اس روٹ پر فی الحال کاپر بائوڑی تھانے سے دھامنکر ناکہ تک ۷؍ اسٹیشن ہوں گے، جلد ہی شروع ہونے کی امید۔
EPAPER
Updated: November 05, 2026, 10:45 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
اس روٹ پر فی الحال کاپر بائوڑی تھانے سے دھامنکر ناکہ تک ۷؍ اسٹیشن ہوں گے، جلد ہی شروع ہونے کی امید۔
صنعتی شہر میں آرام دہ اور تیز رفتار سفر کرنے کا شہریوں کا خواب اب حقیقت کے قریب پہنچ گیا ہے کیوں کہ بھیونڈی میں میٹرو ٹرین کا ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔ میٹرو ۵؍منصوبے کے تحت کاپربائوڑی(تھانے) سے بھیونڈی کے دھامنکر ناکہ تک۱۳ء۵؍کلومیٹر روٹ پر منگل کو ٹرین نے آزمائشی سفر مکمل کیا ۔ اس پیش رفت کے بعد چند مہینوں میں میٹرو سروس شروع ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔ میٹرو کے آغاز سے تھانہ اور بھیونڈی کے درمیان آمدورفت آسان ہونے اور شہر کے مصروف راستوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے۔اس مرحلے میں کپورباوڑی سے دھامنکر ناکہ تک سات اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں جن میں کاپربائوڑی، بالکم، کشیلی، کالہیر، پورنا، انجور پھاٹا اور دھامنکر ناکہ شامل ہیں۔ اطلاع کے مطابق ۶؍ ڈبوں والی میٹرو ٹرین میں ایک وقت میں تقریباً ۳۰۰؍مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہوگی۔ یہ منصوبہ پہلے مرحلے میں تھانہ سے بھیونڈی اور دوسرے مرحلہ میں کلیان تک شہریوں کو میٹرو رابطہ فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: بحث کا فیصلہ کرنے کیلئے مودی چاہیں تو بھاگوت کو بٹھاسکتے ہیں: راہل گاندھی
واضح رہے کہ پہلے مرحلے کا ٹرائل شروع ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے کا ٹینڈر شائع کردیا گیا ہے۔ امید ہے کہ دسمبر کے آخر یا جنوری کے اوائل میں دھامنکر ناکہ تک میٹرو سروس شروع ہوجائے گی، جبکہ اگلے مرحلے میں دھامنکر ناکہ سے کلیان تک میٹرو رابطہ قائم ہوگا۔رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ میٹرو بھیونڈی کیلئے انقلابی تبدیلی ثابت ہوگی۔اس شہر کے لوگ بہت باصلاحیت اور محنتی ہیں لیکن برسوں تک بہتر کنکٹی وٹی سے محروم رہے لیکن اب انہیں میٹرو کی سہولت ملنے والی ہے۔ یہ اس شہر کے لوگوں کے صبر کا پھل ہے۔