Inquilab Logo Happiest Places to Work

سچن اہیر نے بھی اُدھو کا ساتھ چھوڑا، کونسل میں ڈپٹی چیئر مین بنیں گے

Updated: July 01, 2026, 10:27 AM IST | Mumbai

شندے سینا کی جانب سے پرچہ داخل کر دیا، جگناتھ ابھینکر مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار، آج ووٹنگ۔

Sachin Ahir. Photo: INN
سچن اہیر۔ تصویر: آئی این این

  ممبئی (ایجنسی):اُدھو ٹھاکرے کو منگل کو  ایک اور بڑا جھٹکا لگا جب  قانون ساز کونسل  کے رکن  سچن اہیر     نے شندے سینا کی جانب سے کونسل کے ڈپٹی لیڈر کے عہدہ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔  بدھ کو اس کیلئے ووٹنگ ہونی ہے۔    ان کے مقابلے میں جگناتھ ابھینکر کو اپوزیشن اتحاد ’’مہا وکاس اگھاڑی ‘‘کا امیدوار   بنایاگیاہے۔ ورلی سے سابق ایم ایل اے اور آدتیہ ٹھاکرے کے قریبی ساتھی سچن اہیر  کے شندے سینا  کے ساتھ جانے کی تصدیق کرتے ہوئے ایکناتھ شندے کے فرزند  اور  رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے نے کہا کہ سچن اہیر نے باضابطہ طور پر شیو سینا میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور انہیں ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کیلئے نامزدگی فارم بھی دے دیا گیا ہے۔دوسری جانب شیو سینا (اُدھو) کے لیڈرامباداس دانوے نے بتایا کہ مہا وکاس اگھاڑی کی جانب سے قانون ساز کونسل کے رکن جگن ناتھ ابھینکر ڈپٹی چیئرمین کے عہدہ کیلئے امیدوار  ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے: خان سر کی گرفتاری پر روک میں توسیع

قانون ساز کونسل کے ڈپٹی اسپیکر کیلئے الیکشن بدھ (یکم جولائی )کو ہونا ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سچن اہیر آسانی سے کامیابی حاصل کرلیں  گے۔ کونسل کے ڈپٹی لیڈر  کے طور پر ان کی امیدواری کے تعلق سے  ودھان بھون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی وزیر اور شیو سینا(شندے)  لیڈراُدے سامنت نے کہا کہ سچن اہیرقانون ساز کونسل  کے   سینئر  رکن ہیں،  انہوں نے ہمیشہ ممبئی کے عوام کے مسائل اٹھائے ہیں۔ ایسے تجربہ کار لیڈرکی شیو سینا (شندے) میں آمد خوش آئند ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ ’’تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘ادھر شیو سینا (اُدھو) کے رکن اسمبلی سنیل راؤت نے اس  بغاوت کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی  پارٹی اس سے پہلے بھی کئی دھچکے برداشت کر چکی ہے اور  ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ’’ہمیں پہلے بھی کئی جھٹکے لگے ہیں مگر پارٹی ختم نہیں ہوئی۔ ‘‘سچن اہیر نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کانگریس سے کیا تھا، بعد ازاں وہ  این سی پی میں شامل ہوئے اور پھر آدتیہ ٹھاکرے کے ورلی سے انتخابی سیاست میں آنے کے بعد وہ متحدہ شیو سینا کا حصہ بن گئے  نیز ورلی کی سیٹ  آدتیہ کیلئے خالی کردی۔

یہ بھی پڑھئے: این سی پی (شرد)، کانگریس میں ضم ہوگی: ویڈیٹیوار

سچن اہیر دَل بدلی قانون سے کیسے بچیں گے

 قانون ساز کونسل میں اُدھو سینا کے ۵؍ رکن ہیں اس لئے اکیلے سچن اہیر کی بغاوت پر دل بدلی قانون کا اطلاق ہوتا ہے تاہم بدھ کو اگر وہ  جیت جاتے ہیں  اور قانون ساز کونسل کے ڈپٹی لیڈر بن جاتے ہیںتو یہ عہدہ دل بدلی قانون سے بالا تر ہے۔اس طرح  آسانی سے وہ اس قانون سے بچ نکلیں گے۔ اس کے علاوہ اگر معاملہ چلتا ہے تب بھی فیصلہ آنے تک اُن کی رکنیت کی میعاد ختم ہوجائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK