• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ پر اسپین کے دائیں بازو میں ذرا بھی انسانیت نہیں: ہسپانوی وزیراعظم

Updated: November 27, 2026, 7:05 PM IST | Madrid

ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ پر اسپین کے دائیں بازو میں ذرا بھی انسانیت نہیں، انہوں نے۲۹؍ نومبر کو ہونے والے قبل از وقت عام انتخابات سے قبل ٹیلی ویژن مباحثے کے دوران غزہ پر اسرائیل کی نسل کش جنگ کے بارے میں ان کے ردعمل پر ملک کی دائیں بازو اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں پر انسانیت کی کمی کا الزام لگایا ہے۔

Spanish Prime Minister Pedro Sánchez. Photo: X
ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز۔ تصویر: ایکس

ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ پر اسپین کے دائیں بازو میں ذرا بھی انسانیت نہیں، انہوں نے۲۹؍ نومبر کو ہونے والے قبل از وقت عام انتخابات سے قبل ٹیلی ویژن مباحثے کے دوران غزہ پر اسرائیل کی نسل کش جنگ کے بارے میں ان کے ردعمل پر ملک کی دائیں بازو اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں پر انسانیت کی کمی کا الزام لگایا ہے۔وزیر اعظم نے اپوزیشن پیپلز پارٹی کے زیر کنٹرول میڈرڈ کی علاقائی حکومت پر تنقید کی کہ اس نے غزہ پر حملہ جاری رہنے کے دوران اسرائیلی حکومت کو اعزازی تمغہ دیا۔سانچیز نے اپنے مخالفین پر ’’ذرا بھی انسانیت نہ ہونے‘‘ کا الزام لگا تے ہوئے کہا، ’’یہ شرمناک ہے۔‘‘ انہوں نے فیجو کو اس وقت ٹوک دیا جب قدامت پسند لیڈر نے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کو ’’قتل عام‘‘ قرار دیا، تاہم سانچیز نے اصرار کیا کہ ’’یہ نسل کشی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سری لنکا: ۳۶ ؍سال قبل مسلمانوں کے قتل عام کے شواہد ملنے کی امید، انسانی باقیات برآمد

بعد ازاں حکمران ہسپانوی سوشلسٹ ورکرز پارٹی (PSOE) کے سیکرٹری جنرل سانچیز نے اپوزیشن پیپلز پارٹی (PP) کے لیڈر البرٹو نونیز فیجو اور انتہائی دائیں بازو کی ووکس پارٹی کے سانتیاگو اباسکال کے ساتھ سومار سیاسی اتحاد سے وابستہ بائیں بازو کی ہسپانوی سیاستدان اور بارسلونا کی سابق میئر اڈا کولاؤ کے ساتھ امیگریشن، ہاؤسنگ بحران اور خارجہ پالیسی پر مرکوز مباحثے میں اختلاف کیا۔ تاہم سانچیز نے ووٹروں کو خبردار کیا کہ اسپین کو ’’پسماندگی اور ترقی پسندی‘‘ کے درمیان انتخاب کا سامنا ہے،دلیل دی کہ پی پی اور ووکس امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ارجنٹائن کے صدر خاویر میلی کی سیاست کو دہرانا چاہتے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے اپنی حکومت کے اقتصادی ریکارڈ کا دفاع کیا اور بدعنوانی کے الزامات کے درمیان بدعنوانی کے لیے صفر برداشت کا عہد کیا۔
فیجو نے دس لاکھ نئے گھروں کا وعدہ کیا، ووکس نے امیگریشن پر توجہ دی
فیجو، جن کی جماعت زیادہ تر رائے عامہ کے جائزوں میں آگے ہے، نے حکومت کو بڑھتی ہوئی قیمتوں، ہجرت کے دباؤ، بدعنوانی کے اسکینڈل اور دو بڑے تیز رفتار ریل حادثات کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے منتخب ہونے پر۱۰؍ لاکھ نئے گھر بنانے، ٹیکس کم کرنے اور حکومتی انتظامیہ کا سائز کم کرنے کا وعدہ کیا۔جبکہ اباسکال نے امیگریشن کو اپنی مداخلت کا مرکز بنایا، ہاؤسنگ کی قلت سے لے کر عوامی خدمات پر دباؤ تک کے مسائل کے لیے غیر قانونی ہجرت کو مورد الزام ٹھہرایا۔مزید برآں انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں۶۰؍ لاکھ تارکین وطن اسپین میں داخل ہوئے ہیں اور سیوٹا اور کینری جزائر کی صورتحال کو ’’تارکین وطن کا قبضہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کولاؤ کی بار بار اپیلوں کے باوجود خواتین کے خلاف تشدد کی مذمت کرنے سے انکار کر دیا۔علاوہ ازیں چار امیدواروں میں واحد خاتون کولاؤ نے دولت کی زیادہ تقسیم کا مطالبہ کیا، دلیل دی کہ اسپین کا متوسط طبقہ سکڑ رہا ہے اور سماجی عدم مساوات بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کی غزہ میں۱۰؍ لاکھ فلسطینیوں کی نئی بے دخلی کی دھمکی

مباحثے نے۲۰۳۰ء ورلڈ کپ پر بھی تناؤ کو بے نقاب کیا، جس کی میزبانی اسپین پرتگال اور مراکش کے ساتھ کرے گا۔ فیجو نے تجویز دی کہ اگر فائنل مراکش میں ہوا تو اسپین کو دستبردار ہو جانا چاہیے، جبکہ اباسکال نے رباط کے ساتھ تعاون کی مخالفت کی۔ذہن نشین رہے کہ زیادہ تر جائزے بتاتے ہیں کہ پی پی سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھرے گی، ممکنہ طور پر ووکس کے ساتھ پارلیمانی اکثریت حاصل کرے گی اور دائیں بازو کی حکومت کی راہ ہموار کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK