• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

منڈی سے کنگنااور میرٹھ سے’رام‘، وَرون گاندھی کو چھٹی

Updated: March 25, 2024, 10:45 PM IST | Agency | New Delhi

بی جےپی کی ۵؍ ویں فہرست سے مرکزی وزیر وی کے سنگھ اور اشوینی چوبے کا نام بھی غائب، مینکا گاندھی سلطانپور اورسابق کانگریسی نوین جندل کروکشیتر سے الیکشن لڑیں گے۔

Varun Gandhi. Photo: INN
ورون گاندھی۔ تصویر : آئی این این

ہر حال میں الیکشن جیت کر تیسری بار حکومت سازی کیلئے بے قرار بی جےپی نے تنازعات میں گھری رہنے والی فلم اداکارہ کنگنا رناوت اور ’رامائن ‘ سیریل کے ’رام‘ ارون گووِل سمیت ۱۷؍ ریاستوں کی ۱۱۱؍  سیٹوں کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔ بی جے پی کی یہ  پانچویں  فہرست ہے جس میں مرکزی وزیر اور سابق فوجی سربراہ وی کے سنگھ  اور ان کے کابینی رفیق اشوینی کمار چوبے کا ٹکٹ کاٹ دیاگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گزشتہ کچھ عرصے سے مودی سرکار کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے جواں سال لیڈر ورون گاندھی کا ٹکٹ بھی پیلی بھیت سے کاٹ دیا گیا ہے البتہ ان کی ماں مینکا گاندھی کو سلطانپور سے امیدوار بناکر کسی اور پارٹی سے امیدوار بننے کی ورون گاندھی کی راہ  مسدود کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ 
کس ریاست سے کتنے امیدواروں کا اعلان
پانچویں فہرست میں۱۱۱؍ امیدواروں میں ۲۰؍ خواتین ہیں۔ اس میں مغربی بنگال کی۱۹؍ سیٹوں، ادیشہ کی۱۸، بہار میں بی جے پی کی تمام ۱۷؍ سیٹوں، یو پی کی۱۳؍ سیٹوں، راجستھان کی۷، آندھرا  اور گجرات کی۶۔۶، ہریانہ، کرناٹک اور کیرالا کی۴۔۴، ہماچل پردیش اور تلنگانہ کی ۲۔۲، جھا رکھنڈ اور مہاراشٹر کی ۳۔۳، گوا، سکم اور میزورم کی ایک ایک سیٹ کے امیدوار شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کیجریوال کی پریشانیوں میں اضافہ، حراست سے جاری سرکاری حکم کی جانچ کا اعلان

کنگنا رناوت اور ارون گوویل کو ٹکٹ
کنگنا رناوت کی بی جےپی میں شمولیت اوران کے اس اعلان کے بعد کہ وہ الیکشن لڑنے کو تیار ہیں، بی جےپ ی نے انہیں ان کی آبائی ریاست ہماچل  پردیش کی منڈی سیٹ سے امیدوار بنایا ہے جبکہ  دور درشن پر ۹۰ء کی دہائی میں نشر ہونے والے مقبول عام سیریل ’راماین‘ کے ’رام‘ ارون گووِل کو اتر پردیش کے میرٹھ سے میدان میں  اتارا گیاہے۔ بی جےپی کی اس پانچویں فہرست میں مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کا نام بھی شامل ہے جو ادیشہ کے سنبل پور  سے میدان میں  ہوں گے۔ ان کے ساتھ  پارٹی ترجمان سمبت پاترا کو ادیشہ کی پوری پارلیمانی سیٹ سے امیدوار بنایا گیاہے۔ 
ورون گاندھی کا ٹکٹ کٹ گیا
پیلی بھیت سے بی جےپی کے ایم پی ورون گاندھی کا ٹکٹ کاٹ کراتر پردیش سرکار میں  وزیر اور سابق کانگریسی لیڈر جتن پرساد کو امیدوار بنایا گیاہے۔بہار میں بکسر سے مرکزی وزیر اشونی چوبے کا ٹکٹ کٹ گیا ہے، ان کی جگہ متھیلیش تیواری کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔  اتر پردیش میں غازی آباد میں جنرل وی کے سنگھ کے  الیکشن نہ لڑنے کے اعلان کے بعد  اتل گرگ کو یہ ٹکٹ دیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں اراکو (ر) سیٹ سے وائی ایس آر کانگریس سے بی جےپی میں آنے والی کوتھاپلی گیتا کو ٹکٹ دیا گیا  ہے۔ 
 ہیمنت سورین کی بھابھی کوٹکٹ
 بی جے پی نے جھارکھنڈ میں گزشتہ دنوں جھارکھنڈ مکتی مورچہ سے بغاوت کرکے بی جےپی کا ہاتھ تھامنے والی ہیمنت سورین کی بھابھی سیتا سورین کو دُمکا پارلیمانی سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ واضح رہے کہ اس سیٹ سے ہیمنت سورین الیکشن لڑ چکے ہیں اور’انڈیا‘ اتحاد سے  اس بار ان کی اہلیہ کلپنا سورین امیدوار ہوسکتی ہیں۔ ہریانہ میں کروکشیتر سے زعفرانی پارٹی نے صنعتکار نوین جندل کو ٹکٹ دیا ہے۔ ان کی امیدواری  کا اعلان بی جےپی میں ان کی شمولیت کے محض آدھے گھنٹے بعد کردیاگیا۔ 
گری راج اور روڈی کو ٹکٹ
بہار میں وویک ٹھاکر کو نوادہ سے، گری راج سنگھ کو بیگوسرائے سے اور راجیو پرتاپ روڈی کو سارن سے دوبارہ امیدوار بنایا گیا ہے۔ گجرات میں بڑودہ اورسابرکانٹھا سے نئے چہروں - ہیمانگ جوشی اور شوبھنا بین برایا کو موقع دیا گیا ہے۔راجستھان میں جے پور رورل سے کرنل راجیہ وردھن سنگھ کی جگہ راؤ راجندر سنگھ کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے کو ٹکٹ
مغربی بنگال میں بیرک پور سے ارجن سنگھ اور تاملوک سے جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے  نے حال ہی میں  کولکاتاہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اُدھر ورون گاندھی کو پیلی بھیت سے ٹکٹ نہ دیکر سلطانپور سے ان کی والدہ کو امیدوار بنایاگیاہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس طرح ورون گاندھی کیلئے کسی اور پارٹی سے الیکشن لڑنے کی راہ مسدود کردی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK