Inquilab Logo

مرجاؤں گا مگر ہتھیار ڈالوں گا نہ شیو سینا چھوڑوں گا

Updated: August 01, 2022, 11:08 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ای ڈی نے علی الصباح  سنجے راؤت کے بنگلے پردھاوا بولا، ۱۱؍ لاکھ ضبط کرنے کا دعویٰ کیا، گھنٹوں پوچھ تاچھ کی پھر دفتر لے گئی، گرفتاری کا اندیشہ مگر رکن پارلیمنٹ کے تیور جوں  کے توں

Before entering the office of ED, Sanjeer Raut declared that he would not bow down under any circumstances.Picture:PTI
ای ڈی کے دفتر میں داخل ہونے سے قبل سنجے راؤت کسی بھی صورت میں نہ جھکنے کا اعلان کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

شیوسینا سربراہ اُدھوٹھاکرے  کے  دست راست سنجے راؤت   پر اپنا شکنجہ کستے ہوئے  ای ڈی نے اتوار کو علی الصباح  ان کی رہائش گاہ  پر دھاوا بول  دیا۔ صبح ۷؍ بجے  بھانڈوپ میں شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ کے بنگلے پر پہنچ کر ای ڈی افسران  نے  ان سے لگاتار ۹؍ گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی اور پھر  انہیں اپنے ساتھ جنوبی ممبئی میں واقع   ای ڈی کے دفتر لے گئے۔ اپنی گرفتاری کے قوی امکان  کے باوجود   سنجے راؤت نے پہلے ٹویٹس کے ذریعہ پھر ای ڈی کے دفتر کےباہر اکٹھا میڈیا کے سامنے اعلان کیا کہ وہ جھکیں گے نہیں۔
بنگلے پر علی الصباح  چھاپہ
  اپنے خلاف اس کارروائی کو بھونڈی  انتقامی سیاست قرار دیتے ہوئے  سنجے راؤت نےاتوار کو کئے   گئے  ٹویٹ میں بالا صاحب ٹھاکرے کی قسم کھا کر کہا کہ انہوں نے کوئی بدعنوانی نہیں کی ہے اورانہیں  ’’جھوٹے ثبوتوں‘‘ کی بنیاد پر پھنسایا جارہاہے۔   گوریگاؤں کی  پتر ا والا چال  کے ری ڈیولپمنٹ  میں  مبینہ گھوٹالے کے کیس میں  ای ڈی نے سنجے راؤت کو  منی لانڈنگ  کا ملزم بنایا ہے۔ گزشتہ  ۲؍  بار سمن   کے باوجود حاضر نہ ہونے پر اتوار کو صبح ۷؍ بجے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) کے افسر  بھانڈوپ میں  سنجے راؤت کے بنگلہ پرسینٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس ( سی آئی ایس ایف) کے ساتھ  پہنچ گئے۔  ای ڈی کے چھاپے کی اطلاع ملتے ہی  شیوسینا کے ہزاروں کارکن  بھی  ایجنسی کی کارروائی کے خلاف احتجاج  اور نعرہ  بازی کرتے ہوئے وہاں پہنچ گئے اورانہوں نے  اپنے لیڈر کےبنگلے کا گھیراؤکرلیا۔
 سمن کی تعمیل نہ ہونے پر کارروائی: ای ڈی
  ای ڈی کے ذرائع  نے بتایا کہ  بنگلے پر علی الصباح پہنچ کر شیوسینا  لیڈر سے پوچھ تاچھ کی یہ کارروائی   اس لئے کی گئی کہ  انہوں نے ۲۰؍ اور ۲۷؍ جولائی  کےسمن کی تعمیل نہیں کی اور طلب کئے جانے کے باوجود پوچھ تاچھ کیلئے حاضر نہیں ہوئے۔  ایجنسی کا الزام ہے کہ گوریگاؤں میں پترا والا چال کی تعمیر میں نہ صرف قواعد و ضوابطکی خلاف ورزی ہوئی   ہے بلکہ اس سلسلہ میں کروڑوں روپے راؤت کے اہل خانہ اور قریبی لوگوں کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئے ہیں۔
 جھکوں گا نہیں: سنجے راؤت
   سنجے راؤت جنہیں ۹؍ گھنٹہ طویل پوچھ تاچھ کے بعد شام کو جنوبی ممبئی میں ای ڈی کے دفتر  منتقل کیاگیا،نے ای ڈی کے دفتر میں داخل ہونے سے قبل بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ’’ای ڈی مجھے گرفتار کرنے والی ہے۔ میں گرفتار ہوجاؤں گا مگر جھکوں گا نہیں۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ ساری کارروائی ’جھوٹ ‘پر مبنی  ہے جس کا مقصد شیوسینا کو کمزور کرنا ہے۔
 بال ٹھاکرے کی قسم کھائی
 اس سے قبل  جب ای ڈی کے افسران  ان کے گھر پر موجود تھے تب  سنجے راؤت نے  ٹویٹ  کرکے اپنے خلاف کارروائی کو انتقامی سیاست قرار دیا اور کہا کہ ’’ میں آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے کی قسم کھاکر کہتا ہوں کہ میں نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا  اور نہ ہی کسی گھوٹالہ میں ملوث ہوں ، بالا صاحب نے ہمیں لڑنا سکھایا ہے اور میں شیو سیناکا ایک سچا اور ادھو ٹھاکرے کا مخلص سپاہی ہوں انہیں چھوڑ کر نہیں جانے والا۔‘‘ انہوں  نے اعلان کیا کہ ’’چاہے میری جان چلی جائے  نہ تو میں ڈرنے والا ہوں اور نہ خود سپردگی کروں گا ۔‘‘
 مظاہرہ کرنے پر کئی شیوسینک زیر حراست
  پتر ا والا چال معاملہ میں سنجے راؤت یکم جولائی کو ای ڈی کے دفتر میں پیش ہوچکے ہیں جہاں ان سے ۱۰؍ گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK