Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاتما گاندھی کے پڑپوتےتشار گاندھی کے ساتھ ناروا سلوک پر آرجے ڈی برہم

Updated: July 16, 2025, 11:43 PM IST | Patna

تیجسوی یادو نے پورے بہار کے لوگوں کی جانب سے تشار گاندھی سے معافی مانگی ،الزام لگایا کہ ویڈیو میں بی جے پی والے تشار گاندھی کی توہین کرتے نظرآرہے ہیں

Leader of Opposition in Bihar Assembly Tejashwi Yadav
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرتیجسوی یادو

بابائے قوم مہاتما گاندھی کےپڑ پوتے تشار گاندھی کے ساتھ ناروا سلوک پر مشرقی چمپارن میں سیاست شروع ہو گئی ہے۔ اب اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور ان کی پارٹی نے یہ مسئلہ اٹھایا ہے۔ تیجسوی یادو نے پورے بہار کے لوگوں کی جانب سے تشار گاندھی سے معافی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی اور ان کے افکار اور فلسفے کے پیروکار ہونے کے ناطے اور ملک کی آزادی میں ان کے تعاون، لگن، قربانی اور شہادت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے میں بہار کے تمام لوگوں کی طرف سے تشار گاندھی جی سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ وہ ہمیں معاف کر دے گا۔
 اس کے ساتھ ہی راشٹریہ جنتا دل نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر بڑا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے پیچھے بی جے پی لیڈر کا ہاتھ ہے۔ ویڈیو میں وہ واضح طور پر تشار گاندھی کی توہین کرتے نظر آ رہے ہیں۔ وہ انہیں پروگرام چھوڑنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ ان کی بے عزتی کی جا رہی ہے۔ آر جے ڈی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی کرما بھوم چمپارن میں ایک پروگرام کے دوران بی جے پی کے ایک لیڈر نے خود کو وزیر اعظم نریندر مودی کی  ذات برادری کا  بتا کرمہاتما گاندھی کے پوتے تشار گاندھی کی توہین کی۔ باپو کے پوتے کے ساتھ ایسا سلوک افسوسناک ہے۔
 بتایا جا رہا ہے کہ تشار گاندھی چمپارن ستیہ گرہ کی یاد میں۱۲؍ جولائی سے مغربی چمپارن سے پد یاترا پر نکلے ہیں۔ اتوار کو اپنے دورے کے دوران وہ ترکولیا کے تاریخی نیم کے درخت کے قریب پہنچے جہاں مہاتما گاندھی نے کبھی کسانوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی تھی۔ لیکن جیسے ہی وہ پنڈال پر پہنچے، انہیں مقامی سربراہ ونئے ساہ نے پروگرام سے باہر  کردیا۔ تشار گاندھی نے اس واقعہ پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چمپارن میں جمہوریت کا قتل ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ نہ صرف ان کی بلکہ مہاتما گاندھی کی وراثت اور نظریات کی بھی توہین ہے۔
 عینی شاہدین کے مطابق، جیسے ہی تشار گاندھی نے ملک میں پھیلی جنونیت، سماجی تقسیم اور بہار کی سیاسی ناکامیوں پر بولنا شروع کیا، ونئے ساہ نے انہیں بڑی بےرخی کےساتھ ا نہیں اسٹیج خالی کرنے کو کہا۔ تشار گاندھی کے ساتھ اس واقعہ نے کئی حساس سوالات کو جنم دیا ہے۔کیا ہم اس عدم تشدد کی روایت اور آزادی فکر کو بھول رہے ہیں جس کے لیے گاندھی کھڑے تھے؟ کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ہم سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا نتیش کمار کی سیاست گاندھی کے نظریے سے اتنی دور چلی گئی ہے کہ ان کی اولاد بھی ان کی بات سننے کو تیار نہیں ہے؟
 واضح رہےکہ بہار میںکئی موضاعات پر ان دنوں سیاسی گھمسان جاری ہے۔ اس سے قبل ریاست کے معرو ف کاروباری کھیمکا کے قتل یعنی لاء اینڈ آرڈرکا مسئلہ ،جادوٹونا کے شبہ میں۵؍ افراد کی موت جیسے معاملے پرآر جےڈی ،این ڈی اے حکومت کو مسلسل گھیرتے آرہی ہے، اب مہاتما گاندھی سے متعلق ایک پروگرام میں تشار گاندھی کی توہین  سے ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ بہر حال تشار گاندھی کے تعلق سے اس معاملے پر نتیش کمارکا اب تک رد عمل نہ آنا سوال کھڑے کرتا ہے۔

patna Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK