Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر اور مضافات میں ۱۳؍ ہزار سے زائد قدیم و مخدوش عمارتوں کے مکین غیرمحفوظ !

Updated: May 09, 2025, 11:30 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مہاڈا نے سرکیولر جاری کرکےمخدوش عمارتوں کے مکینوں کو متنبہ کیا، یہ عمارتیں ممبئی بلڈنگ رپیئر اینڈ ری کنسٹرکشن بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں

An old photo of a dilapidated building
ایک مخدوش عمارت کی پرانی تصویر

 شہر اور مضافات میں ایسی۱۳؍ ہزار سے زائد عمارتیں ہیں جو قدیم ہونے کے ساتھ انتہائی مخدوش ہوچکی ہیں ۔یہ تمام عمارتیں ممبئی بلڈنگ رپیئراینڈ ری کنسٹرکشن بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں ۔ ساتھ ہی سرکیولر کے ذریعہ ڈیولپمنٹ کنٹرول ریگولیشن۳۳(۷) اور ۳۳(۹) کے تحت دستیاب ایف ایس آئی مراعات سے فائدہ اٹھانے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
 حادثے کے ذمہ دار خود ہوں گے
 مہاڈا نے اس ضمن میں جو سرکیولر جاری کیا ہے،  اسکے مطابق شہر اور مضافات میں۱۳؍ ہزار ۹۱؍ عمارتیں نہ صرف یہ کہ قدیم ہیں بلکہ خستہ حال ہیں۔ان مخدوش عمارتوں میں رہائش پزیر مکینوں کو اس بات سے بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ری ڈیولپمنٹ اسکیم کا فائدہ نہیں اٹھاتے ہیں یا مرمت کے لئے رپیئر بورڈ سے رابطہ نہیں کرتے ہیں تو ہونیوالے حادثے کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔
 موسم باراں میں ایسی مخدوش عمارتوں میں حادثات پیش آنے کا خطرہ لاحق بتایا گیا ہے۔ مکینوں کو ان خطرات سے محفوظ رکھنے اور اسکیم کے ذریعہ فائدہ اٹھانے کیلئے مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایئریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (مہاڈا) نے سرکیولر جاری کرنے کے ساتھ مذکورہ بالا عمارتوں کا معائنہ کرنا شروع کیا ہے۔ اس دوران بلڈنگوں میں رہنے والے مکینوں اور سوسائٹیوں کے ممبران کو ری ڈیولپمنٹ فریم ورک سے آگاہ کیا جارہا ہے۔  مہاڈا کے اس سلسلہ میں جار کردہ سرکیولر کے مطابق مہاڈا ڈیولپمنٹ ایکٹ۱۹۷۶ء  کے تحت پرانی اور خستہ حال عمارتوں کی مرمت یا ازسر نو اس کی تعمیر کرنا بورڈ کی قانونی ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں مہاڈا کے نائب صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنجیو جیسوال نے امسال  ۵۰۰؍ سے زائد  قدیم اور انتہائی مخدوش عمارتوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔  وہیں اس سلسلہ میں۵۵۵؍ عمارتوں کے کئے گئے معائنہ کے بعد۵۴۰؍ عمارتوں کی رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ آفیسر کا کہنا تھا کہ رپورٹ کی مدد سے عمارتوں کو فوری مرمت یا از سر نو تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرکے نہ صرف ممکنہ حادثہ کو روکا جاسکتا ہے بلکہ مکینوں کو ہونے والے جانی و مالی نقصان سے بھی بچایا جاسکتا ہے - یہی نہیں آفیسر نے۱۳؍ ہزار سے زائد قدیم اور مخدوش عمارتوں کا آڈٹ کرنے اور انہیں مہاڈا ایکٹ کے تحت از سر نو تعمیر کرنے یا ری ڈیولپمنٹ کرنے کا لائحہ عمل تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ اس ضمن میں جاری کردہ سرکیولر کے ذریعہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمارت یا سوسائٹی کو ری ڈیولپ کرنے یا مرمت کرنے کے لئے۶؍ ماہ کے درمیان فیصلہ کرنا ہے اور۵۰؍ فیصد مکینوں کی رضامندی کیساتھ ممبئی بلڈنگ رپیئرس اینڈ ری کنسٹرکشن بورڈ سے رجوع کرنا ہے۔۶؍ ماہ میں قدیم اور مخدوش عمارتوں کے ذمہ داران مذکورہ بالا محکمہ سے رجوع نہیں کرتے ہیں تو اس محکمہ کو بذات خود فیصلہ لینے کا اختیار ہوگا۔ وہیں سرکیولر کے ذریعہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں، اور مذکورہ بالا  خستہ حال عمارتوں کے ذمہ داروں اور مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ڈیولپمنٹ کنٹرول ریگولیشن کے تحت دستیاب ایف ایس آئی کی مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔رہنمائی کیلئے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز سے رابطہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK