• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری لنکا: ۳۶ ؍سال قبل مسلمانوں کے قتل عام کے شواہد ملنے کی امید، انسانی باقیات برآمد

Updated: November 27, 2026, 2:45 PM IST | Agency | Colombo

دہشت گرد تنظیم ’ایل ٹی ٹی ای‘ کے ہاتھوں سیکڑوں مسلمان قتل اور لاپتہ ہوئے تھے، متاثرہ خاندانوں کوحقیقت سامنے آنے کی امید۔

Fozel Hanaya holds the death certificate of her brother, Fozel Aamir, which states that he was killed by the LTTE in Korukulamdam. Photo: INN
فوزل حنایا اپنے بھائی فوزل عامر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ تھامے ہوئے ہیں جس میں درج ہے کہ انہیں کوروکلمڈم میں ایل ٹی ٹی ای نے قتل کیا تھا۔ تصویر: آئی این این

سری لنکا میں تمل علاحدگی پسند تنظیم لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلم (ایل ٹی ٹی ای) کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کے ۳۶ ؍ سال بعد ایک اجتماعی قبر سے انسانی باقیات ملنے پر متاثرہ خاندانوں میں اپنے پیاروں کے انجام سے متعلق حقیقت سامنے آنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ مشرقی سری لنکا کے علاقے کوروکلمڈم میں عدالت کے مقرر کردہ ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم نے اجتماعی قبر سے ایسی انسانی باقیات برآمد کی ہیں جن پر دھار دار ہتھیاروں سے زخم لگائے جانے کے نشانات موجود ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں ۱۹۸۳ء سے ۲۰۰۹ء تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران ہزاروں شہری مارے گئے۔ اس جنگ میں جہاں سری لنکن فوج پر تامل آبادی کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات لگے، وہیں ایل ٹی ٹی ای نے بھی ملک کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ جولائی ۱۹۹۰ء میں کوروکلمڈم کے قریب مسلمانوں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو روک کر فائرنگ کی گئی، جس میں ۶۰ ؍سے ۱۵۰ ؍افراد کی ہلاکت کا اندازہ ہے۔ اس کے ایک ماہ بعد کٹانکڈی اور ایراوور کی دو مساجد میں کم از کم ۳۰۰ ؍مسلمانوں کو قتل کردیا گیا تھا۔اس قتل عام میں فوزل حنایا کے دو بھائی بھی لاپتا ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: یونان: تنخواہوں اور سرکاری خدمات میں بہتری کیلئے ہزاروں مظاہرین سڑکوں پراترے

ان کے بھائی فوزل عامر جولائی ۱۹۹۰ء میں کاروباری سفر سے واپس آتے ہوئے کوروکلمڈم کے قریب ایل ٹی ٹی ای کے حملے کا نشانہ بنے، جبکہ دوسرے بھائی عبدالرؤف چند روز بعد سامان خریدنے کیلئے گھر سے نکلے تو انہیں اغوا کرلیا گیا۔ اسکے بعد ان کا کوئی سراغ نہیں ملا اور انہیں مردہ تصور کیا جاتا ہے۔۶۰ ؍ سالہ فوزل حنایا نے بتایا کہ وہ گزشتہ ۳۶ ؍برس سے اپنے بھائیوں کے بارے میں معلومات ملنے کی منتظر ہیں۔ اب انہیں امید ہے کہ اجتماعی قبر سے ملنے والی باقیات کی شناخت سے ان کے بھائیوں کے انجام کا پتا چل سکے گا اور وہ اسلامی طریقے سے ان کی تدفین کرسکیں گی۔

حکومت نے کون سا اقدام کیا؟

رپورٹ کے مطابق سری لنکا نے ۲۰۱۶ء میں لاپتا اور جبراً گمشدہ افراد کے بارے میں معلومات جمع کرنے کیلے ایک آزاد ادارہ قائم کیا تھا، جہاں حنایا سمیت مختلف برادریوں کے سیکڑوں خاندانوں نے شکایات درج کرائی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال سب سے اہم کام باقیات کی شناخت، واقعے کی حقیقت معلوم کرنا اور متاثرہ خاندانوں کو تحقیقات سے باخبر رکھنا ہے۔ شواہد کی بنیاد پر مجرمانہ کارروائی بھی کی جانی چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK