Inquilab Logo

امریکی کانگریس ٹرمپ کی لگام کسنے کیلئے کوشاں

Updated: January 11, 2020, 5:20 PM IST | Agency | Washington

امریکی کانگریس نےایران کے ساتھ جنگ کے امکانات کو کم کرنے کیلئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اختیار کو محدود کرنے کی قرارداد منظور کی ہے۔ اس قرارداد کے حق میں ۲۲۴؍ووٹ اور مخالفت میں ۱۹۴؍ ووٹ ملے۔

مپ ۔ تصویر : آئی این این
مپ ۔ تصویر : آئی این این

  واشنگٹن : امریکی کانگریس  نےایران کے ساتھ جنگ کے امکانات کو کم کرنے کیلئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اختیار کو محدود کرنے کی قرارداد منظور کی ہے۔  اس قرارداد کے حق میں ۲۲۴؍ووٹ  اور مخالفت میں ۱۹۴؍ ووٹ  ملے۔ حیرت انگیز طور پر ٹرمپ کی  ری پبلکن پارٹی کے ۳؍ ار اکین نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا  ہے ۔ یہ قرا رداد اب ری پبلکن کی اکثریت  والے سینیٹ میں پیش کی جائے گی جہاں  اس کی کامیابی مشکل نظر آتی ہے۔ 
   جمعرات کو ایوان نمائندگان میں پیش کئی  گئی قرار داد میں امریکی صدر کو پابند کیا گیا ہے کہ  وہ کانگریس سے اجازت لئے بغیرایران کے خلاف مسلح  امریکی افواج کی کارروائی نہیں کر سکتے ۔ تاہم  امریکہ پر کسی ناگزیر حملے کی صورت میں صدر کے ذریعے دفاعی اقدام کو اس سے مستشنیٰ رکھا گیا  ہے۔
 قرار داد میں۱۹۷۳ء کے جنگی اختیارات کے قانون کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں کانگریس کو امریکی صدر کی جنگ کے اختیارات کے استعمال کے متعلق جانچ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔  ’بی بی سی  ‘  کے مطابق اگر یہ  قراردادمنظور ہو جاتی ہے تو اسے ٹرمپ کےویٹو کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اسے  وقتی قرار داد کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس کی منظوری کیلئے صدر دستخط کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔
امریکہ اور دنیا ایک اور جنگ کی متحمل نہیں: پلوسی
  اس قرار داد کے متعلق کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی  نے کہا کہ  امریکی حکومت کومزید تشدد روکنا چا ہئے۔  امر یکہ اور دنیا جنگ کے متحمل نہیں ہوسکتے۔  اس لئے  ٹرمپ کوکشیدگی کم کر نے کیلئے مزید اشتعال انگیزی سے بچنا چاہئے۔ انہوں نے  مزیدکہا کہ قرار داد کے ذریعے ٹرمپ کے فوجی اقدامات محدود کرنے سے  امریکی اقدار اور قیمتی جانوں کومحفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔
  جنگ میں ملوث ہونا غلط فیصلہ ہوگا: ری پبلکن  لیڈر
   ٹر مپ کے انتہائی حامی سمجھے جانے والے ریپبلکن پارٹی سے کا نگر یس کے رکن   میٹ گینز نے امریکی صدر پر تنقید کرنے سے بچتے ہوئے  کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایک اور جنگ میں ملوث ہونا ایک غلط فیصلہ ہوگا ۔ انہوں نے  مزید کہا کہ جس طرح ہمارے فوجی خطرے کے باوجود ہلاکت خیز جنگوں میں  جانے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ اسی طرح  بطور کانگریس ہم بھی صدر کی حمایت یاان کے خلاف ووٹ  دینے کی ہمت رکھتے ہیں۔
  کانگریس کا اقدام مضحکہ خیز: ٹرمپ 
   ڈونالڈ ٹرمپ اور وہائٹ ہائوس انتظامیہ نے   کانگریس کے اقدام کو مضحکہ خیز قرار  دیا ہے۔ ٹرمپ نے ایک  ریلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں نے  ان سے( کانگریس)  مشورہ لیا ہوتا تو وہ اس  خفیہ آپریشن کو  افشا کردیتے۔وہائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایران مسلسل امریکی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ کانگریس کا اقدام امریکی شہریوں  کے تحفظ کی صلاحیت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK