Inquilab Logo

سیورودونسک پر روس کے حملوں میں شدت، یوکرینی فوجیں پسپائی پر مجبور

Updated: June 09, 2022, 9:39 AM IST | Kiev

مشرقی یوکرین کے لوہانسک خطے کے گورنر نےمسلسل فضائی حملوں کی اطلاع دی، کہا کہ ’’شاید پسپائی اختیار کرنے اور محفوظ مقامات سے مقابلہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنی پڑے‘‘

Ukrainian troops practicing on the ground against Russian troops. (AP / PTI)
یوکرینی فوج زمینی سطح پر روسی فوجیوں کے مقابلے کی مشق کرتے ہوئے۔ (اے پی / پی ٹی آئی)

یوکرین کے مشرقی علاقے میں روس  نے اپنی پیش رفت تیز کرنے کیلئے فضائی حملے شدید تر کردیئے ہیں جس کے بعد حربی لحاظ سےا نتہائی اہمیت کے حامل اس   خطے کے گورنر نے متنبہ کیا ہے کہ یوکرینی فوجوں کو پسپائی کی حکمت عملی اختیار کرنی پرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ روس   سیورودونسک شہر پر قبضہ کرنے کی حتمی کوششیں کررہاہے کیوں  کہ اس شہر پر قبضہ  سے پورے مشرقی یوکرین کے لوہانسک خطے پر قبضے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔دوسری جانب لوہانسک کے گورنر نے بدھ کو اطلاع دی کہ یوکرینی فوجیں ایک ایک انچ زمین کیلئے روسی فوجوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔
’پسپائی  اختیار کریں گےمگر خود سپردگی نہیں کریں گے‘
 لوہانسک کے گورنر سرگئی گائیدے کے مطابق ’’ممکن ہے کہ ہمیں پسپا ہونا پڑے۔‘‘ ان کے مطابق اس صورت میں   یوکرین کے فوجی خود کو محفوظ مقامات تک محدود کرکے روسی فوجوں کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روس کی جانب سے ۲۴؍ گھنٹے فضائی حملے ہورہے ہیں۔   انہوں  نے  اپنی سرمین کی حفاظت کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہم میں سے کوئی ہتھیار نہیں ڈالے گا، بھلے ہی ہمیں پیچھے ہٹ کر خود کو محفوظ مقامات تک محدودہوکر قلعہ بند انداز میں  لڑائی لڑنی پڑے۔‘‘
سیورودونسک  روس کے حملوں کا مرکز
  واضح رہےکہ فروری میں روس کی جانب سے شروع کی گئی جنگ ۱۰۰؍ سے تجاوز کرچکی ہے۔اس دوران روس بھلے ہی یوکرین  کےکچھ علاقوں  پر قابض ہونے میں کامیاب ہوا ہے مگر وہ ویسی کامیابیاں حاصل نہیں کرسکا ہے جیسی کامیابیوں  کی اسے توقع تھی۔ کئی دیگر علاقوں میں کامیابی حاصل کرنے میں  ناکام رہنے کےبعد روس نے اب اپنی پوری توجہ سیورودونسک پر مرکوز کردی ہے۔اسے امید ہے کہ اگر وہ اس شہر پر قبضہ کرلیتا ہےتو مشرقی یوکرین   پر قبضہ کی راہ ہموار ہوجائےگی۔یہاں قبضہ کے بعد ماسکو کی فوجیں مشرقی ڈونباس خطے تک سرائیت کرسکیں گی  اور اس طرح وہ  وہاں یوکرین  کے حقیقی انتظامی مرکز کراماٹورسک تک پہنچ سکتی ہیں۔ 
صنعتی شہر کیلئے لڑائی شدید تر
 لوہانسک کے گورنر گائیڈے نےبتایا کہ سیورودونسک میں انتہائی شدید جنگ  ہو رہی ہے۔ یوکرین کے اس صنعتی شہر کی آبادی جنگ سے پہلے کم وبیش ایک لاکھ نفوس پر مشتمل تھی مگر اب بڑی تعداد یہاں سے نقل مکانی کرچکی ہے۔  گائیڈے   کے مطابق’’ہماری فوجیں ایک ایک انچ زمین کیلئے لڑ رہی ہیں۔  اس بیچ یوکرین کے مرکزی انتظامیہ نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ اس خطے میں لڑائی کے دوران ۲؍ عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دیگر ۲؍ زخمی ہیں۔ 
یوکرینی فوجیوں صنعتی علاقوں تک محدود: روس
 دوسری طرف روس کا دعویٰ ہے کہ اس نے سیورودونسک  کے زیادہ تر حصوں پر قبضہ کرلیا ہے اور یوکرین کی فوجیں چند صنعتی علاقوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔ 
 عالمی عدالت میں روس کیخلاف مزید ۸؍ مقدمے
 اس بیچ  یوکرین نے اطلاع دی ہے کہ جنگی جرائم کی پاداش میں روس کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں کیف نے ماسکو کے خلاف مزید ۸؍ مقدمات درج کرائے ہیں۔  واضح رہے کہ اس سے پہلے ۳؍ معاملات میں روسی فوجوں  کے خلاف فیصلے سنائے جاچکے ہیں۔اس کی اطلاع یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل نے بدھ کو دی۔ انہوں نےبتایا کہ روسی فوجوں کے ذریعہ ممکنہ جنگی جرائم کے سلسلے میں یوکرین نے ۱۶؍ ہزار معاملات کی جانچ شروع کی ہے۔د وسری طرف روس کا کہنا ہے کہ اس کے فوجی کسی طرح کے جنگی جرائم میں مبتلا نہیں ہوئے۔

ukraine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK