Inquilab Logo Happiest Places to Work

موتی لال نگر کے مکینوں کا مہاڈا دفتر پرزبردست مورچہ

Updated: August 28, 2026, 11:02 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Bandra

مظاہرین نےنعرے لگائے۔ مکینوں کے ۵؍اہم مطالبات ،کہا: ہمارے گھرمحض عمارت نہیں ہمارے اہل خانہ کی محفوظ پناہ گاہ ،عزت اورمستقبل ہیں۔ اپنے حق کیلئے بیدار رہنے کا پیغام ۔ایک ہی مانگ ایک ہی نعرہ ،ملے ہمیں ادھیکار ہمارا۔

Residents of Motilal Nagar protesting at the gate of the MHADA office in Bandra East. Picture: Inquilab
باندرہ مشرق میں مہاڈاآفس کے گیٹ پر موتی لال نگر کے مکین احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

نمبر ایک، دو اورتین کےری ڈیولپمنٹ کے تعلق سے مکینوں کے مطالبات پورا نہ کئے جانے اور مہاڈا کی جانب سے غیرضروری شرائط لادنے کے خلاف جمعرات ۲۷؍ اگست کی صبح سے باندرہ میں مہاڈا دفتر کے گیٹ پر مکینوں نے مورچہ نکالا ۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں مختلف نعروں والے پلے کارڈز تھے اور وہ نعرے بھی لگارہے تھے۔ ان پلے کارڈز پر’ایک ہی مانگ ایک ہی نعرہ، ملے ہمیں ادھیکار ہمارا‘، ’بس کرو ہیرا پھیری جانکاری دو ہمیں پوری‘، ’گھر ہمارا حق ہمارا، نہیں چلے گا دھوکہ تمہارا‘، ’ ۲۴۰۰؍ اسکوئر فٹ کارپیٹ ایریا کا گھر دو، تحفظ ہو ہر عبادت گاہ کا، عزت ہو ہرذات برادری کی ‘وغیرہ نعرے تحریر تھے۔ دریں اثناء ۸؍ رکنی وفد نے مہاڈا کے سی ای او کومیمورنڈم دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: سوشل میڈیا سے بچوں کو بچانے کی کوشش تیز

مظاہرے میں شرکت کےلئے جذباتی پیغام 

موتی لال نگر وکاس سمیتی کی جانب سے بڑے بینر پر مظاہرےمیں شرکت کیلئے مکینوں کو مدعو کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’’موتی لال نگر نمبر ایک، دو اورتین میں رہنے والے ماں، بہن اور بھائی متوجہ ہوں۔ ایک دن اپنے لئے، اپنے گھر کیلئے، ایک دن اپنے حق کیلئے اورایک دن حکومت سے سوال کرنے کیلئے تیار رہئے۔ موتی لال نگر کے ری ڈیولپمنٹ کی بابت، اڈانی پراپرٹی لمیٹیڈ اورمہاڈا کے ذریعے غلط طریقےسے معاہدے کے خلاف زبردست مورچہ۔ بینر پر مزیدلکھا تھا کہ غور کیجئے، سوال قائم کیجئے اور اپنےحق کیلئے بیدار رہئے۔ مورچہ کے دوران میمورنڈ م دینے والوں سلیم خان، نلیش پربھو، راجن کامبلی، ایڈوکیٹ پردیپ سالوی، نلیش اہیرے، موہن باکڑے، اکھل ترپاٹھی اورگوری ترپاٹھی شامل تھے۔ بڑی تعداد میں مظاہرین کے سبب پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ 

مظاہرین کے ۵؍ اہم مطالبات کے برعکس مہاڈا کی جانب سے پہلے جو ایریا دینے کا یہ کہتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ملکی سطح پرمہاڈا کا سب سے اہم پروجیکٹ ہوگا اور۱۶۰۰؍اسکوائر فٹ کے سب سے کشادہ مکان یہاں کے مکینوں کو ملیں گے اوراس میں ۲۰؍اقسام کی سہولتیں ہوں گی مگر اس سے مکینوں کو اتفاق ہی نہیں ہے، ان کا مطالبہ اس کے برعکس ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران پر نئی معاشی پابندیوں کا دباؤ، تہران نے کہا وہ یہ دباؤ برداشت کر سکتا ہے

’’مہاڈا سی ای او نے اکنامک سروے کا مطالبہ تسلیم کرلیا ‘‘

یہ تفصیلات احتجاج میں پیش پیش رہنے والے اور میمورنڈم دینے والوں میں شامل کامریڈ ایڈوکیٹ پردیپ سالوی نے بتائیں۔ ان کے مطابق مہاڈا کے سی ای اونےاکنامک سروے کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے مگر ۲۴۰۰؍ اسکوائر فٹ کا مکان دینے اور ڈی سی پی آر رول کے تحت سروے کےبارے میں ان کا کہناہے کہ یہ حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے، ان کے اختیار میں نہیں ہے۔ 

واضح ہوکہ اس ری ڈیولپمنٹ کے تعلق سے ۱۷؍اپریل کو ایک بڑی کانفرنس کےدوران مہاڈا کے سی ای اونےاس تعلق سے تفصیلات سےآگاہ کرایا تھا اورلمبے چوڑے دعوے کئے تھے۔ 

مکینوں کے ۵؍مطالبات کیا ہیں؟
(۱)موتی لال نگر کا ڈی سی پی آر رول ۳۳ء۵؍ (ڈیولپمنٹ پلان ۲۰۳۴ءکے مطابق )کے تحت ری ڈیولپمنٹ کیاجائے (۲) ہرگھر اورخاندان کا سوشل بیک گراؤنڈ کے حساب سے سروے کیا جائے (۳) ہرمکین کو۲۴۰۰؍ اسکوائر فٹ کارپیٹ مکان دیا جائے (۴) کمرشیل والوں کو ۲۰۷۰؍اسکوائر فٹ جگہ دی جائے (۵ ) تمام چیزیں طے کرنےاوراعتماد میںلینے کےبعد ہی ری ڈیولپمنٹ کا کام آگے بڑھایا جائے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK