Inquilab Logo

سماجوادی پارٹی کا دعویٰ، بی جےپی کے جھوٹے وعدوں سےلوگ تنگ آچکے ہیں،ہر حال میں شکست دینےکاعزم دہرایا

Updated: March 25, 2024, 11:43 PM IST | Agency | New Delhi

شیوپال یادو نے کہا کہ بی جے پی سے لوگ پریشان ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی اپنےعروج پر ہے، اسلئے اس بار اترپردیش میں عوام کی پہلی پسند سماجوادی پارٹی اور کانگریس اتحاد ہے۔

Akhilesh Yadav. Photo: INN
اکھلیش یادو ۔ تصویر : آئی این این

سماجوادی پارٹی نے بی جے پی کے دعوؤں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ اسے ہر طرف منہ کی کھانی پڑے گیکیونکہ لوگ اس سے بری طرح تنگ آچکے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری شیو پال سنگھ یادو نے دعویٰ کیا کہ ملک کے عوام بی جے پی کے کھوکھلے وعدوں سے عاجز آچکے ہیں، اسلئے وہ اس بار ’انڈیا‘ اتحاد کے حق میں ووٹنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس  مرتبہ  اترپردیش میں عوام کی پہلی پسند سماجوادی پارٹی اور کانگریس اتحاد ہے۔ ہولی کے موقع پر وہ سیفئی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ’’لوگ  بی جے پی سے پریشان  ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی اپنے عروج پر ہے۔ بی جے پی کے وعدے جھوٹے اور کھوکھلے ہیں۔ اس بار لوگ سماجوادی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کر رہے ہیں، ایسے میں ہم جیت کو یقینی بنائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر ہم اتر پردیش میں جیت گئے تو بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔‘‘ لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کے اعلان کے بارے میں شیو پال یادو نے کہا کہ بقیہ سیٹوں کے امیدواروں کا اعلان بھی بہت جلد کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: منڈی سے کنگنااور میرٹھ سے’رام‘، وَرون گاندھی کو چھٹی

سماجوادی  پارٹی کے جنرل سیکریٹری نے پارٹی امیدواروں پر زور دیا کہ وہ ایس پی کے بانی آنجہانی ملائم سنگھ یادو کی پالیسیوں اور اصولوں کو آگے بڑھائیں اور پارٹی کے نظریہ کے مطابق عوام تک پہنچیں۔ یادو نے کہا کہ اس بار ایس پی کو عوام کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ امیدواروں کو اب تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے بیٹے آدتیہ یادو کے بدایوں سے الیکشن لڑنے کا امکان ہے، شیو پال یادو نے کہا ابھی تو ہم ہی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جو بھی ہدایات دے گی، میں اس پر عمل کروں گا۔ شیو پال یادو کو بدایوں سیٹ سے پارٹی نے  امیدوار بنایا ہے۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر رام گوپال یادو نے بھی صحافیوں سے گفتگو کی اور کہا کہ جس طرح بھکت پرہلاد نے ہولیکا کو تباہ کیا تھا، اسی طرح ووٹروں کو بھی دہلی سے لے کر اتر پردیش تک پھیلی ہوئی تمام برائیوں کو دور کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ آج پورا یادو خاندان اپنے آبائی گاؤں سیفئی میں ہولی منا رہا ہے۔ یہاں اکھلیش یادو، پارٹی کے پرنسپل قومی جنرل سیکریٹری رام گوپال یادو اور قومی جنرل سیکریٹری شیو پال سنگھ یادو سمیت خاندان کے مختلف افراد موجود رہیں گے۔
 اسی موقع پرسماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ الیکٹورل بونڈ کے گھپلے کے سامنے آنے کے بعد ملک ہی نہیں بلکہ دنیا میں بی جے پی شرمشار ہورہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ ہزاروں کروڑ روپے کے الیکٹورل بونڈ کے گھپلے کے بعد بی جے پی سوالات کے گھیرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو چندہ اپنی مرضی سے دیا جاتا ہے لیکن مودی حکومت کے دباؤ میں ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ لوگوں سے زبردستی وصولی کی جارہی ہے۔ انہوں  نے کہاہم سب کو مل کر کے لگاتار ناانصافی کے خلاف لڑتے رہنا ہے۔۲۰۲۴ء کا لوک سبھا الیکشن ہمارے ملک  کے مستقبل کو طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایسے لوگ ہیں جو آئین کو بچانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ الیکشن آئین بچانے کا بھی الیکشن ہے۔ آئین بچے گا تبھی جمہوریت بچے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی تیاریاں۵۱؍فیصد سے زیادہ ووٹوں کو ذہن میں رکھ کر ہو رہی ہیں۔ اسلئے ہمارے کارکنوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے بوتھ کو بچائیں۔ بوتھ فیصد میں اضافہ کریں اور اسے۵۱؍ فیصد سے آگے لے جائیں۔ ہمیں ووٹ ڈالنے سے لے کر ووٹ  ڈلوانےتک پوری طرح محتاط رہنا ہوگا، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو اس بار جمہوریت نہیں بچے گی اور جو حقوق ہمیں ملے  ہیں،وہ بھی چھین لئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK