• Fri, 14 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روز صرف ایک گلاس میٹھا سوڈا ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ۳۰؍ فیصد بڑھا سکتا ہے: محققین

Updated: November 14, 2025, 1:55 PM IST | Washington

محققین کے مطابق ایک دن میں صرف ایک گلاس میٹھا سوڈا پینے سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ تقریباً ۳۰؍ فیصد بڑھ سکتا ہے، جب کہ پھل یا پھلوں کے جوس سے حاصل ہونے والی اتنی ہی مقدار کے مضر اثرات نہیں ہوتے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ایک نئی تحقیق کے مطابق، روزانہ صرف ایک گلاس میٹھا سوڈا پینے سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ تقریباً ۳۰؍ فیصد تک بڑھ  سکتا ہے۔جریدے کلینکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک صحت مند شخص جو سوڈا نہیں پیتا اس میں ہائی بلڈ پریشر کے پیدا ہونے کا خطرہ تقریباً۶؍ فیصد ہوتا ہے، جو روزانہ کی کھپت کے ساتھ بڑھ کر۸؍ فیصد ہو جاتا ہے۔تحقیق میں یہ جانچا گیا کہ مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی فرکٹوز بلڈ پریشر کو کیسے متاثر کرتی ہے۔ محققین نے پایا کہ پھل یا پھلوں کے جوس سے حاصل ہونے والی اتنی ہی مقدار میں فرکٹوز کے ایسے مضر اثرات نہیں تھے۔لیڈ ریسرچر مارٹن براوورس نے کہا، ’’ہم نے فرکٹوز کے اثرات کا طرز زندگی سے آزاد ہو کر مطالعہ کیا۔ ہم نے یہ دیکھا کہ کیا شکر کے استعمال کی شکل (سوڈا، پھل، یا پھلوں کا جوس) سے فرق پڑتا ہے۔‘‘ ۵۸۰۰؍  سے زائد افراد کے ڈیٹا سے پتہ چلا کہ روزانہ صرف۱۰؍ گرام فرکٹوز (ایک گلاس سوڈے کے برابر) ہائی بلڈ پریشر کے خطرے میں ۲۹؍ فیصد اضافہ کر دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں ۲۰۲۴ء میں عالمی سطح پر ٹی بی کے سب سے زیادہ معاملات: ڈبلیو ایچ او

ایک فالو اپ مطالعے میں۲۱؍ صحت مند شرکاء پر فرکٹوز کے چار ذرائع (سیب، سیب کی پیوری، سیب کا جوس، اور سوڈا نما شکر) آزمائے گئے۔ صرف سوڈے سے حاصل ہونے والی فرکٹوز نے بلڈ پریشر میں اضافہ کیا۔براوورس نے خبردار کیا، کہ اس مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ فرکٹوز کی پیکیجنگ ،اہمیت رکھتی ہے۔ پھلوں میںفائبر، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر حفاظتی مرکبات بھی ہوتے ہیں جو جسم میں شکر کے تحلیل ہونے کو سست کرتے ہیں اور اس کے مضر اثرات کو روکتے ہیں۔ لہٰذا، فرکٹوز کس شکل میں استعمال ہوتی ہے، یہ جزوی طور پر صحت پر اس کے اثرات کا تعین کرتی ہے۔‘‘میٹھے مشروبات سے حاصل ہونے والی فرکٹوز کا تعلق فیٹی لیور ڈیزیز اور ٹائپ۲؍ ذیابیطس سے پہلے ہی جوڑا جا چکا ہے۔ یہ تحقیق اس بات کے ثبوت میں اضافہ کرتی ہے کہ روزانہ سوڈا پینا بلڈ پریشر بھی بڑھاتا ہے، جو دل کے دورے اور فالج کے بڑے خطرے کی اہم وجہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK