Inquilab Logo

تلنگانہ میں آج ریونت ریڈی کی حلف برداری، تمام تیاریاں مکمل

Updated: December 07, 2023, 9:23 AM IST | Hyderabad

نامزد وزیر اعلیٰ ریڈی نے لوک سبھا سے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا،کھرگے ، سونیا ، راہل اور پرینکا گاندھی سمیت اہم لیڈران تقریب کیلئے مدعو

Revanth Reddy with Manish Tiwari outside Parliament (Photo: PTI)
ریونت ریڈی منیش تیواری کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے طورپرریونت ریڈی کی حلف برداری کے تقریباً تمام انتظامات مکمل ہو گئے ہیں۔  ان کے ساتھ ۱۰؍ سے ۱۲؍ وزراء بھی آج  دوپہر ایک بجکر ۴۰؍ منٹ پر ایل بی اسٹیڈیم میں حلف لیں گےجن میں ۲؍ نائب وزرائے اعلیٰ  ۸؍؍وزراء ہوسکتے ہیں۔ایل بی اسٹیڈیم میں ان کی حلف برداری کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے حکام سرگرم ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں ریاست بھر سے کانگریس کے لیڈران اور کارکن حصہ لیں گے۔ اس سے قبل تلنگانہ کانگریس کے ایک وفد نے گورنر تمیلی سائی سندراراجن سے راج بھون میں ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے اسمبلی کے لئے نومنتخب ۶۴؍ اراکین کی فہرست ان کے حوالے کی۔اس وفد تلنگانہ پردیش کانگریس کے کارگزارصدرمہیش کمارگوڑ، سینئر نائب صدرملوروی اوردیگر لیڈران مو جود تھے ۔ واضح رہے کہ حلف برداری کی تقریب میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت اہم لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ 
  دوسری طرف تلنگانہ کے نامزد وزیراعلی ریونت ریڈی جو جمعرات کی دوپہر کو شہرحیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے، نے بدھ کو دہلی پہنچ کر لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس دوران انہوں نے  پارلیمنٹ میں اپنے ساتھی اراکین سے ملاقات بھی  کی۔ ان اراکین نے ریونت ریڈی کو وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی ۔ پارلیمنٹ میں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے اراکین نے بھی ان سے ملاقات کی۔  
     دوسری طرف ۸؍دسمبر کو یعنی جمعہ کو میزورم  کے راج بھون میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میںنامزد وزیر اعلیٰ لالدہوما  اپنے ساتھی اراکین کے ساتھ حلف لیں گے۔

telangana Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK