• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکرین کےبجلی گھروں پر روس کے متواتر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی:وولکر ترک

Updated: January 22, 2026, 2:32 PM IST | Agency | New York

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے مطابق روس کے حملوں کو ظالمانہ ہی قرار دیا جا سکتا ہے،انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہئے،شہریوں اور شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

People charge their mobile phones in Kiev. Picture: AP/PTI
کیف میں لوگ موبائل چارج کررہےہیں۔ تصویر:اےپی / پی ٹی آئی
یوکرین میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر روسی حملوں کے باعث شدید سرد موسم میں ہزاروں شہری حرارت، بجلی اور پانی کی سہولیات سے محروم ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے ان حملوں کو ظالمانہ اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
گزشتہ رات دارالحکومت کیف، اوڈیسا اور دیگر شہروں میں توانائی کے نظام کو ایک مرتبہ پھر میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کہیں نیچے گر چکا ہے اور شہری ایسے حملوں سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ روس کے حملوں کو ظالمانہ ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔ شہریوں اور شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یوکرین کے حکام نے بتایا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے نئے حملوں کے نتیجے میں ملک کے کئی علاقوں میں بجلی اور حرارت کی فراہمی منقطع ہو گئی۔ کیف میں منگل کی صبح ۵؍ ہزار ۶۳۵؍کثیر المنزلہ رہائشی عمارتیں حرارتی سہولت سے محروم تھیں جن میں سے تقریباً۸۰؍ فیصد میں رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والے ایسے ہی حملوں کے بعد حال ہی میں حرارت بحال کی گئی تھی۔
روسی افواج نے گزشتہ سال اکتوبر سے یوکرین میں توانائی کے ڈھانچے پر منظم اور بڑے حملے دوبارہ شروع کر رکھے ہیں جن کے اثرات ملک کے کم از کم۲۰؍ علاقوں میں دیکھے گئے ہیں۔ وولکر ترک نے روس کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر یہ حملے بند کریں۔ شہریوں کے لئے ضروری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے انسانی تکالیف میں مزید اضافہ ہو گا۔
ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ یوکرین میں ہزاروں خاندان حرارت کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں اور دارالحکومت سمیت کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی بھی معطل ہے۔ اس صورتحال کا سب سے زیادہ اثر بچوں، معمر اور معذور افراد پر پڑ رہا ہے۔
یوکرین کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھیائس شمالے نے بتایا ہے کہ گزشتہ۴۸؍ گھنٹوں میں ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ والدین اپنے بچوں کے لئے گرم کھانا تیار کرنے سے محروم ہیں اور بہت سے معمر افراد ایک مرتبہ پھر سرد گھروں میں تنہا رہ گئے ہیں۔ توانائی کے نظام پر یہ خوفناک حملے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور انہیں فوری طور پر روکا جانا چاہئے۔
ان حملوں نے جوہری سلامتی سے متعلق بھی نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔ جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے’ آئی اے ای اے‘ کے مطابق حملوں میں کئی ایسے بجلی گھر متاثر ہوئے ہیں جن کا جوہری سلامتی میں اہم کردار ہوتا ہے۔ سابق چرنوبل جوہری پاور پلانٹ کو عارضی طور پر بیرونی بجلی کی فراہمی سے مکمل طور پر محروم ہونا پڑا جبکہ دیگر جوہری تنصیبات تک جانے والی بجلی کی لائنیں بھی متاثر ہوئیں۔
اگرچہ چرنوبل پلانٹ برسوں پہلے بجلی پیدا کرنا بند کر چکا ہے لیکن اسے ٹھنڈا رکھنے کے نظام، تابکاری کی نگرانی اور جوہری فضلے کے محفوظ انتظام کے لئے بجلی کی مسلسل فراہمی ناگزیر ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل مینوئل گروسی نے کہا ہے کہ ادارہ ان حملوں سے جوہری سلامتی پر مرتب والے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK