Inquilab Logo

مخالف حالات میں بھی روپیہ مضبوط ہوا ہے: وزیر خزانہ

Updated: December 13, 2022, 11:56 AM IST | New delhi

نرملا سیتا رمن نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ روپیہ اس وقت ڈالر سمیت دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مضبوط ہے، آر بی آئی کے اقدامات کی تعریف

Finance Minister Nirmala Sitharaman speaking in Parliament (Photo: Agency)
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ( تصویر: ایجنسی)

وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ایک بار پھر روپے کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مخالف حالات میں بھی روپیہ مضبوط ہوا ہے۔ پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر بی آئی کے اقدامات کے سبب  روپے اور ڈالر کا فرق بہت زیادہ نہیں ہو سکا بلکہ روپیہ  دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مضبوط ہوا۔  وزیر خزانہ نے ہندوستانی معیشت کی یہ کہہ کر تعریف کی کہ یہ دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ 
  پیر کو   لوک سبھا سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ’’ جبکہ پوری دنیا کی معیشت ڈگمگارہی ہے اورحالات مخالف ہیں اس کے باوجود ہندوستانی معیشت مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے۔‘‘  ایک ضمنی سوال کے جواب میں نرملا سیتا رمن نے کہا کہ’’ روپیہ کہیں بھی آئی سی یو میں نہیں ہے۔‘‘ یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈروں نے الزام عائد کیا تھا کہ ان دنوں روپیہ آئی سی یو میں ہے کیونکہ گزشتہ دنوں ڈالر کے مقابلے اس کی قدر میں مسلسل گراوٹ آ رہی تھی۔ وزیر خزانہ اسی کے تعلق سے جواب دے رہی تھیں۔
   انہوں نے کہا کہ’’ روپے کو آئی سی یو میں  بتانے والوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ روپیہ ڈالر اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں ہے۔‘‘  وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ ’’جب پوری دنیا کی معیشت آئی سی یو میں تھی، اس خراب حالات میں بھی روپے میں مضبوطی تھی۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’روپیہ کس حد تک مضبوط ہے اس کا اندازہ ہندوستانی معیشت سے لگایا جاسکتا ہے جو وبا اور روس یوکرین جنگ کے بعد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔‘‘ یاد رہے کہ حال ہی میں ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ میں ہندوستانی معیشت کی اس بات کیلئے تعریف کی گئی تھی کہ باوجود عالمی سطح پر نامناسب حالات کے، اس نے ترقی کی ہے۔ ہر چند کے اس کی شرح نمو میں کمی آئی ہے۔ نرملاسیتا رمن کا اشارہ اسی طرح کی رپورٹ کی طرف تھا۔ 
  ان کا کہنا تھا کہ’’ پوری دنیا کی معیشت گر رہی ہے لیکن روپیہ اس کا براہ راست مقابلہ کر رہا ہے اور نامساعد حالات کے باوجود پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر روپے میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن بہاؤ بہت اچھا ہے اس لئے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے روپے کی مضبوطی کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا آر بی آئی نے ناگزیر حالات  میں فارن ایکسچینج ریزرو (زر مبادلہ کا ذخیرہ) کا درست استعمال کیا اور وقت پر مناسب اقدامات کئے جس کی وجہ سے روپے کو گرنے سے بچا لیا گیا۔  انہوں نے کہا کہ اس کی وہ سے ڈالر اور روپے کی قدر کے درمیان کا فرق بہت زیادہ نہیں ہو سکا۔ یا د رہے کہ گزشتہ ماہ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر ۸۳؍  کے اوپر ہو گئی تھی۔ 
  اہم بات یہ ہے کہ جس وقت نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ میں تقریر کر رہی تھیں اس وقت مارکیٹ میں روپے کا اتارچڑھائو جاری تھا۔ پیر کو ایک وقت ایسا بھی تھا جب روپیہ ۳۵؍ پیسہ کمزور ہو گیا  تھا لیکن پھر اس نے ۱۲؍ پیسوں کے اضافے کے ساتھ خود کو سنبھالا۔ البتہ یہ بات درست ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں کے اندر روپیہ تقریباً ۸۰؍ پیسے مضبوط ہوا ہے۔ ورنہ حقیقت یہ ہے کہ  روپیہ بی جے پی حکومت کے دور  میں مسلسل گراوٹ کا شکار رہا ہے اور اب تک کم از کم ۱۸؍ رروپے گر چکا ہے۔ یہ ایک بہت بڑی گراوٹ ہے لیکن وزیر خزانہ بار بار اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ یہ گراوٹ بے حد کم ہے اگر درست اقدامات نہ ہوتے تو روپیہ اور زیاد کمزور ہو سکتا تھا۔ اس تعلق سے وہ مختلف بیانات دے چکی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK