ایم ایل اے نے پاورپوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے حادثہ کی کڑیوں کو جوڑ کرکئی سنگین سوالات قائم کئے،حد نگاہ اورعین وقت پر پائلٹ کو تبدیل کرنے کا خصوصی ذکر
EPAPER
Updated: February 10, 2026, 11:20 PM IST | Mumbai
ایم ایل اے نے پاورپوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے حادثہ کی کڑیوں کو جوڑ کرکئی سنگین سوالات قائم کئے،حد نگاہ اورعین وقت پر پائلٹ کو تبدیل کرنے کا خصوصی ذکر
این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی اور آنجہانی اجیت پوار کے بھتیجے روہت پوار نےمنگل کو یشونت راؤ چوان پرتشٹھان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےبارامتی طیارہ حادثہ میںاجیت پوار کی موت پرکئی اہم سوالات اٹھائے اورطیارہ کمپنی وی ایس آر ونچر پرپابندی لگانے نیز حادثہ کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوںنے ممبئی سے بارامتی تک اجیت پوار کے سفر کی مختلف کڑیوں کو جوڑتے ہوئے اہم سوالات اٹھائےاور اندیشہ ظاہر کیا کہ حادثہ میںکسی سازش کا پہلو خارج از امکان نہیں۔
واضح رہےکہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی۲۸؍ جنوری کو بارامتی میں ہوائی جہاز کے حادثے میں موت ہو گئی۔حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب اجیت پوار ضلع پریشد انتخابات کے سلسلے میں ریلی کیلئے ممبئی سے بارامتی جا رہے تھے ۔ اس حادثے کے کئی ویڈیو سامنے آئے ہیں جن پر متعدد قومی لیڈروں اور پوار خاندان کی طرف سے شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس میں روہت پوار نے پاورپوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے اجیت پوار طیارہ حادثہ اور اس سے متعلقہ حالات و واقعات تفصیل سے پیش کئے۔انہوں نےبتایاکہ اجیت پوار۲۸؍ جنوری کو ممبئی سے بارامتی کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ ممبئی سے بارامتی کا فاصلہ۲۱۰؍ کلومیٹر تھا جسے طے کرنے میں۲۷؍ منٹ لگتے۔ اجیت دادا وی ایس آر کمپنی کے لیئرجیٹ۴۵؍ طیارے میں بارامتی کے لیے روانہ ہوئے ۔ یہ طیارہ۵۱؍ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کر سکتا ہے جبکہ دیگر طیارے۴۱؍ہزار فٹ کی بلندی تک سفر کر سکتے ہیں ۔ اندازہ ہے کہ دادا اس جہاز کے بائیں جانب بیٹھے تھے۔ وجے کمار سنگھ اور روہت سنگھ وی ایس آرکمپنی کے ڈائریکٹر ہیں۔ اس کے علاوہ اس کمپنی میں۲۷؍ شیئر ہولڈرز ہیں ۔ وی ایس آر کے پاس۲۰۲۸ء تک ایئر آپریشن کا اجازت نامہ ہے۔
حادثے کے دن کی ٹائم لائن
پرواز کا عملہ صبح ۷؍ بجکر۲؍منٹ پرایئرپورٹ پہنچا۔ اس کے بعد انہوں نے بارامتی ہوائی اڈے کو فون کیا۔ حد نگاہ کی جانچ کی گئی۔ اجیت پوار صبح۵۰:۷ ؍پر ایئرپورٹ پہنچے۔تمام جانچ پڑتال کے بعد طیارہ نے صبح۱۰:۸؍بجے ٹیک آف کیا۔ طیارہ صبح ۲۲:۸؍ پرلوناؤلہ کے قریب تھا ۔ صبح ساڑھے۸؍ بجے یاوت گاؤں کے قریب، صبح۳۲:۸؍ پرسوپے گاؤں کے قریب اور حادثہ صبح۴۳:۸؍ سے ۴۵:۸؍کے درمیان پیش آیا۔ صبح۹؍ بجے اطلاع ملی کہ اجیت دادا شدید زخمی ہیں۔ صبح۴۵:۹؍ پر اجیت دادا کی موت کی خبر آئی۔
روہت پوار نے کہا کہ بارامتی ایئر ٹریفک کنٹرول(اےٹی سی) نے کہا کہ صبح ساڑھے ۸؍بجے تک ویزیبلٹی (حد نگاہ) ۳؍ کلومیٹر تک تھی جبکہ جانچ کےد وران صبح۷؍بجےا یرو کمپنی کے ہینڈلر نے اطلاع دی کہ کیپٹن بارامتی میں وزیبلٹی چیک کر رہا ہے اور۷؍ بجکر۱۰؍منٹ پر ’سب ٹھیک ہے ‘ کا جواب دیاگیا۔ ‘‘ روہت پوار نے سوال اٹھایا کہ ایرو کمپنی نے جھوٹی معلومات کیوں دی؟ ‘‘جب صبح ساڑھے۸؍ بجےحد نگاہ ۳؍ کلومیٹر تھی توصبح ۷؍ بجے حدنگاہ کم ہوگی یا زیادہ ۔پھرایروکمپنی نے غلط معلومات کیوں دی ؟
طیارہ کی تاریخ
یہ طیارہ۱۶؍ سال پرانا تھا۔ ۲؍ دن پہلے۲۵؍ اور۲۶؍ جنوری کو اس طیارے نے ممبئی سے سورت اور سورت سے ممبئی کا سفر کیا تھا۔ بتایا گیاتھاکہ طیارہ اچھی حالت میں تھا اور اس کی دیکھ بھال کی جا رہی تھی۔ کمپنی کے مالکان کا کہنا ہے کہ حادثہ کم وزیبلٹی کی وجہ سے پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ طیارہ فضا میں ایک طرف جھک گیا اور توازن بگڑنے کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا۔
کمپنی پر شبہ
اجیت پوار کے ساتھ گر کر تباہ ہونے والے طیارے کی کمپنی کو لے کر کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں روہت پوار نے کہا کہ اس سے قبل۱۴؍ ستمبر۲۰۲۳ء کو وی ایس آر کمپنی کے ایک لیئرجیٹ طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں ۶؍ مسافر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ابھی تک اس کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ روہت پوار نے الزام لگایا کہ کمپنی کا ڈی جی سی اے پر کنٹرول ہے۔ اس رپورٹ کو دبا دیا گیا۔ اب اجیت دادا کے حادثے کے بعد ڈی جی سی اے نے کہا کہ وہ رپورٹ پیش کرے گی۔ روہت پوار نے سوال اٹھایا کہ پچھلی رپورٹ کو کیوں دبایا گیا؟ اگر یہ رپورٹ حکومت تک پہنچ جاتی تو کمپنی کے خلاف بروقت کارروائی کی جاتی۔ روہت پوار نے مزید کہا کہ اگر یہ رپورٹ آتی تو اجیت دادا زندہ ہوتے۔ روہت پوار نے یہ بھی کہا کہ ایک یورپی کمپنی نے وی ایس آرپر پابندی لگا دی لیکن ہندوستان میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
شیڈول کیوں تبدیل کیاگیا ؟
ایم ایل اے روہت پوار نے سوا ل اٹھایا کہ اجیت پوار ۲۷؍ جنوری کو ممبئی سے پونے جانے والے تھے۔ان کا قافلہ بھی تیار تھامگرایک بڑے لیڈر نے ان سے ملاقات کی اور ان کے نکلنے میں تاخیر ہوگئی جس سے پلان بھی تبدیل کرناپڑا اور۲۸؍ جنوری کی صبح نکلنے کا فیصلہ کیاگیا ۔روہت نے عین وقت پر پائلٹ کی تبدیلی پربھی سوالات اٹھائے ۔ انہوں نے پوچھا کہ پرواز سے قبل کلیدی پائلٹ کو کیوں تبدیل کردیاگیا؟ساحل مدان اوریش کو آخری منٹ میںہٹایا گیا ۔یہ دیکھنا اہم ہےکہ سمیت کپور کو ہانگ کانگ سے کیوں بلایا گیااورکیا انہوں نے فلائٹ سے پہلے شراب پی رکھی تھی ۔انہوں نے کپورکے ماضی کے ریکارڈ کا بھی حوالہ دیا کہ ۲۰۱۰ء اور۲۰۱۷ء میں فلائٹ سےقبل ان کے شراب پینے کا انکشا ف ہوا تھا اورشراب کی وجہ سے ہی وہ امریکہ میںٹریننگ سے بھی محروم کردئیے گئے تھے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلیک باکس کی تفصیلات اور ریکارڈنگ اجیت پوار کے اہل خانہ کو سنائی جانی چاہئے۔