• Fri, 10 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رامپور میں سماجوادی سربراہ اکھلیش یادواور اعظم خان کی ملاقات

Updated: October 09, 2025, 12:12 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

سماجوادی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت ظلم، ناانصافی اور امتیازی سلوک کی علامت ہے

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav and Azam Khan. (PTI)
سماجواد ی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور اعظم خان۔ ( پی ٹی آئی)

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کی جیل سے رہائی کے بعد ایس پی سربراہ اکھلیش یادوبدھ کو ان سے ملنے رامپور پہنچے۔جیل سے باہر آنے کے بعد اعظم خان اوراکھلیش یادو کی یہ پہلی ملاقات ہے۔
  ملاقات کے دوران دونوں لیڈروں  میں کافی دیر تک گفتگو ہوئی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا ،’’ محمد اعظم خان سماجوادی پارٹی کے ایک تناوردرخت ہیں ، ہم ہمیشہ ساتھ رہے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے اور ہم مل کر لڑیں گے۔‘‘واضح رہے کہ اس ملاقات کو اتر پردیش کی سیاست کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظرپچھڑا، دلت اور اقلیت (پی ڈی اے) کی سیاست میں مزیدتیزی آسکتی ہے حالانکہ حکمراں جماعت بی جے پی نے اس ملاقات کوووٹ بینک کی سیاست سے تعبیرکرتےہوئےطنزکیا ہے۔
 اکھلیش یادو نے رامپور میں محمد اعظم خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی،ساتھ ہی ان کی بہترصحت کی خواہش ظاہرکی۔ قبل ازیں ، اکھلیش یادو ہیلی کاپٹر سے رامپور میں مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی پہنچے تو محمد اعظم خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ جوہر یونیورسٹی سے دونوںلیڈر ایک ہی کارمیں رہائش گاہ پہنچے۔غورطلب ہے کہ اکھلیش یادو اور اعظم خان کے درمیان یہ ملاقات اس شرط پر ہوئی کہ دونوںکے درمیان کوئی تیسرا فرد شامل نہیں ہوگا۔یہاں تک کہ اعظم خان کی بیوی یا بیٹا بھی موجود نہیں ہوںگے اور سیکوریٹی عملہ کے علاوہ کوئی لیڈر ان کے گھر نہیں آئےگا۔یہاں تک کہ رامپور کے رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کو بھی اس میٹنگ سے دور رکھا جائے۔
 اس موقع پراکھلیش یادو نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےکہا کہ ۲۰۲۷ءمیں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنےگی اور اعظم خان کےساتھ انصاف ہوگا۔اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے محمد اعظم خان اور ان کے اہلِ خانہ پر جھوٹے مقدمے قائم کئے۔ انہیں غیر ضروری طور پر ہراساںکیا اور تکلیف میں رکھا گیا۔ان کے مطابق بی جے پی حکومت ظلم و زیادتی کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔اکھلیش کے مطابق محمد علی جوہر یونیورسٹی کو نقصان پہنچانے والے دراصل علم و تعلیم کے دشمن ہیں، جبکہ اعظم خان نے یونیورسٹی کے ذریعے ایک شاندار کام کیا ہے۔اکھلیش نے وعدہ کیا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے پر اعظم خان کے خلاف تمام بے بنیاد مقدمات ختم کر دیئے جائیں گےاور ایسے تمام متاثرین کو انصاف دیا جائے گا۔
 وہیں،رامپور میں اکھلیش-اعظم کی ملاقات پر یوگی حکومت کے وزراءنے طنزکیا ہے۔یوگی حکومت کے کابینی وزیراوم پرکاش راجبھرنے کہا کہ اکھلیش رامپور صرف اس خوف سے گئے کہ کہیں اعظم اور شیوپال مل کر کوئی نیا کھیل نہ کر دیں۔راجبھر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اعظم خان نے دکھا دیا کہ سماجوادی پارٹی میں آج بھی ان کی دھاک برقرار ہے، جبکہ اکھلیش کی رامپور یاترا ان کی سیاسی مجبوری کو ظاہر کرتی ہے۔راجبھر نے یاد دلایا کہ اکھلیش یادو۲۳؍ ماہ تک جیل میں قید اعظم خان سے ملنے نہیں گئے مگر اب ان کی ضمانت کے بعد انہیں منانے پہنچ گئے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK