سیلابی صورت حال کے پیش نظراب بی ایم سی اس میں فلڈ گیٹ لگانے کو ترجیح دے گی تاکہ شہریوںکو پریشانی نہ ہو
EPAPER
Updated: September 02, 2025, 11:54 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
سیلابی صورت حال کے پیش نظراب بی ایم سی اس میں فلڈ گیٹ لگانے کو ترجیح دے گی تاکہ شہریوںکو پریشانی نہ ہو
گزشتہ ماہ موسلادھار بارش سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بی ایم سی نے میٹھی ندی کے کناروں کو خوبصورت بنانے کا کئی سو کروڑ روپے کا منصوبہ منسوخ کرکے وہاں پر ’ فلڈ گیٹ‘ لگانے جیسے اہم کاموں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بی ایم سی نے ۶۰۰؍ کروڑ روپے کے اخراجات سے میٹھی ندی کے کناروں کو شہریوں کی سیروتفریح کیلئے خوبصورت بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم بارش میں پیدا ہونے والی صورت حال نے شہری انتظامیہ کو پہلے اس مسئلہ کو حل کرنے کو ترجیح دینے پر مجبور کر دیا ہے۔
بی ایم سی اب میٹھی ندی کے ان حصوں پر فلڈ گیٹ نصب کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جہاں سے کرلا، سائن اور چونا بھٹی جیسے علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے ٹرین کی پٹریاں پانی میں ڈوب جاتی ہیں جس سے ٹرین خدمات متاثر ہوتی ہیں۔واضح رہے کہ منصوبہ کے مطابق مذکورہ فلڈ گیٹ خود کارہوں گے جو ہائی ٹائیڈ کے وقت ضرورت پڑنے پر خود بخود بند ہوجائیں گے اور سمندر کا پانی شہر میں داخل نہیں ہوسکے گا۔ ان فلڈ گیٹ کو ایسے مقامات پر لگانے کا منصوبہ ہے کہ ہائی ٹائیڈ کے وقت سمندر کا پانی شہر میں داخل نہ ہوسکے۔
بی ایم سی نے میٹھی ندی کو دوبارہ بہتر حالت میں لانے کا پروجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت اس ندی کو مزید گہراکرنا، اس کی چوڑائی میں اضافہ کرنا اور کرلا میں سی ایس ٹی روڈ سے ماہم کھاڑی تک گٹر کی لائن کو ٹریٹمنٹ پلانٹ کی طرف موڑنا جیسے کام شامل ہیں۔ تاہم ندی کے تقریباً ۱۸؍ کلو میٹر طویل کنارے میں سے کرلا سے ماہم کے درمیان ۸ء۲؍ کلو میٹر کے کنارے پرشہریوں کیلئے سیر و تفریح کا انتظام کرنے کیلئے ۶۰۰؍ کروڑ کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے اب ٹینڈر سے نکال دیا گیا ہے۔
بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق میٹھی ندی کے کنارے کو خوبصورت بنانے کے منصوبے کو اب غیرمعینہ مدت کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب جو بی ایم سی الیکشن ہونے والے ہیں، اس میں جو پارٹی الیکشن جیتے گی ،وہی طے کرے گی کہ اس سلسلے میں کیا کرنا ہے۔ فی الحال میٹھی ندی کو اس انداز میں بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی کہ اس سے شہری علاقوں میں پانی نہ بھرے اور لوگوں کو نقصان اور تکلیفیں برداشت نہ کرنا پڑے۔
جو منصوبہ منسوخ کیا گیا ہے ،وہ گجرات کی سابر متی ندی کی طرز پر بنایا جانا تھا جو ۹؍ سے ۱۲؍ میٹر چوڑا ہوتا اور اس پر جاگنگ اور پیدل چلنے کے علاوہ سائیکل چلانے کا ٹریک بھی بنایا جانا تھا۔
میٹھی ندی کا مجموعی پروجیکٹ ۲۴۰۰؍ کروڑ روپے کا تھا لیکن اس کے کنارے کو خوبصورت بنانےوالا حصہ نکال دینے کی وجہ سے اب اس پروجیکٹ کی لاگت ۱۸۰۰؍ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔