Inquilab Logo

شاہی محل نے ہیری اور ان کی اہلیہ کے بیان پر خاموشی توڑی

Updated: March 11, 2021, 12:13 PM IST | Agency | London

بکنگھم پیلس نے بیان جاری کرکے کہا کہ نسلی تعصب کا الزام تشویشناک ہے لیکن ان مسائل کو نجی طور پر اور باہمی گفتگو سے حل کرلیا جائے گا

Meghan and Harry - Pic : INN
میگھن اور ہیری ۔ تصویر : آئی این این

 برطانوی شاہی محل نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے حالیہ دنوں دیئے گئے انٹرویو پر آخر کار خاموشی توڑ دی ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہی خاندان کو اس انٹرویو پر `تشویش ہے لیکن  ان مسائل کو نجی طور پر پر   باہمی گفتگو  کے ذریعے حل کرلیا جائے گا۔
 برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں ملکہ ایلزبتھ دوم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پورے خاندان کو یہ جان کر انتہائی دکھ ہوا کہ ہیری اور میگھن  کیلئے گزشتہ  چند برس کافی دشوار کن تھے۔ ان دونوںنے انٹرویو میں جن مسائل کو اٹھایا ہے، بالخصوص نسلی تعصب کے معاملے پر شاہی خاندان کو تشویش ہے، وہیں بعض معاملات پر مختلف رائے بھی ہو سکتی ہے لیکن  شاہی خاندان اسے سنجید گی سے لیتے ہوئےان سے نجی طور پر بات کرے گا۔اس مختصر بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ `ہیری، میگھن اور آرچی ہمیشہ شاہی خاندان کے عزیز رکن رہیں گے۔
  واضح رہے کہ  ہیری اور میگھن نے شاہی زندگی سے گزشتہ برس علیحدگی اختیار کرنے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی ٹی وی کی معروف میزبان اوپرا ونفری کو انٹرویو دیا تھا۔ انٹرویو میں ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان  کے ساتھ گزربسر ، اپنے حالات  اور شاہی اعزاز سے دستبردار ہونے کے فیصلے سے متعلق متعدد انکشافات کئے تھے۔ہیری نے اس انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ شاہی محل میں میگھن کے ساتھ جو سلوک ہوا اور ان کے اپنے خاندان کے ساتھ جس طرح کے تعلقات رہے ہیں، اُس کے اثرات دور رس ہیں۔
 اس  انٹرویو کے سرخیوں میں آنے کے بعد برطانوی شاہی خاندان کا ایک ہنگامی اجلاس ہوا  جس میں کئی سینیئر افراد نے شرکت کی تھی۔
  ٹی وی کی عالمی ریٹنگ کمپنی نیلسن ہولڈنگ کے مطابق صرف امریکہ میں شاہی جوڑے کے انٹرویو کو ایک کروڑ۷۰؍ لاکھ سے زیادہ افراد نے دیکھا  جبکہ برطانیہ میں ناظرین کی تعداد ایک کروڑ۳۳؍ لاکھ سے زائد ہے۔ اس انٹر ویوکو نشر کرنے والےسی بی ایس ٹی وی نے کہاہے کہ ۲؍ گھنٹے پر مشتمل یہ انٹرویو جمعہ کو دوبارہ رات ۸؍سے ۱۰؍ بجے درمیان نشر ہوگا۔
  قابل غور ہے کہ ہیری اور میگھن کے ا س انٹرویو پر دنیا بھر سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ شاہی محل پر عائد کردہ الزامات `می ٹو مہم اور `بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کو تقویت بخشتے ہیں  وہیں کئی حلقوں نے اس جوڑے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیری اور میگھن نے اُس وقت یہ الزامات لگائے جب اُن کے۹۹؍سالہ دادا شہزادہ فلپ کئی دنوں سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
  عیاں  رہے کہ ہیری اور میگھن کی شادی مئی ۲۰۱۸ء میں ونڈسر کے شاہی محل میں ہوئی تھی اور ایک سال بعد اُن کے ہاں بیٹے آرچی کی ولادت ہوئی۔  مارچ ۲۰۲۰ء میں میگھن اور ہیری شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK