ایک طرف ۲۰۳۰ءتک ملیریا سےپاک ہونےکاہدف ،دوسری جانب آرٹی آئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں مریضوں کی تعداد میں تقریباً۴؍ہزار کا اضافہ ہوا ۔
فاگننگ۔ تصویر:آئی این این
ریاستی حکومت نے ۲۰۳۰ء تک مہاراشٹر کو ملیریا سے پاک کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اسی مناسبت سے اس کی روک تھام کیلئے متعدد اقدامات کئےجا رہے ہیں ،اس کے باوجود آر ٹی آئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ۵؍سال سے ملیریا کے مریضوں کی تعداد کم ہو نے کے بجائے متواتر بڑھ رہی ہے ۔ پچھلے ۵؍ برسوں میں مریضوں کی تعداد میں ۳؍گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مریضوں کی تعداد میں تقریباً۴؍ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ (آرٹی آئی ) کے تحت ممبئی میونسپل کارپوریشن کے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے آر ٹی آئی کارکن چیتن کوٹھاری کو فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ۵؍ برس میں ممبئی میں ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
۲۰۲۲ء میں ملیریا کے ۳۹۸۵؍ مریض پائے گئے تھے جبکہ امسال اکتوبر تک ۱۲؍ہزار ۵۷۴؍ مریض پائے گئے ہیں۔ یہ پچھلے ۵؍ سال میں مریضوں کی تعداد میں ۳؍ گنا اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔۲۰۲۳ء میں ۷؍ہزار ۳۱۹؍، ۲۰۲۴ء میں ۷؍ہزار ۹۳۹؍ اور ۲۰۲۵ء میں ۱۰؍ہزار ۱۶۳؍ مریض پائے گئے جبکہ اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ۱۲؍ ہزار ۵۷۴؍ مریض پائے گئے۔ اکتوبر ۲۰۲۵ء تک سردیوں کے بخار کے ۸؍ ہزار ۵۲۱؍ مریض پائے گئے ۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک سال میں بخار کے مریضوں کی تعداد میں۴ ؍ہزار ۵۳؍ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے اور مریضوں کی تعداد تقریباً ڈیڑھ گنا بڑھی ہے۔
اس لئے ایک طرف ریاستی حکومت مہاراشٹر کو ملیریا سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ہدف کو پورا کرنے میں صرف ۳؍ سے ۴؍ سال باقی ہیں۔ ممبئی میں ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور یہ پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ ملیریا سے پاک مہاراشٹر کو ممبئی میں ہی بڑا دھچکا لگے گا۔
چکن گنیاکےمریضوںکی تعدادمیں کمی
دریں اثناء جہاں ممبئی میں ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، وہیں چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر تک ممبئی میں ۷۱۰؍ مریض پائے گئے تھے جبکہ اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ممبئی میں چکن گنیا کے صرف ۱۱۳؍ مریض پائے گئے ہیں جس کے مطابق ۵۹۷؍ مریضوں کی کمی آئی ہے۔ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے محکمۂ صحت عامہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں جانچ میں ہونے والا اضافہ اس کے مریضوں کی تصدیق کرنے میںمعاون رہا ہے جس کی وجہ سےملیریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اس بات کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے کہ چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد میں کمی، اس مرض کے اصل شکایات میں کمی کی وجہ ہے یا جانچ کی سہولیات کمی کے سبب ایسا ہو ر ہا ہے ۔اطلاع کے مطابق چکن گنیا کی تشخیص کیلئے درکار الیساجانچ کی سہولیات مضافاتی اسپتالوں جیسے وی این دیسائی ، بھابھا اور راجاواڑی میں دستیاب نہیں ہیں لہٰذا چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد میں کمی کی رپورٹ دیتے ہوئے اصل ٹیسٹوں کی تعداد، دستیاب تشخیصی سہولیات اور اسپتالوں میں ٹیسٹوں کی صورتحال کاجائزہ لینا ضروری ہے۔