Inquilab Logo

یوم جمہوریہ پریڈ میں پنجاب-دہلی کی جھانکی رد ہونے پر ’آپ‘ برہم

Updated: December 30, 2023, 1:23 PM IST | Agency | New Delhi

عام آدمی پارٹی نے مرکز پر الزام لگاتے ہوئے بدلہ لینے کی کوشش قرار دیا،کجریوال اور بھگونت مان ۲۶؍جنوری کی پریڈ میں اپنی تصویر چاہتے تھے، بی جے پی کا دعویٰ۔

Republic Day. Photo: INN
یوم جمہوریہ ۔ تصویر : آئی این این

یوم جمہوریہ پریڈ میں کرتویہ پتھ پر اس بار دہلی کی جھانکی نظر نہیں آئے گی۔ مرکزی حکومت نے دہلی کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ اس پر عام آدمی پارٹی نے مرکزی حکومت سے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے مودی حکومت پر سوتیلا اختیار کرنے کا الزام لگایا۔ پارٹی کا الزام ہے کہ مودی حکومت مسلسل بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کو موقع دے رہی ہے جبکہ دہلی حکومت کو ملک کے سامنے اپنا ماڈل پیش کرنے کا موقع نہیں دے رہی ہے۔
دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے کہا کہ مرکزی حکومت تین سال سے ملک کی راجدھانی دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریب کو منسوخ کر رہی ہے۔ ۲۰۲۲ءمیں تھیم ’ریزالو۷۵‘ تھی، جس میں دوسرے دور کی میٹنگ میں ہمارے ڈیزائن کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ ۲۰۲۳ءمیں تھیم ’ناری شکتی‘ تھی، ہمارا ڈیزائن پھر سے رد کردیا گیااور ۲۰۲۴ءمیں تھیم ’وکست بھارت‘ہے اور ہماری جھانکی کو پھر سے رد کردیا گیا۔ ہم دہلی حکومت کی تعلیم اور صحت کے ماڈل کو جھانکی کے توسط سے دکھانا چاہتے تھے۔ یہاں تک کہ آئندہ یوم جمہوریہ کی پریڈ کے لیے پنجاب حکومت کی جھانکی کو بھی رد کردیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت صرف آپ حکومت سے بدلہ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔
ادھر آپ ترجمان پرینکا ککڑ نے بھی اس معاملے میں شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت اپنا تعلیمی و طبی ماڈل جھانکی کے ذریعہ سے دکھانا چاہتی تھی، پورے ملک کو یہ بھی بتانا تھا کہ دہلی میں مہنگائی سب سے کم اور فی کس آمدنی سب سے زیادہ ہے، بجلی-پانی سستا ہے، فلائی اوور تخمینی لاگت سے کم میں بن رہے ہیں ۔ لیکن مودی حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی۔
دریں  اثنا پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے بھی مرکز پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے بدھ کہا تھا کہ مرکز نے امتیازی سلوک کیا ہے۔ جن ریاستوں کی جھانکی منتخب کی گئی ان میں  ۸۰؍فیصد بی جے پی کی حکومتیں ہیں ۔ اس پر پنجاب بی جے پی نے جمعرات کو کہا تھا کہ سی ایم بھگونت اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں ۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ بھگونت مان جھانکی میں اپنی اور اروند کجریوال کی تصویر چاہتے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK