افلاطون کھانے سے ۵؍ افراد متاثر ہونے کا شبہ۔ وجہ معلوم کرنے کیلئے مٹھائی کے نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے،پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار۔
زبیر انصاری- تصویر:آئی این این
ممبرا میں چند روز قبل افلاطون کھانے کے بعد ۵؍ افراد بیمار ہوگئے تھے جن میں سے ایک ۳۵؍ سالہ شخص کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس واقعہ کی شکایت کے بعد ممبرا پولیس اور ایف ڈی اے کی ٹیم نےتفتیش شروع کرکے مٹھائی کے نمونے جانچ کیلئے بھیج دیئے ہیں۔ ان نمونوں کی جانچ اور پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ ایک شخص کے انتقال اور دیگر کے بیمار پڑنے کی صحیح وجہ کیا تھی البتہ اس دوران ساگر سویٹس کو سیل کردیا گیا ہے۔اس واقعہ میں جس شخص کا انتقال ہوا ہے ان کی شناخت زبیر انصاری کے طور پر ہوئی ہے۔ دیگر ۴؍ افراد کو طبیعت ٹھیک ہوجانے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
مرحوم کےچھوٹے بھائیوں سلمان اور سہیل انصاری نے میڈیا میں جو بیان دیا ہے ان کے مطابق ان کے کسی جاننے والے نے ۸؍ نومبر کو ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ساگر سویٹس نامی مٹھائی کی دکان سے افلاطون کے ۲؍ ڈبے خرید کر انہیں دیئے تھے۔ ان میں سے ایک ڈبہ انہوں نے دکان پر رکھ دیا اور ایک گھر پر بھیج دیا۔ اس کے بعد ۱۰؍ نومبر کو دکان پر رکھے ڈبے میں سے محض ایک افلاطون میں سے ۴؍ افراد نے اور گھر پر ایک شخص نے کھایا تھا اور یہ کھانے کے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے بعد ان پانچوں کو دست اور قے کی شکایت ہوگئی جس پر انہیں علاج کیلئے بلال اسپتال لے جایا گیا۔
طبیعت ٹھیک ہونے پر ۴؍ افراد کو ڈسچارج کردیا گیا تھا اور ۲؍ دنوں میں زبیر کی طبیعت بھی ٹھیک ہونے لگی تھی۔ ابتداء میں ان کی رپورٹ بالکل درست تھی اور انہیں بھی اسپتال سے ڈسچارج کیا جانا تھا لیکن اچانک ان کے جسم میں آکسیجن کی سطح گر گئی۔ ڈاکٹروں نے رات ۹؍ بجے اہلِ خانہ کو بتایا کہ زبیر کے پھیپھڑے، دل، جگر اور گردے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں اور انہیں فوری طور پر کسی ماہر ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔ تاہم رات کا وقت ہونے کی وجہ سے چند بڑے اسپتالوں نے ڈاکٹر نہ ہونے کی اطلاع دی اور یہ بھی کہا کہ جو رپورٹ انہیں بھیجی گئی ہے اس کے حساب سے کسی ماہر ڈاکٹر کی رائے کے بغیر زبیر کو کسی دیگر اسپتال میں منتقل کرنے کے دوران راستے میں بھی کچھ ہوسکتا ہے اس لئے مجبوراً اہلِ خانہ نے زیبر کو اسی اسپتال میں رہنے دیا اور فجر کے وقت انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
اس واقعہ کے بعد اہلِ خانہ نے ممبر اپولیس اسٹیشن اور ایف ڈی اے میں شکایت کی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس اور ایف ڈی اے نے ساگر سویٹس سے مٹھائی کے نمونے لے کر احتیاطاً دکان بند کردی ہے۔ اب رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ ان کی موت اور بیماری کی وجہ افلاطون تھا یا کوئی دیگر وجہ تھی اور اس کے حساب سے آگے کی کارروائی کی جائے گی۔