شیوسینا (ادھو) ترجمان نے لینن کا قول نقل کیا کہ ’’ کسی ملک کو تباہ کرنا ہو تو اس کے نوجوانوں کی غوروفکر کی صلاحیت کو تلف کردو‘‘
EPAPER
Updated: May 16, 2026, 6:32 AM IST | Mumbai
شیوسینا (ادھو) ترجمان نے لینن کا قول نقل کیا کہ ’’ کسی ملک کو تباہ کرنا ہو تو اس کے نوجوانوں کی غوروفکر کی صلاحیت کو تلف کردو‘‘
کمیونسٹ مفکر لینن کے ایک قول کو نقل کرتے ہوئے کی گئی سنجے رائوت کی پوسٹ نے مہایوتی میں کھلبلی مچا دی ہے۔ شیوسینا (شندے) اور بی جے پی دونوں ہی کی جانب سے رائوت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاج ہو رہا ہے۔ خاص کر شیوسینکوں ( شندے گروپ) نے رائوت کے گھر کے باہر بھی احتجاج کیا جہاں کافی ہنگامہ ہوا ۔ پولیس کو شیوسینکوں کو حراست میں لینا پڑا۔
جمعہ کے روز شیوسینا (ادھو) رکن پارلیمان سنجے رائوت نے مشہور کمیونسٹ مفکر ولادیمیر لینن کا ایک قول سوشل میڈیا پر شیئر کیا ’’ اگر کسی ملک کو تباہ کرنا ہو تو اس ملک کے نوجوانوں کی غور وفکر کی صلاحیت کو زائل کر دو۔ولادیمیر لینن‘‘ ساتھ ہی سنجے رائوت نے تبصرہ کیا ’’آج ہندوستانی نوجوان اسی طرح گمراہ اور کند ذہن ہو چکا ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں سنجے رائوت نے ولادیمیر لینن کی تصویر بھی لگائی ہے۔ ان کی اس پوسٹ کا وائرل ہونا تھا کہ مہایوتی میں کھلبلی مچ گئی ۔ خاص کر شیوسینا (شندے ) کے کارکنان سڑکوں پر اتر آئے اور سنجے رائوت کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔ انہوں نے اس پوسٹ پر ہندوستانی نوجوانوںکی توہین قرار دیا۔
شیوسینا (شندے) نے صبح ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ سنجے رائوت کے گھر کے باہر احتجاج کر ے گی۔ پولیس نے پہلے ہی بھانڈوپ میں واقع سنجے رائوت کے گھر کے باہر پہرہ لگا دیا تھا۔ دوپہر بعد راج سروے کی قیادت میں شندے گروپ کے کارکنان بھانڈوپ پہنچے اور نعرے لگاتے ہوئے رائوت کے گھر کی طرف بڑھنے لگے لیکن پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر ان کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ پولیس نے انہیں آگے بڑھنے نہیں دیا تو انہوں نے وہیں سنجے رائوت کی تصویر پر کالک پوتنے لگے۔ چپل مارنے لگے۔ پولیس نےان کارکنان کو حراست میں لیا اور وہاں سے ہٹایا۔
بھانڈوپ کے علاوہ تھانے میں بھی یووا سینا کے صدر پورویش سرنائیک کی قیادت میں سنجےرائوت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ سرنائیک نے کہا’’ سجے رائوت کو اس طرح کے غلط بیانات دینے کی عادت ہے۔ وہ خود کند ذہن ہو گئے ہیں ، وہ خود گمراہ ہیں۔ ‘‘ پورویش نے کہا ’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ ترقی پر تنقید کرنا سنجے رائوت کا پرانا مرض ہے۔ سنجے رائوت نے نوجوانوں کی توہین کی ہے جسے ہم برداشت نہیں کریں گے۔ ‘‘انہوں نے دھمکی دی کہ ’’ سنجے رائوت کو کیمرے کے سامنے اپنے بیان پر معافی مانگنی ہوگی ۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو اہم شیوسینا اسٹائل میں احتجاج کریں گے۔‘‘ یاد رہے کہ پورویش سرنائیک وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک کے بیٹے ہیں۔
اس دوران بی جے پی کے ترجمان نوناتھ بان نے بھی ٹویٹ کرکے سنجے رائوت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’ لینن کا قول ڈھونڈتے وقت آپ یہ بھول گئے کہ جن نوجوانوں کو آپ ’کند ذہن‘ کہہ رہے ہیںوہ آج اسٹارٹ اپ شروع کر رہے ہیں، چاند پر جا رہے ہیں، صنعتیں چلا رہے ہیں اور وقت آنے پر الیکشن میں آپ جیسے لوگوں کو ان کی جگہ بھی دکھا رہے ہیں۔‘‘ نوناتھ بان نے رائوت کے بیان کو ان کی مایوسی کا ثبوت قرار دیا۔