• Sun, 13 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ کے ۲۸؍ گاڑیوں پر مشتمل قافلے سے شہریوں کو دقت ہوتی ہے: سنجے راؤت

Updated: September 13, 2026, 1:04 PM IST | Mumbai

ان کےمطابق گنپتی کی مورتی کے درشن کیلئے امیت شاہ کو ممبئی نہیں آنا چاہئے۔ بی جے پی کے مطابق سنجے راؤت کو اپنے اراکین پارلیمان کو گننا چاہئے۔

Shiv Sena (Uddhav) spokesperson and MP Sanjay Raut. Photo: INN
شیو سینا ( ادھو) کے ترجمان و رکن پارلیمان سنجے راؤت۔ تصویر: آئی این این

شیو سینا ( ادھو) کے ترجمان و رکن پارلیمان سنجے راؤت نے گنیش اتسو کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ کے ممبئی دورہ پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گنپتی کی مورتی کے درشن کیلئے امیت شاہ کو ممبئی نہیں آنا چاہئے کیونکہ وہ ۲۸؍ گاڑیوں کا قافلہ لے کر چلتے ہیں جس سے شہریوں کو پریشانی ہوتی ہے۔ سنجے راؤت کی اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی ترجمان نوناتھ بن نے کہا کہ سنجے راؤت کو امیت شاہ کے قافلہ کی گاڑیاں گننے کےبجائے اپنے اراکین پارلیمان کو گننا چاہئے۔ 
سنجے راؤت نے گنیش اتسو کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کو شہر کی پولیس فورس اور شہریوں پر ایک غیر ضروری بوجھ قرار دیا۔ 
سنجے راؤت نے کہا کہ گنپتی تہوار کے مصروف ترین ایام میں امیت شاہ کا ممبئی دورہ پولیس پر اضافی بوجھ ڈالتا ہےجو پہلے ہی افرادی قوت کی کمی کا سامنا کر رہی ہے۔ 
انہوں نے سیکوریٹی کے بھاری قافلے پر سوال اٹھاتے ہوئے نشاندہی کی کہ اس میں تقریباً۵۵۰؍  پولیس اہلکار اور۲۸؍ گاڑیاں شامل ہیں اور طنزیہ انداز میں پوچھا کہ اتنی سخت سیکوریٹی کی کیا ضرورت ہے؟
سنجے راؤت نے دعویٰ کیا کہ وزیر داخلہ کے قافلے کیلئے گھنٹوں سڑکیں بند رکھنے سے عام مسافروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سنجے راؤت نے امیت شاہ پر مہاراشٹر کو سیاسی اور معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔ 
بی جےپی کا جواب 
سنجے راؤت کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی چیف ترجمان نوناتھ بن نےبی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنجے راؤت امیت شاہ کے قافلے کی گاڑیاں گننے کے بجائے اپنی پارٹی میں رہ جانے والے کارکنوں، ایم ایل ایز اور ایم پیز کی تعداد گنیں اور پھر دوسروں پر تنقید کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ آپ کے باس( ادھو ٹھاکرے)  گھر پر بیٹھیں گے، اس لئے انہیں سیکوریٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کی پارٹی میں صرف اتنے اراکین پارلیمان رہ گئے ہیں کہ وہ آٹو رکشے میں بیٹھ سکیں۔ نوناتھ بان نے کہا کہ امیت بھائی شاہ نے ہمت دکھائی اور آرٹیکل۳۷۰؍کو ہٹا دیا۔ مودی سرکار نے کشمیر کے ان نوجوانوں کو کام دیا جن کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا۔ ہمارے فوجیوں نے پاکستان کے گھروں میں گھس کر دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ جب کانگریس کی حکومت تھی تو ممبئی میں ہر روز بم دھماکے ہوتے تھے۔ امیت بھائی شاہ جب سے مرکزی وزیر داخلہ بنے ہیں، پچھلے۱۲؍برسوں میں ایک بھی بم دھماکہ نہیں ہوا ہے۔ اسے کہتے ہیں امیت بھائی کی کارکردگی اور قیادت۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK