Inquilab Logo

چھاپوں کے بعد ریپبلکن کی پہلی عوامی ریلی

Updated: September 05, 2022, 1:19 PM IST | Agency | Washington

سابق امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کے جارحانہ تیور ، وسط مدتی انتخابات کے ریپبلکن امیدواروں کی حمایت میں منعقدہ ریلی سے خطاب۔ صدر جو بائیڈن کو نشانہ بنایا، انہیں ’ ملک دشمن‘ تک قرار دے د یا۔ ایف بی آئی اور محکمۂ انصاف پر بھی شدید تنقید کی

Former US President Donald Trump addressing the rally. .Picture:INN
سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ریلی سے خطاب کرتےہوئے۔ ۔ تصویر:آئی این این

امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ پر چھاپوں کے بعد امریکی ریاست پنسلوانیا میں ریپبلکن  پارٹی کی پہلی   عوامی ریلی ہوئی جس میں ٹرمپ نے  انتہائی جار حانہ تیور اختیار کیا ۔ اس موقع پر انہو ں نے امریکی صدر جو بائیڈن کو نشانہ بنایا  اور  انہیں ملک دشمن تک قرار دے دیا۔ اس موقع ٹرمپ نے ایف بی آئی  اور  امریکی محکمۂ انصاف پر بھی شدید تنقید کی ۔  میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے سنیچر کو پنسلوانیا کی مذکورہ ریلی کے دوران  اپنے گھر پر ایف بی آئی چھاپے کے بعد پہلی عوامی گفتگو میں کہا کہ یہ تلاشی نا انصافی تھی ۔  انہوں نے خبردار کیا کہ اس سےایسا ردعمل سامنے آئے گا جو کسی نے کبھی نہیں دیکھا۔ڈونالڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی آزادی کو درپیش حقیقی خطرات کی اس سے زیادہ واضح مثال نہیں ہو سکتی کہ صرف چند ہفتے قبل امریکی تاریخ میں کسی بھی انتظامیہ کی طرف سے طاقت کا سب سے حیران کن استعمال کیا گیا۔ڈونالڈ ٹرمپ نے ولکس بیری شہر میں منعقد ہ ریلی میں اپنے حامیوں کو خوش آمدید کہا ۔   انہوں نے  جو بائیڈن کی اس تقریر کا بھی  جواب دیا جس میں  امریکی صدر نے پہلی مرتبہ ٹرمپ کا نام لے کر کہا تھا کہ ان کے پیش رو اور ریپبلکن پارٹی کے حامی انتہا پسندی کی نمائندگی کرتے ہیں جو ہماری جمہوری بنیادوں کیلئے خطرہ ہے۔جو بائیڈن کی اس تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو بتایا کہ جو بائیڈن نےکسی بھی امریکی صدر کی طرف سے اب تک کی سب سے زیادہ شیطانی اور نفرت انگیز  تقریر کی ہے۔وہ  ملک دشمن ہیں اور آپ یہ جاننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم وہ ہیں جو اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بہت سادہ بات ہے۔ جمہوریت کو خطرہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے، دائیں بازو سے نہیں۔
  واضح رہےکہ گزشتہ دنوں امریکی صدر جو بائیڈن نے پہلی بار ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لے کر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ انہوں نے سابق صدر اور ان کے انتہا پسند حامیوں کو جمہوریت کیلئے خطرہ قراربتایا تھا۔فلاڈیلفیا میں خطاب کے دوران امریکی صدر نے ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی ’میک امریکہ گریٹ اگین‘ (میگا) مہم کے حامیوں کو  نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ سابق صدر ٹرمپ او ر امریکہ کو پھر عظیم بنانے والے نعرے کے حامی انتہا پسند ریپبلکنز ملک کی بنیادوں کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی تھی کہ وہ۲؍ سال قبل ڈونالڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے ۷؍کروڑ امریکی شہریوں پر تنقید نہیں کر رہے مگر آج کی ریپبلکن پارٹی میں ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کا غلبہ ہے جو  اس ملک کیلئےخطرہ ہے۔  ولکس بیری شہر میں منعقد ہ ریلی میں سابق  امریکی  صدر ڈونالڈٹرمپ نے مزید کہا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے چھاپے میں تیسری دنیا کے ہتھکنڈے استعمال کئے، چھاپے سے ایک دن پہلے ایک انتہائی سیاسی مجسٹریٹ کو مقرر کیا گیا۔  ڈونالڈ ٹرمپ  کے بقول:’’ میرے حقوق اور شہری آزادیوں کو اس طرح پامال کیا گیا جیسے ہمارا ملک تیسری دنیا کاحصہ ہے۔ ایسے چھاپہ مارا گیا جیسے ہم تیسری دنیا کی قوم کی طرح ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے :’’ میری اہلیہ کے کپڑوں کی الماریوں کی تلاشی لی گئی، میرے۱۶؍ سال کے بیٹے کے کمرے کی تلاشی بھی لی گئی۔‘‘سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایف بی آئی ایجنٹس نے سارا سامان الٹ پلٹ کر رکھ دیا۔ ایف بی آئی اور محکمۂ انصاف  نے کچھ نہیں چھوڑا ۔ڈونالڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف بی آئی اور محکمۂ انصاف بائیں بازو کے انتہا پسندوں، وکلاء اور میڈیا کے کنٹرول میں ہیں۔  ماہرین کے مطابق یہ ریلی بنیادی طور پر نومبر میں ہونے والے و سط مدتی انتخابات کے  ریپبلکن  امیدواروں کی  حمایت میں کی گئی تھی لیکن   جب سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس ریلی سے خطاب کرنا شروع کیا تو انہوں نے سب سے زیادہ ایف بی آئی کے چھاپوں کا ذکر کیااور اسے مختلف پہلوؤں سے غلط بتایا ۔ان کی تقریر سے بظاہر سے ایسا لگا کہ انہوں نے اس ریلی کے ذریعہ اپنی  بھڑا س نکالی اور بائیڈن انتظامیہ کیخلاف غم وغصے کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK