• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کی غزہ میں۱۰؍ لاکھ فلسطینیوں کی نئی بے دخلی کی دھمکی

Updated: November 27, 2026, 4:10 PM IST | Tel Aviv

اسرائیل نے غزہ میں۱۰؍ لاکھ فلسطینیوں کی نئی بے دخلی کی دھمکی دی ، اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ حماس کے ہتھیار ڈالنے تک جنوب کی طرف نئی بے دخلی ہوگی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

 اسرائیل کی نگراں حکومت کے وزیر دفاع نے جمعرات کو دھمکی دی کہ حماس کے ہتھیار ڈالنے تک جس کا وعدہ گروپ نے کیا ہے، غزہ میں دس لاکھ فلسطینیوں کو بے دخل کیا جائے گا۔اسرائیل کاٹز کی جانب سے نئی دھمکی ایسے وقت میں آئی ہے جب جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج فلسطینی علاقے میں ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ کر رہی ہے۔کاٹز نے ایکس پر لکھا، ’’حماس کے لیڈراور۷؍ اکتوبر کے قتل عام میں حصہ لینے والے ہر شخص کا شکار کیا جا رہا ہے اور ان کا پیچھا کیا جا رہا ہے،‘‘ انہوں نے حماس کے۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء کو اسرائیل پر حملے کا حوالہ دیا جس نے غزہ میں جنگ کو جنم دیا۔

یہ بھی پڑھئے: فلسطین: خواتین کے حقوق پر ۱۶؍ روزہ مہم کا آغاز

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی شرائط کے تحت، جو اکتوبر۲۰۲۵ء میں نافذ ہوئی، اسرائیلی افواج کو غزہ کے۵۳؍ فیصد حصے میں رہنے کی اجازت دی گئی۔لیکن کاٹز نے جمعرات کو لکھا کہ ’’غزہ کے علاقے کا۷۰؍ فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے اور اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہے۔‘‘کاٹز نے مزید کہا، ’’باقی۳۰؍ فیصد پر حماس کا کنٹرول ایک وہم ہے۔‘‘انہوں نے  اگست ۲۰۲۵ءمیں غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی کارروائی کا حوالہ  دیتے ہوئے لکھا، ’’یا تو وہ رضاکارانہ طور پر غیر مسلح ہوں گے اور صدر ٹرمپ کے منصوبے کے مطابق غزہ کو غیر فوجی بنایا جائے گا، یا آئی ڈی ایف انہیں آپریشن گڈعون چیریٹس II کے حصے کے طور پر غیر مسلح کرے گی، جس میں غزہ کے دس لاکھ رہائشیوں کو دوبارہ جنوب کی طرف بے دخل کرنا بھی شامل ہے۔‘‘
واضح رہے کہ حماس نے جولائی۲۰۲۶ء میں اعلان کیا تھا کہ وہ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے تحت ایک نئی فلسطینی ٹیکنوکریٹک کمیٹی کو اپنے ہتھیار سونپنے کے معاہدے پر متفق ہو گئی ہے، جسے جنگ بندی کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔لیکن اسرائیل شکوک و شبہات کا شکار رہا ہے، اب نگراں وزیر اعظم نیتن یاہو نے فوج کے انخلاء سے پہلے تمام ہتھیاروں کی قابل تصدیق حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔تاہم حماس نے غیر مسلح ہونے کےمطالبے پر خاموشی اختیار کی  اور اسرائیل نے افواج کا انخلاء شروع کرکے جواب دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹارگٹ کلنگ
دریں اثنا اسرائیلی فوج غزہ پٹی میں حماس عہدیداروں کو نشانہ بنانا جاری رکھے ہوئے ہے۔جمعرات کو فوج نے کہا کہ اس نے حماس کے ایک چیف مالیاتی عہدیدار اور اسلام پسند تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن کو ہلاک کر دیا ہے، جن کے بارے میں غزہ میں حکام نے کہا کہ وہ نائب وزیر تعلیم تھے۔ خالد ابو ندا کی رات کو ٹارگٹنگ حماس کے داخلی سلامتی کے ڈائریکٹر کی ہلاکت کے دو دن بعد ہوئی، اور پھر ایک دن بعد شمالی غزہ کے سیکیورٹی چیف اور ان کے خاندان کی ہلاکت ہوئی۔جمعرات کو ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے ’’دہشت گرد خالد ابو ندا کو ختم کر دیا، جو حماس کے سیاسی بیورو میں اقتصادی شعبے کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے‘‘ اور وزیر تعلیم بھی تھے۔اس میں مزید کہا گیا، ’’اقتصادی پورٹ فولیو کے سربراہ کے طور پر ابو ندا حماس کے بینکوں اور سرمایہ کاری کے نظام کے انتظام کے ذمہ دار تھے۔ اس کردار میں انہوں نے دہشت گردانہ سرگرمیوں اور حماس کی طاقت کی تعمیر کی طرف فنڈز کی ہدایت کی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے نیتن یاہو پرغزہ امن منصوبے کے وعدے پورے کرنے پر زور دیا: رپورٹ

بعد ازاں غزہ کی وزارت تعلیم، جو حماس اتھارٹی کے تحت کام کرتی ہے، نے ابو ندا کو ’’ایک ممتاز تعلیمی، علمی و پیشہ ورانہ شخصیت‘‘ قرار دیا، اور فلسطینی تعلیمی نظام پر اسرائیل کے ’’منظم حملے‘‘ کی مذمت کی۔
غزہ کی سول ڈیفنس ریسکیو سروس نے کہا کہ ابو ندا کی اہلیہ عبیر وسطی غزہ میں دیر البلاح پر اسی اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئیں۔اس نے کہا کہ غزہ شہر کے مغرب میں الشاطی پناہ گزین کیمپ میں ’’عوام کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے والے‘‘ رات کے اسرائیلی ڈرون حملے میں مزید تین افراد شہید ہوئے۔جبکہ نیتن یاہو اور کاٹز نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ’’گزشتہ ماہ کے دوران تقریباً۸۰؍ حماس دہشت گردوں کو ختم کیا گیا ہے۔‘‘ذہن نشین رہے کہ اکتوبر کے غیر فیصلہ کن انتخابات کے بعد نیتن یاہو اتحادی مذاکرات جاری رہنے کے دوران فوجی کارروائیوں کے انچارج ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK