Inquilab Logo

گہلوت حکومت کے خلاف سچن پائلٹ کی بھوک ہڑتال

Updated: April 10, 2023, 11:19 AM IST | Jaipur

پریس کانفرنس منعقد کرکے اعلان کیا،کہا:وسندھرا راجے کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پر اب تک عمل کیوں نہیںکیا گیا؟

Sachin Pilot showing video of Gehlot during press conference
سچن پائلٹ پریس کانفرنس کے دوران گہلوت کا ویڈیو دکھاتے ہوئے

راجستھان میں اسمبلی الیکشن سے چند ماہ قبل کانگریس کا داخلی انتشار پھر ابھر کر سامنے آرہا ہے۔ سچن پائلٹ نے اشوک گہلوت  کے خلاف مورچہ کھولتے ہوئے پیر کو ایک دن کی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں  نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی مہم میں  وسندھرا راجے سرکار کی بدعنوانیوں کے خلاف کارروائی کاوعدہ کیاتھا مگر کئی بار کی یاد دہانی کے باوجود اشوک گہلوت سرکار نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ 
  جے پور میں اپنی رہائش گاہ پر  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس  کے جواں سال لیڈراور سابق نائب وزیراعلیٰ نے بی جے پی کی بدعنوانیوں کے خلاف خود وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کی تقریر کے ویڈیو دکھائے۔   اس  سلسلے میں کارروائی نہ ہونے کو’’حیرت انگیز‘‘ قرار دیتے ہوئے  سچن پائلٹ نےکہا کہ وہ اس کی وجہ سے ’’فکر مند‘‘ ہیں۔ انہوں  نے جے پور میں شہید اسمارک پر ایک دن کی بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’وسندھرا سرکار میں ہونے والی بدعوانی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی حالانکہ اپوزیشن میں رہتےہوئے ہم نے جانچ کا وعدہ کیاتھا ۔‘‘ سچن پائلٹ نے نشاندہی کی کہ اسمبلی الیکشن کیلئے  ۶؍ سے ۷؍ مہینے ہی بچے ہیں،مخالفین یہ غلط فہمی پھیلاسکتے ہیں کہ کہیں کوئی ملی بھگت تو نہیں۔ اسے غلط ثابت کرنے کیلئے کارروائی ضروری ہےتاکہ کانگریس کارکنوں کو لگے کہ ہمارے قول وفعل میںتضاد نہیں  ہے۔‘‘ انہوں نے مانگ کی کہ’’راجے اور گہلوت میں ملی بھگت‘‘کے تاثر کو ختم کرنےکیلئے کارروائی ضروری ہے۔ 
 پائلٹ نےکہا’’میں نے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو ۲۸؍مارچ۲۰۲۲ءاور۲؍ نومبر ۲۰۲۲ءکو خط لکھا تھا۔ ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔۱۱؍اپریل کو مشہور سماجی مصلح جیوتی راؤ پھولے کا یوم پیدائش ہے، اسی دن میں شہدا کی یادگار پر ایک روزہ  بھوک ہڑتال رکھوں گا۔ میںنے اس بارے میں ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے۔  جنتاجناردن ہے۔
 وزیر خوراک پرتاپ سنگھ کھچریاواس نے سچن پائلٹ کی حمایت کی ہے۔ کھچریاواس نے کہا ’’پائلٹ نےکیا غلط کہا؟ صحیح مسئلہ اٹھایا۔انہوں نے بی جے پی کی بدعنوانی کے خلاف جواب مانگا ہے، حکومت ان کے اٹھائے گئے مسائل کا جواب دے۔‘‘انہوں نے کہا کہ اگر پائلٹ نے کوئی آواز اٹھائی ہے تو وہ ان کی اپنی آواز ہے۔ آواز کہیں سے آئی ہے، ہمیںمرکز کے راستےپرنہیں چلنا ہے، آواز سننی ہے۔ ہمارے سینئر لیڈرنےبی جے پی کی بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائی ہے،اس لیےانہیں جواب دیناچاہیے۔اب پائلٹ نےبھی کیا نہیں کہا؟ میں نے پائلٹ کے ساتھ ضلع صدررہتے ہوئے بی جے پی کی بدعنوانی کے خلاف تحریکیں چلائی تھیں۔کھچریاواس نےکہا’’پائلٹ نےآج ہی مجھ سےملاقات کی تھی۔ ہم دونوںمل کر لڑے، اس کے بعدہی حکومت بنی۔ میری نہ تو پائلٹ سے لڑائی ہے اور نہ ہی اشوک گہلوت سے۔پارٹی کے اہم شخص نے سوال کھڑے کیےہیں۔ وہ سنجیدہ ہے، اسے جواب ملنا چاہیے۔اشوک گہلوت اور وسندھرا راجے سندھیا کی جانب سے اس سلسلے میں اب تک کسی ردعمل کااظہار نہیںکیاگیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK