ملک کے پہلے جوہری ری ایکٹر ’اپسرا‘ کی تعمیر میں ڈاکٹر ہومی جہانگیر بھابھا کے ساتھ شامل تھے، وزیراعظم مودی اور کانگریس سربراہ نے خراج عقیدت پیش کیا۔
EPAPER
Updated: May 21, 2025, 11:14 AM IST | New Delhi
ملک کے پہلے جوہری ری ایکٹر ’اپسرا‘ کی تعمیر میں ڈاکٹر ہومی جہانگیر بھابھا کے ساتھ شامل تھے، وزیراعظم مودی اور کانگریس سربراہ نے خراج عقیدت پیش کیا۔
جوہری سائنس دان اور ایٹمی توانائی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ایم آر سری نواسن کا منگل کو تمل ناڈو میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر۹۵؍ سال تھی۔ملک کے سول نیوکلیئر انرجی پروگرام کے چیف آرکیٹیکٹ ڈاکٹر سری نواسن نے ستمبر۱۹۵۵ء میں ڈپارٹمنٹ آف اٹامک انرجی (ڈی اے ای) میں اپنے کریئر کا آغاز کیا اور۵؍ دہائیوں سے زائد عرصے تک خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ہومی جہانگیر بھابھا کے ساتھ ملک کے پہلے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر ’اپسرا‘ کی تعمیر میں کام کیا جس نے اگست۱۹۵۶ء میں کام شروع کیا۔۱۹۵۹ء میں انہیں ملک کے پہلے ایٹمی پاور اسٹیشن کیلئے چیف پروجیکٹ انجینئر مقرر کیا گیا۔۱۹۷۴ء میں، وہ ڈی اے ای کے پاور پروجیکٹ انجینئرنگ ڈویژن کے ڈائریکٹر بنے اور ایک دہائی بعد نیوکلیئر پاور بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا۔
۱۹۸۷ء میں ڈاکٹر سری نواسن کو اٹامک انرجی کمیشن کا چیئرمین اور محکمہ جوہری توانائی کا سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ اسی سال وہ نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این پی سی آئی ایل ) کے بانی چیئرمین بھی بن گئے۔ ان کے دور میں نمایاں توسیع دیکھنے میں آئی اور ان کی رہنمائی میں۱۸؍ نیوکلیئر پاور یونٹ تیار کئے گئے، جن میں سے ۷؍ کام کر چکے تھے اور۷؍ زیر تعمیر تھے۔ اس کے علاوہ، چار منصوبہ بندی کے مرحلے میں تھے۔ڈاکٹر سری نواسن کو جوہری سائنس اور انجینئرنگ کے شعبے میں ان کی مثالی شراکت کیلئے ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔
وزیراعظم مودی نے ان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے جوہری توانائی کے پروگرام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اہم جوہری بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ڈاکٹر سری نواسن کے اہم کردار نے ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے میں بہت بڑا حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ایٹمی انفراسٹرکچر کی ترقی میں ان کے تعاون نے توانائی کے شعبے میں ہمارے خود انحصار ہونے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہیں جوہری توانائی کمیشن کی متاثر کن قیادت کیلئے یاد کیا جاتا ہے۔ سائنسی ترقی کو آگے بڑھانے اور بہت سے نوجوان سائنسدانوں کی رہنمائی کیلئے ملک ہمیشہ ان کا شکر گزار رہے گا۔‘‘
کانگریس کے سربراہ ملکارجن کھرگے نے بھی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ایم آر سری نواسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے ایک عظیم سائنسداں کو کھو دیا ہے لیکن ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سری نواسن نے جوہری توانائی کے شعبے میں ملک کو متمول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔