Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریستوراں زبردستی سروس چارج وصول نہیں کر سکتے، ۴۱؍ کے خلاف کارروائی

Updated: July 21, 2026, 11:08 AM IST | New Delhi

صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے والے مرکزی ادارہ ’’سی سی پی اے‘‘کا نیشنل کنزیومر ہیلپ لائن پر ملنےوالی شکایات کی بنیاد پرکریک ڈاؤن۔

Symbolic image: INN
علامتی تصویر: آئی این این

صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم مرکزی ادارہ ’’سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھاریٹی ‘‘ (سی سی پی اے) نے ملک  کے۴۱؍ ریستورانوں کے خلاف صارفین سے ان کی رضامندی کے بغیر بل میں ازخود سروس چارج شامل کرنے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ اتھاریٹی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ریستوراںکو صارف کو سروس چارج ادا کرنے کیلئے مجبور کرنے کا حق نہیں ۔ایسا کرنا صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی اور غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے۔

یہ کارروائی نیشنل کنزیومر ہیلپ لائن (این سی ایچ) پر موصول ہونے والی متعدد شکایات کی بنیاد پر کی گئی۔ شکایت کنندگان نے اپنے بل بھی جمع کرائے، جن سے معلوم ہوا کہ ریستورانوں نے صارفین کی واضح رضامندی حاصل کیے بغیر سروس چارج خودکار طور پر بل میں شامل کیا تھا۔ تحقیقات کے بعد سی سی پی اے نے واضح کیا کہ یہ عمل۲۰۲۲ء میں جاری کردہ رہنما خطوط اور کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ۲۰۱۹ء کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایف ٹی اے کا اثر: آر ایس ڈبلیو ایم ملبوسات کے شعبے میں قدم رکھے گی

مرکزی وزیر برائے امورِ صارفین پرہلاد جوشی نے واضح کیا کہ سروس چارج مکمل طور پر رضاکارانہ ہے اور اس کا فیصلہ صرف صارف کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو ریستوراں اب بھی زبردستی سروس چارج وصول کریں گے، ان کے خلاف جرمانے سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جن بعض ریستورانوں کے خلاف حتمی کارروائی ہوئی ہے ان  میں  چیایوس (Chaayos)   شامل ہے جس پر ۵۰؍ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا ہے  اور صارف سے وصول کیا گیا سروس چارج لوٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔ کمپنی کو اپنے بلنگ سسٹم  کو  تبدیل کرنے کا حکم دیاگیا ہے تاکہ آئندہ سروس چارج خودکار طور پر بل میں شامل نہ ہو۔جن دیگر ریستورانوں کے خلاف کارروائی ہوئی ہے ،  ان میں کیفے بلیو بوٹل (پٹنہ)، چائنا گیٹ ریسٹورنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، فیسٹا باربی کیو نیشن، ایف او او احمد آباد، ایل اوپیرا فرنچ بیکری پرائیویٹ لمیٹڈ اور زورو دی لگژری نائٹ کلب شامل ہیں جبکہ باقی ریستورانوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK