• Wed, 17 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پولینڈ میں سوشل میڈیا پر یوکرین مخالف مواد میں خطرناک حد تک اضافہ: رپورٹ

Updated: December 16, 2025, 2:01 PM IST | Brussels

پولینڈ میں حالیہ مہینوں کے دوران سوشل میڈیا پر یوکرین مخالف مواد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ امتیازی بیانات اور نفرت انگیز مہمات کی صورت میں سامنے آیا ہے جس کی رسائی کروڑوں صارفین تک پہنچی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اتوار کو ٹی وی پی ورلڈ کے حوالے سے شائع ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پولینڈ میں حالیہ مہینوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یوکرین مخالف مواد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اگست سے نومبر کے درمیان پولش زبان میں سوشل نیٹ ورکس پر یوکرین یا یوکرینی عوام کے خلاف امتیازی یا توہین آمیز تقریباً ایک لاکھ۸۶؍ ہزار بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ یہ تحقیق پولینڈ کی فیکٹ چیکنگ تنظیم ڈیموگ (Demagog) اسوسی ایشن اور نجی میڈیا اینالیٹکس ادارے انسٹی ٹیوٹ فار میڈیا مانیٹرنگ نے کی جس میں بتایا گیا کہ اپریل سے جولائی کے عرصے کے مقابلے میں ایسے مواد میں ۹۸؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اسی دوران، اس مواد کی مجموعی رسائی میں بھی ۱۰۴؍ فیصد اضافہ ہوا جو اگست سے نومبر کے دوران۶؍ کروڑ۶۰؍ لاکھ سے زائد رابطوں تک پہنچ گئی۔ 
رپورٹ میں کہا گیا کہ یوکرین مخالف مواد کا۹۲؍ فیصد سے زیادہ حصہ امریکی سوشل میڈیا کمپنی ’ایکس‘پر شائع ہوا اور اسی پلیٹ فارم پر اس نوعیت کے مواد کے ساتھ صارفین کی۶۰؍ فیصد سے زیادہ تعاملات بھی ریکارڈ کی گئیں۔ اگرچہ رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافے کی درست وجہ ابھی واضح نہیں، تاہم، انہوں نے نشاندہی کی کہ ماضی میں امتیازی پیغامات میں آنے والے اضافے روسی گمراہ کن معلوماتی مہمات کے مقاصد سے ہم آہنگ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، حالیہ عرصے میں معاندانہ مواد میں اضافہ کئی واقعات کے ساتھ ہم وقت تھا، جن میں پولینڈ کے صدر کارول ناوروٹسکی کی جانب سے یوکرینی باشندوں کو سماجی فلاحی حقوق میں توسیع دینے سے متعلق قانون کو ویٹو کرنا، روسی ڈرونز کی جانب سے پولینڈ کی فضائی حدود کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی، اور نومبر میں پولش ریلوے لائنوں پر ہونے والا تخریبی حملہ شامل ہیں۔ 
بتا دیں کہ پولینڈ ان ممالک میں شامل ہے جہاں جنگ کے آغاز کے بعد سب سے زیادہ یوکرینی پناہ لئے ہوئے ہیں۔ اس فہرست میں جرمنی اور جمہوریہ چیک بھی شامل ہیں، جبکہ پولینڈ میں یوکرینی باشندوں کی تعداد تقریباً۹؍ لاکھ ۶۵؍ہزار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK