول دی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK