• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آرین خان رشوت معاملہ میں سمیر وانکھیڈے کو۸؍ جون تک راحت

Updated: May 23, 2023, 9:37 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

ہائی کورٹ نے شاہ رخ خان سے ہوئی بات چیت اور کیس کے تعلق سے ذرائع ابلاغ کو کسی بھی طرح کا بیان جاری کرنے سے منع کیا ۔ تفتیشی ایجنسی کو ۳؍جون تک اس ضمن میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت بھی دی

Sameerwankhede can be seen outside the High Court. (Photo: PTI)
سمیروانکھیڈے کوہائی کورٹ کے باہردیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 آرین خان رشوت معاملہ میں پیر کو ہونے والی شنوائی کے دوران بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے جہاں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے اور شاہ رخ خان کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیلات ذرائع ابلاغ میں عام کرنے پر برہمی کا اظہار کیا  وہیں  سی بی آئی کی مخالفت کے باوجود سمیر وانکھیڈے کو وہاٹس ایپ چیٹ اور کیس سے متعلق ذرائع ابلاغ میں کسی بھی قسم کا بیان جاری کرنے سے منع کرتے ہوئے انہیں دی گئی راحت میں۸؍ جون تک توسیع کردی   ۔ دریں اثناء  سمیر وانکھیڈے اور ان کی بیوی کرانتی ریڈکر نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دھمکی ملنے کی اطلاع دیتے ہوئے  پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
 ۲۵؍کروڑ روپےرشوت مانگنے کے کیس کے خلاف داخل کی گئی عرضداشت پر  پیر کوہونے والی شنوائی کے دوران بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ابھئے آہوجا اور جسٹس ایم ایم ستیہ   سمیروانکھیڈے پر برہم ہوتے ہوئے ان کے اور سپر اسٹار شاہ رخ خان کے درمیان ان کے بیٹے آرین کے تعلق سے ہونے والی بات چیت ذرائع ابلاغ میں عام ہونے کی وجہ جاننا چاہی  ۔ کورٹ نے کہا کہ جب مذکورہ بالا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے تو وہاٹس ایپ چیٹ ذرائع ابلاغ میں کیوں عام کی گئی ۔اس پر سمیروانکھیڈے کے وکیل آباد پونڈا نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہاٹس ایپ چیٹ عرضداشت کا حصہ ہے جو عدالت میں داخل کی گئی ہے، میرے موکل نے وہ اطلاع ذرائع ابلاغ کو نہیں دی ہے۔اس پر تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کے وکیل کلدیپ پاٹل نے مخالفت کرتے ہوئے دو رکنی بنچ سے کہا کہ’’ ایک باپ کی حیثیت سے اپنے بیٹے کی گرفتاری اور اسے کیس سےبری کرنے کی  التجا کر رہا تھا ، آفیسر جو خود اس کیس کی تفتیش کرنے والی ٹیم کا سربراہ تھا، تو کیا آفیسر وہاٹس ایپ پر ہونے والی بات چیت کواپنا  صاف ستھرا کردار ہونے کے سرٹیفکیٹ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔‘‘  ساتھ ہی  انہوں نے مزید عبوری راحت دینے کی بھی پر زور مخالفت کی   ۔
  اس پر ۲؍  رکنی بنچ نے  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سمیر وانکھیڈے کو ان کے اور شاہ رخ خان کے درمیان ہوئی وہاٹس ایپ  چیٹ کو عام کرنے اور کیس کے تعلق سے کسی بھی قسم کا بیان جاری نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عبوری راحت میں۸؍جون تک توسیع کردی ساتھ ہی  سی بی آئی کو داخل کردہ عرضداشت پر۳؍جون تک حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت بھی دی  ۔
 دریں اثناء سمیر وانکھیڈے کی بیوی نے سوشل میڈیا پر گزشتہ۴؍دن سے دھمکائے جانے اور توہین و تضحیک کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے ممبئی کے پولیس کمشنر کو مکتوب روانہ کیا ہے اوران سے اپیل کی ہے کہ انہیں سیکوریٹی فراہم کی جائے۔

aryan khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK