Inquilab Logo Happiest Places to Work

این سی پی (شرد)، کانگریس میں ضم ہوگی: ویڈیٹیوار

Updated: July 01, 2026, 9:59 AM IST | Mumbai

دونوں پارٹیوں کے انضمام کی بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

Congress leader Vijay Wadettiwar. Photo: INN
کانگریس لیڈر وجے ویڈیٹیوار۔ تصویر: آئی این این

ممبئی (اسٹاف رپورٹر): کانگریس اور این سی پی (شرد پوار) ان دو پارٹیوں کے انضمام کی خبریں بہت دنوں سے چل رہی ہیں مگر اب ایسا لگتا ہے کہ انضمام کو حتمی شکل ملنے جارہی ہے اور ممکن ہے کہ جلد ہی اس کا اعلان ہو۔ خبروں کے مطابق کانگریس لیڈر وجے ویڈیٹیوار نے اس کی توثیق کی اور کہا ہے کہ ہائی کمان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق وجے ویڈیٹیوار نے کہا کہ ’’جو لوگ کانگریس اور شرد پوار کی سیکولر اقدار پر یقین رکھتے ہیں اُن کا ہماری پارٹی میں ہمیشہ استقبال کیا جائیگا۔‘‘ واضح رہے کہ وجے ویڈیٹیوار مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈر اور ریاست کے سابق اپوزیشن لیڈر ہیں۔ این ڈی ٹی وی نے اس خبر کے ساتھ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ دو پارٹیوں کے انضام کے سلسلے میں جو بات چیت جاری ہے وہ حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ قارئین جانتے ہیں کہ یہ دو پارٹیاں ۲۰۱۴ء تک مہاراشٹر میں اقتدار میں تھیں۔ اس کے بعد، ۲۰۱۴ء کا الیکشن بی جے پی اور شیو سینا نے جیتا تھا۔ اس سے بھی قبل شرد پوار نے ۱۹۹۹ء میں کانگریس سے ناطہ توڑا تھا تب اُنہوں نے این سی پی بنائی تھی۔ اس سے قبل وہ کانگریس ہی میں تھے بلکہ ریاست میں کانگریس کے وزیر اعلیٰ بھی رہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: منواسمرتی معاملہ پر پرکاش امبیڈکر کی مرکز پر سخت تنقید

مگر شرد پوار کی پارٹی کو جھٹکا اس وقت لگا جب پوار کے بھتیجے اجیت پوار متعدد ایم ایل ایز کے ساتھ الگ ہوگئے۔ 

اُنہوں نے فرنویس کے ساتھ حکومت بنائی جو صرف ۸۰؍ گھنٹے قائم رہ سکی تھی۔ بعد میں اجیت دادا پوار اپنے اصل گھر میں لوٹ گئے تھے تاہم ۲۰۲۳ء میں انہوں نے پھر پارٹی توڑی اور بی جے پی اور شیو سینا (شندے) کے اتحاد کے ساتھ ہوگئے تھے۔ فروری ۲۰۲۴ء میں الیکشن کمیشن نے اجیت پوار کے گروپ کو اصل این سی پی مان لیا اور اسے ’’گھڑی‘‘ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا تھا۔ یہ بالکل ویسا ہی تھا جیسے اس سے قبل شیو سینا کی ٹوٹ کے بعد الیکشن کمیشن نے منحرف گروہ کو اصل شیو سینا تسلیم کیا تھا۔  حالیہ دنوں میں جب شیو سینا میں مزید پھوٹ پڑی اور مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کو بڑا جھٹکا لگا تب ہی سے ٹی ایم سی اور این سی پی کے کانگریس میں ضم ہونے کی باتیں چل رہی ہیں جو کانگریس ہی سے نکلی ہوئی پارٹیاں ہیں۔ وجے وڈیٹیوار سے پہلے نانا پٹولے نے اس کا اشارہ دیا تھا مگر توثیق نہیں کی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’ایوان کو گمراہ کیا ‘، راج ناتھ کیخلاف تحریک ِمراعات شکنی

اس ضمن میں این سی پی (شرد) کے قومی ترجمان نسیم صدیقی سے استفسار کیا گیا تو انہوںنے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ’’ یہ کانگریس کی خام خیالی ہے۔ این سی پی ( شرد) کا کانگریس میں ضمن ہونےکے تعلق سے نہ ہی قوی سطح پر کوئی بات چیت ہو رہی ہے اور نہ ہی ریاستی اور کارپوریشن کی سطح پر۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK